خیبر پختونخوا حکومت کی منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت صوبہ بھر میں منشیات کی اسمگلنگ، خرید و فروخت اور استعمال کے خلاف کامیاب اور مؤثر کارروائیوں کیساتھ ساتھ منشیات کی طلب میں کمی، نوجوان نسل کو محفوظ مستقبل کی طرف گامزن کرنے اور منشیات کے تباہ کن جسمانی، ذہنی، معاشی اور معاشرتی اثرات سے آگاہی کے لیے صوبہ بھر میں شعور بیداری مہم جاری ہے

خیبر پختونخوا حکومت کی منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت صوبہ بھر میں منشیات کی اسمگلنگ، خرید و فروخت اور استعمال کے خلاف کامیاب اور مؤثر کارروائیوں کیساتھ ساتھ منشیات کی طلب میں کمی، نوجوان نسل کو محفوظ مستقبل کی طرف گامزن کرنے اور منشیات کے تباہ کن جسمانی، ذہنی، معاشی اور معاشرتی اثرات سے آگاہی کے لیے صوبہ بھر میں شعور بیداری مہم جاری ہے۔ اس سلسلے میں آگاہی سیمینارز، واکس، کھیلوں کی صحت مند سرگرمیوں اور تعلیمی اداروں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔اسی کڑی کے طور پر فضل الحق کالج مردان میں ایک بڑے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں خالد الیاس، سیکریٹری محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول خیبر پختونخوا نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ سیمینار میں میڈم حفصہ عاشق، پرنسپل کالج خالد خان، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر ضلع مردان، ڈاکٹر ہدایت اللہ ہیڈ اینٹی ڈرگ کمیٹی، عاکف نواز خان سرکل آفیسر مردان، عماد خان ایس ایچ او تھانہ ایکسائز مردان سمیت محکمہ ایکسائز کے دیگر افسران، اہلکاروں، کالج اساتذہ اور طلباء کی کثیر تعداد نے بھرپور شرکت کی۔اس موقع پر سیکریٹری محکمہ ایکسائز نے کالج کی وزیٹر بک میں اپنے تاثرات قلم بند کیے اور سیمینار سے تفصیلی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منشیات نہ صرف ایک فرد بلکہ پورے خاندان، معاشرے اور قوم کے مستقبل کو تباہ کر دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ ہوتی ہے اور اسے منشیات جیسے ناسور سے بچانا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ سیکریٹری ایکسائز نے مزید کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا منشیات کے خلاف صرف قانون نافذ کرنے تک محدود نہیں بلکہ آگاہی، اصلاح اور بحالی کو بھی اپنی پالیسی کا اہم حصہ سمجھتی ہے۔انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ خود کو مثبت سرگرمیوں، تعلیم، کھیل اور تحقیق سے وابستہ رکھیں اور منشیات کے خلاف آواز بلند کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ آگاہی ہی وہ مؤثر ہتھیار ہے جس کے ذریعے منشیات کی طلب میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔سیمینار کے دوران سیکریٹری ایکسائز نے منتخب طلباء سے ملاقات کی اور انہیں باقاعدہ طور پر ایکسائز اینٹی ڈرگ ایمبیسیڈرز کے بیجز لگائے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ یہ اینٹی ڈرگ ایمبیسیڈرز نہ صرف اپنے تعلیمی ادارے بلکہ دیگر کالجز، اسکولز اور عوامی مقامات پر منشیات کے نقصانات کے حوالے سے آگاہی مہم چلائیں گے اور نوجوانوں کو منشیات سے دور رہنے کا پیغام دیں گے۔
بعد ازاں سیکریٹری محکمہ ایکسائز نے کالج میں زیتون کا پودا بھی لگایا، جو امن، صحت مند زندگی اور روشن مستقبل کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح درخت آنے والی نسلوں کے لیے سایہ اور ثمر فراہم کرتے ہیں، اسی طرح آج کی آگاہی مہمات مستقبل کی نسلوں کو منشیات سے محفوظ رکھنے میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔سیمینار کے اختتام پر شرکاء نے منشیات کے خلاف عملی کردار ادا کرنے اور ایک صحت مند، محفوظ اور خوشحال معاشرے کے قیام کے عزم کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں