خاتون محتسب خیبر پختونخوا روباب مہدی نے جمعہ کے روز چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ سے ملاقات کی، جس میں دفاتر میں ہراسانی کی روک تھام اور خواتین کی جائیداد سے متعلق حقوق کے تحفظ کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں صوبے کے تمام ڈویژنل کمشنرز نے آن لائن شرکت کی۔ اس موقع پر خاتون محتسب کے دفتر کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں زیرِ سماعت مقدمات، اہم کامیابیاں اور خواتین کے وقار اور قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے مستقبل کا لائحہ عمل پیش کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ خاتون محتسب کا دفتر شفاف طریقے سے اور بلا معاوضہ تیز انصاف فراہم کر رہا ہے۔ جولائی سے دسمبر 2025 کے دوران مجموعی طور پر 509 مقدمات نمٹائے گئے جبکہ 8 ہزار 520 سماعتیں کی گئیں۔ زیرِ التوا مقدمات میں واضح کمی آئی ہے، جبکہ نئی شکایات کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، جو خواتین کے تحفظ کے لیے حکومتی نظام پر عوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔مزید بتایا گیا کہ رمضان سے قبل پشاور، مردان، صوابی، ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں متعلقہ کمشنرز کے تعاون سے کھلی کچہریاں منعقد کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ 12 فروری کو منائے جانے والے قومی یومِ خواتین کے موقع پر صوبے بھر کے ڈویژنل سطح پر آگاہی سیمینارز بھی منعقد کیے جائیں گے۔
