معدنی وسائل اہم اثاثہ ہیں، شفاف و موثر استعمال اولین ترجیح ہے، عارف احمد زئی

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے محکمہ معدنیات و معدنی ترقی عارف احمد زئی کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کے معدنی وسائل کے موثر استعمال اور ریوینیو میں اضافے کے لیے مختلف سٹریٹجک اقدامات پر غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری محکمہ مائنز اینڈ منرلز ڈاکٹر محمد اسرار اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران صوبائی وزیر کو محکمے کی موجودہ کارکردگی اور ریونیو بڑھانے کے امکانات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبے کے معدنی وسائل کے بہترین اور موثر استعمال کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر خیبر پختونخوا منرل ڈیولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے مجموعی کردار، اس کی افادیت، اور وسائل کے بہتر انتظام کے ذریعے صوبائی آمدنی میں اضافے کے لیے کمپنی کے فعال کردار پر تفصیلی بحث کی گئی۔صوبائی وزیر عارف احمد زئی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معدنیات صوبے کا ایک اہم اثاثہ ہیں اور ان کا شفاف و موثر استعمال حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کمپنی کے کردار اور مستقبل کے لائحہ عمل کو مزید واضح اور جامع بنانے پر زور دیا۔ اس موقع پر خیبر پختونخوا منرل ڈیولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے کردار کی مزید وضاحت اور تفصیلی پلان کے لیے جلد ہی ایک اور اجلاس بلانے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگلے میٹنگ میں ایک جامع پریزنٹیشن پیش کی جائے گی جس کی روشنی میں مناسب عمل درآمد اور آئندہ کی ضروری کارروائی کے لیے سفارشات تیار کی جائیں گی، جس کو حتمی منظوری اور آئندہ کے اقدامات کے لیے وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا اور صوبائی حکومت کو پیش کی جائیں گی

مزید پڑھیں