صوبے میں منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی،وزیر ایکسائز سید فخر جہان کا اچانک دورہ ایکسائز تھانہ پشاور

خیبرپختونخوا کے وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہان نے منگل کے روز ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول تھانہ پشاور کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری ایکسائز و ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول خالد الیاس اور ڈی جی ایکسائز عبدالحلیم خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔صوبائی وزیر نے تھانے میں ریکارڈ، عملے کی حاضری اور مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا جبکہ حوالات کا بھی معائنہ کیا۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منشیات فروشوں اور اس دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق فوری اور سخت کارروائیاں یقینی بنائی جائیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سید فخر جہان نے کہا کہ صوبے میں آئس اور دیگر منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد جاری ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی سطح پر کسی قسم کی رعایت یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان کے ویژن اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں صوبائی حکومت کا عزم ہے کہ خیبرپختونخوا کو منشیات سے پاک صوبہ بنایا جائے تاکہ نئی نسل کو اس تباہ کن لعنت سے محفوظ رکھا جا سکے۔وزیر ایکسائز نے مزید کہا کہ آئس اور دیگر ڈرگز کے ڈیلرز، سپلائرز اور اس مکروہ کاروبار میں ملوث مافیاز کے خلاف سخت سے سخت اقدامات کیے جا ئیں گے اور یہ مہم بلا امتیاز جاری رہے گی۔

مزید پڑھیں