پبلک اکاؤنٹس کمیٹی برائے صحت کا اجلاس — مالی امور و آڈٹ رپورٹس کا تفصیلی جائزہ-

خیبر پختونخوا اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی برائے صحت کا اجلاس بدھ کے روز صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ پشاور کے رحمان بابا کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین و رکن صوبائی اسمبلی ادریس خٹک نے کی، جبکہ کمیٹی کے ممبران انور خان، عبدالسلام آفریدی، مخدوم آفتاب، سیکرٹری صحت بمع متعلقہ عملہ، ڈائریکٹر آڈٹ، فنانس ڈیپارٹمنٹ، لا ڈیپارٹمنٹ اور صوبائی اسمبلی کے افسران بھی اجلاس میں شریک تھے۔ اجلاس میں مالی سال 2018-19 کے دوران محکمہ صحت سے متعلق آڈٹ اعتراضات اور مالی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کمیٹی نے محکمہ صحت سے متعلق آڈٹ پیراز کا باریک بینی سے معائنہ کیا اور متعلقہ حکام سے ضروری وضاحتیں طلب کیں۔ بعض اہم آڈٹ پیراز پر کارروائی کرتے ہوئے کمیٹی نے متعلقہ ذمہ داران کے خلاف محکمانہ انکوائریاں اور ریکوریز کے احکامات جاری کیے، جبکہ چند معمولی نوعیت کے پیراز کو پی اے سی فورم نے سیٹل کر دیا۔ اجلاس میں محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی گئی کہ آئندہ ورکنگ پیپرز کے ساتھ ڈی ایس سی میٹنگز کے منٹس بھی لازمی منسلک کیے جائیں تاکہ ریکارڈ کی شفافیت اور تکمیل یقینی بنائی جا سکے۔صوبائی اسمبلی کے سیکرٹری کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ حکومت مالی نظم و ضبط کے استحکام اور شفافیت کے فروغ کے لیے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاسوں کو نہایت اہمیت دیتی ہے۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ پی اے سی کے پلیٹ فارم کے ذریعے محکموں کی مالی کارکردگی میں بہتری، غلطیوں کی نشاندہی اور وسائل کے موثر استعمال کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جاتے ہیں، جو اچھی حکمرانی کو عملی شکل دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں