Home Blog Page 2

زیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ علم و تحقیق کا حصول نہ صرف ایک بنیادی انسانی فریضہ ہے بلکہ اسلامی تعلیمات کی روشنی میں ایک مقدس ذمہ داری بھی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے رحمان میڈیکل انسٹیٹیوٹ حیات آباد کے زیر اہتمام منعقدہ ”انٹرنیشنل کانفرنس برائے ہیلتھ ریسرچ 2025” سے خطاب کے دوران کیا۔ کانفرنس میں ملک بھر سے اسکالرز، طلبہ، ماہرین صحت اور محققین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یہ سالانہ تقریب صحت کے شعبے میں تحقیق کو فروغ دینے کے لیے منعقد ہوتی ہے۔ اس سال کانفرنس میں پاکستان اور بیرون ملک سے 500 سے زائد تحقیقی مکالمے جمع ہوئے، جبکہ 2000 سے زیادہ رجسٹریشنز اور 55 سے زائدکانفرنس ورکشاپس منعقد ہوئیں۔ کانفرنس ہائبرڈ فارمیٹ میں ہوئی، جس میں روس، افریقہ،برطانیہ اور اٹلی کے معروف مقرررین نے شرکت کی۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے قرآن مجید اور نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں پر علم کے نئے افق تلاش کرنا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ علم ایک مقدس امانت ہے اور تہذیبوں کی ترقی اور زوال کا انحصار بھی علم پر ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ محققین پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ استدلال کے ذریعے کائنات کے پوشیدہ رازوں کی جستجو کریں۔ انہوں نے قرآن کریم میں کائنات کے مسلسل وسعت پذیر ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسلسل فکری جستجو انسانیت کی بہتری کے لیے ضروری ہے۔انسانی فکر کی تاریخی ارتقاء کا ذکر کرتے ہوئے بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے تاریخی مادیت (Historical Materialism) اور جدلیاتی عمل (Dialectical Process) جیسے فلسفیانہ نظریات کا حوالہ دیا اور کہا کہ فکری ترقی سوالات اور جوابات کے تسلسل کا نتیجہ ہے۔انہوں نے ترقی پذیر ممالک میں تحقیق اور عملی اطلاق کے درمیان پائے جانے والے خلا پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے طرز حکمرانی کی خامیوں سے تعبیر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مسئلہ صرف شعبہ صحت تک محدود نہیں بلکہ زندگی کے تمام شعبہ جات کو متاثر کر رہا ہے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے علم کی تجارت کاری (Commercialization) پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مادی مفادات اجتماعی اور اخلاقی ذمہ داریوں پر غالب آنا شروع ہو گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ، ”ہم ایسے دور میں جی رہے ہیں جہاں معاشی مفادات نے اجتماعی ترقی کے جذبے کو پس پشت ڈال دیا ہے۔”علامہ اقبال کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے نئے افکار (افکار تازہ) کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ ترقی یافتہ تہذیبیں ہمیشہ نئے نظریات کی مرہون منت ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن بار بار غور و فکر، تدبر اور تعقل کی دعوت دیتا ہے اور ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے علم و عقل کو انسانیت کی بھلائی کے لیے استعمال کریں۔حکومتی کردار پر بات کرتے ہوئے بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے صحت کے شعبے میں حالیہ اقدامات کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ گردے، جگر، بون میرو ٹرانسپلانٹ اور کوکلیئر امپلانٹ جیسے مہنگے علاج اب حکومت کی مالی معاونت سے عام لوگوں کے لیے دستیاب ہوں گے۔کانفرنس میں ملک بھر سے ماہرین اور محققین نے شرکت کی، جس کا مقصد تحقیق اور عملی اطلاق کے درمیان موجود خلاء کو ختم کرنے کے لیے جدید طریقوں پر غور کرنا تھا

صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امورصاحبزادہ محمد عدنان قادری کا سندھ میں پھنسے ٹرانسپورٹرز کے لئے اظہارِ تشویش

خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اوقاف و مذہبی امور صاحبزادہ محمد عدنان قادری نے سندھ کے علاقے ببرلو بائی پاس، سکھر میں جاری وکلاء دھرنے کے باعث خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے ٹرانسپورٹرز کی زبوں حالی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ اتوار کو اپنے آفس سے ایک خصوصی بیان جاری کرتے صوبائی وزیر نے کہا کہ کینال ایشوز پر احتجاج اور دھرنے کی آڑ میں معصوم اور محنت کش ڈرائیورز کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔اپنے بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ ڈرائیورز دن کو چوروں اور رات کو ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر ہیں۔ دن دیہاڑے لوڈ ڈ گاڑیوں سے بیٹریاں، موبائل فونز اور نقدی لوٹنے کے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں، اور انتظامیہ کی جانب سے کوئی موثر کارروائی دیکھنے میں نہیں آ رہی۔عدنان قادری نے کہا کہ زیادہ تر متاثرہ ڈرائیورز کا تعلق بالعموم خیبرپختونخوا اور بالخصوص ضلع خیبر سے ہے، جو اس وقت 45 ڈگری گرمی میں سڑکوں پر گاڑیوں کے ساتھ بے یار و مددگار پڑے ہیں۔ انہوں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فوری ایکشن لے اور غریب ٹرانسپورٹرز کو اس اذیت سے نجات دلائے۔صوبائی وزیر نے وفاقی حکومت کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ وفاق اور سندھ حکومت کی سیاسی چپقلش کا خمیازہ خیبرپختونخوا کے محنت کش ڈرائیورز بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہروں کے پانی سے لوگ بعد میں متاثر ہوں گے، جبکہ ہمارے ڈرائیورز پر زمین ابھی سے تنگ کر دی گئی ہے۔آخر میں عدنان قادری نے پختونخوا کی وکلاء برادری سے اپیل کی کہ وہ ببرلو بائی پاس میں جاری دھرنے میں پھنسے ڈرائیورز کے نکالنے میں اپنا انسانی و قانونی کردار ادا کریں تاکہ یہ افراد اپنے گھروں کو بخیریت واپس لوٹ سکیں۔

وزیر اعلی خیبر پختونخواکے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے

وزیر اعلی خیبر پختونخواکے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ مودی سرکار کے فالس فلیگ آپریشن کا پول خود بھارت میں کھل رہا ہے۔ بھارت کی اہم سیاسی، صحافتی اور سماجی شخصیات اس فلاپ ڈرامے کو بے نقاب کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی اپوزیشن سمیت سیاسی حلقے اس کمزور اسکرپٹ کو سچ تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ بھارتی عوام میں اب شعور بیدار ہو چکا ہے اور وہ مودی کے ڈراموں پر مزید یقین نہیں کرتے۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ مودی اپنی گرتی ہوئی مقبولیت کو واپس حاصل کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں اور ان کا ٹریک ریکارڈ قتل و غارت پر مبنی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کے مہم جوئی کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ موجودہ سنگین حالات میں عمران خان جیسی مقبول اور دلیر قیادت کی ضرورت ہے۔انہوں نے فارم 47 کی بنیاد پر قائم موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اسے نہ قانونی حیثیت حاصل ہے اور نہ ہی عوامی حمایت۔بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے کہا کہ فارم 47 پر بننے والے وزیر دفاع خواجہ آصف میں درکار صلاحیت موجود نہیں ہے۔ اس وقت ملک کو اصلی مینڈیٹ کی ضرورت ہے جس کو عوام نے منتخب کیا ہو نہ کہ چور دروازے سے آئے ہوں

خیبر پختونخوا کے وزیرخوراک ظاہر شاہ طورونے اپنے حلقے میں

خیبر پختونخوا کے وزیرخوراک ظاہر شاہ طورونے اپنے حلقے میں ترقیاتی منصوبوں کی تیزی سے تکمیل کی روایت برقرار رکھتے ہوئے ولیج کونسل غلہ ڈھیر میں سیرئے کورونہ روڈ کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ منصوبے پر دو کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ افتتاحی تقریب میں صدر ویلج کونسل غلہ ڈھیر فیض محمد، نورمحمد سمیت پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز،علاقے کے معززین اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ علاقے کے لوگوں نے وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ سڑک برسوں سے عوام کی بنیادی ضرورت تھی، جس کی تعمیر سے اب ہزاروں افراد کو سفر میں سہولت حاصل ہوگی۔ اس موقع پر وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے حلقے سمیت صوبے کے تمام علاقوں میں بنیادی سہولیات فراہم کرنا اور عوام کا معیار زندگی بہتر بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔اُنہوں نے کہا کہ علاقے کی ترقی کے لئے مزید منصوبے بھی جلد شروع کیے جائیں گے۔ علاقہ عمائدین نے اس ترقیاتی قدم پر حکومت خیبرپختونخوا اور خاص طور پر ظاہر شاہ طورو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

صوبائی وزیر برائے لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان نے اپنے حجرہ

صوبائی وزیر برائے لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان نے اپنے حجرہ مکان باغ سوات میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ کھلی کچہری کا مقصد عوام کے مسائل براہ راست سننا، ان کے فوری حل کو یقینی بنانا اور حکومت اور عوام کے درمیان فاصلے کو کم کرنا تھا۔ فضل حکیم خان نے کھلی کچہری کے دوران شہریوں کے مسائل سنے اورمتعدد شکایات کا فوری ازالہ کیا جبکہ بعض معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کیں۔ صوبائی وزیر فضل حکیم خان نے واضح کیا کہ عوامی خدمت کو سیاست کا محور بنانا ہی پاکستان تحریک انصاف کی پہچان ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کھلی کچہری قائد عمران خان کے اُس خواب کی تعبیر ہے جس میں عوام کی عزت اور ان کے حقوق کی پاسداری کو ترجیح دی جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ ہمارا مشن عوام کو حکمرانی میں شراکت دار بنانا ہے تاکہ ایک شفاف، جوابدہ اور عوام دوست نظام قائم ہو۔ عوامی مسائل کا بروقت اور منصفانہ حل ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول میں کوئی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ فضل حکیم خان نے کہا کہ عوام سے براہ راست رشتہ ہمارے عزم اور وژن کی بنیاد ہے۔ ہماری ترجیح عوامی مسائل کا فوری ادراک اور ان کے حل میں شفافیت رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ترقی، انصاف، اور خوشحالی اسی وقت ممکن ہے جب عوام کی آواز براہ راست سنی جائے اور ان کی توقعات پر پورا اتراجائے جس کے لئے ہماری قیادت ہر سطح پر عوام سے مسلسل رابطے میں ہے۔عوام سے براہ راست تعلق نہ صرف ہماری پالیسیوں کی رہنمائی کرتا ہے بلکہ ایک مضبوط، بااعتماد، اور خوشحال معاشرے کی تعمیر میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی اعتماد ہی ہمارا اصل سرمایہ ہے اور اس سرمائے کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔اس موقع پرعوام نے فضل حکیم خان کی عوام دوست پالیسیوں، دروازے ہر وقت عوام کے لیے کھلے رکھنے اور فوری عملدرآمد کے انداز کو خراج تحسین پیش کیا۔ صوبائی وزیر نے اعادہ کیاکہ وہ قائد عمران خان کے وژن کے مطابق عوام کی خدمت کو اپنی سیاست کا مرکز بنائے رکھیں گے اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔

صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت فضل شکورخان کی ہدایت پر ورکرز ویلفیئر بورڈ کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری

صوبے کی مختلف صنعتوں میں کام کرنے کرنے والے 17 خوش نصیب مزدور مفت حج کیلیے منتخب
امسال 1578 بچوں اور بچیوں کی اعلیٰ تعلیم کے لئے 62 کروڑ 75 لاکھ روپے جاری کیے گئے،ر پورٹ
خیبر پختونخوا کے وزیر برائے محنت و افرادی قوت فضل شکورخان کی ہدایات پر ورکرز ویلفیئر بورڈ نے سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دیا۔مالی سال 25-2024 رپورٹ کے مطابق ورکرز ویلفیئر بورڈ کی حج کمیٹی نے قرعہ اندازی کے ذریعے صوبے کی مختلف صنعتوں میں کام کرنے والے 17 خوش نصیب مزدوروں کو مفت حج کرانے کے لئے منتخب کیا ہے جس کی کل لاگت تقریباً 1کروڑ 88 لاکھ روپے ہے جبکہ فی کس تقریباً 11 لاکھ پانچ ہزار روپے خرچہ آئے گا۔ رپورٹ کے مطابق مزدوروں کی میرج گرانٹ میں 341 کیسز کے لئے 13 کروڑ 1لاکھ روپے اور ڈیتھ گرانٹ کے 44کیسز کے لئے3 کروڑ روپے جاری کئے گئے۔ طلباء سکالرشپ کی مد میں صوبے کے مختلف اعلیٰ تعلیمی اداروں سے میڈیکل، انجینئرنگ، بزنس ایڈمنسٹریشن اور دیگر پروگرامز میں تعلیم حاصل کرنے والے 1578 بچوں اور بچیوں کے لئے62 کروڑ 75 لاکھ روپے جاری کیے گئے ہیں۔ ان میں سے1009 طلباء زیر تعلیم جبکہ 569 طلباء تعلیم مکمل کر چکے ہیں۔اسی طرح نئے داخل ہونے والے تقریبا2314 طلباء کے لئے سکالرشپ صوبائی سکروٹنی کمیٹی کی منظوری کے بعد دی جائیں گی۔رپورٹ کے مطابق صوبے میں ورکرز ویلفیئر بورڈ کے 7میٹرک ٹیک انسٹیٹیوٹس میں سال 25-2024 کے دوران میٹرک کے فنی تعلیم میں 688 طلباء نے داخلہ لیا جن میں سے 622 نے امتحان پاس کیا اور نتیجے کا مجموعی تناسب 90.25 فیصد رہا۔ 8مونو ٹیک انسٹی ٹیوٹس میں 1414طلباء نے ایسوسی ایٹ انجینئرنگ ڈپلومہ میں داخلہ لیاجن میں 1234 پاس ہوئے اورنتیجے کا تناسب 87.24فیصد رہا جبکہ الیکٹرک کے مختصر کورسز میں 2220 طلباء نے داخلہ لیا اور تمام نے امتحان میں کامیابی حاصل کی۔3پولی ٹیک انسٹیٹیوٹس میں کل 4322طلباء نے امتحانات میں حصہ لیاجن میں میں 4076طلباء نے کامیابی حاصل کی اور مجموعی طور پر92.50فیصد نتیجہ رہا۔ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے زیر انتظام ورکنگ فالکس گرائمر سکولوں میں سال 25-2024 میں 21587 طلباء نے داخلہ لیا جبکہ سال 26 -2025 میں مزید 300نئے داخلے ہوں گے۔رواں سال ان سکولوں نے بورڈ امتحانات میں بہترین نتائج دیئے۔میٹرک امتحانات میں 1220 طلباء میں سے 1141 پاس ہوئے اور نتیجہ 94فیصد رہا جبکہ انٹرکے امتحانات میں 464طلباء میں سے445 نے کامیابی حاصل کی اورنتیجہ 96فیصد رہا۔رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق ورکرز ویلفیئر بورڈ نے ان سکولوں میں سال 25-2024 ک لئے کتابوں، یونیفارم اور ٹرانسپورٹ کی مد میں تقریباً 19 کروڑ 17 لاکھ روپے جاری کئے۔

مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ

خیبر پختونخوا کابینہ کا 31 واں اجلاس جمعرات کے روز وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈا پور کی زیر صدارت پشاور میں منعقد ہوا جس میں کابینہ اراکین، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹریز، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، انتظامی سیکرٹریز اور ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے شرکت کی۔اجلاس کی تفصیلات بتاتے ہوئے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈا پور نے پہلگام واقعہ کے بعد بھارتی حکومت کے رویے کی شدید مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ واقعے کے تناظر میں بھارتی حکومت کا جارحانہ رویہ افسوسناک اور ناقابل برداشت ہے، ہم بھارت کے کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے ہر طرح سے تیار ہیں، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ مودی سرکار ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پہلگام واقعے کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے اور یہ واقعہ بھارتی حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہارکیا اور کہا کہ بھارتی حکومت اپنی نااہلی چھپانے کے لئے پاکستان کے خلاف زہر اگل رہی ہے،اگر بھارتی حکومت اس واقعے کی آڑ میں کسی بھی جارحیت کی کوشش کی تو اسے بھاری قیمت چکانی پڑے گی،ملک کی سا لمیت اور قومی مفاد کے لئے ہم سب متحد ہیں اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی کے لئے تیار ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت کا جارحانہ رویہ ہمیشہ سے خطے کے امن کے لئے خطرہ رہا ہے۔کابینہ کے فیصلوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا کہ کابینہ نے خیبرپختونخوا چیریٹیز ایکٹ 2019 کے سیکشن 12 میں ترامیم کے لیے مجوزہ بل کی منظوری دے دی ہے۔ اس ترمیم کے تحت خیراتی اداروں کی رجسٹریشن ہر دو سال بعد ازسرنو کی جائے گی۔اسی طرح کابینہ نے ویسٹ پاکستان لینڈ ریونیو رولز 1968 میں ایک نیا حصہIX-Aشامل کرنے کی منظوری دی، جو کہ ویسٹ پاکستان لینڈ ریونیو ایکٹ 1967 کے سیکشنز 121، 122(2)، 129(1)، 148 اور 182 کی روشنی میں کیا گیا ہے۔ اس نئی ترا میم میں زمین کی حد بندی اور ناجائز قابضین کی بے دخلی سے متعلق اصول وضع کیے گئے ہیں۔کابینہ نے خیبرپختونخوا آئی ٹی بورڈ کے دو ممبران کی تقرری کی منظوری بھی دی۔ علاوہ ازیں، کابینہ نے خیبرپختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کو بچت شدہ فنڈز میں سے 2 کروڑ 50 لاکھ روپے کی رقم تنخواہوں اور دفتری اخراجات کے لیے استعمال کرنے کی اجازت دی۔کابینہ نے پشاور بی آر ٹی سروسز کی رواں مالی سال میں بلا تعطل روانی کے لیے ایک ارب روپے کی سبسڈی/گرانٹ کی منظوری بھی دی۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ کابینہ نے خیبرپختونخوا اسمبلی کی منظور شدہ مشترکہ قرارداد نمبر 132 کو وفاقی حکومت کو بھیجنے کی منظوری دی، جس میں کہا گیا ہے کہ ”خیبرپختونخوا اسمبلی مجوزہ ترامیم برائے پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) کو قطعی طور پر مسترد کرتی ہے کیونکہ یہ آزاد صحافت اور اظہار رائے کی آزادی کے اصولوں کے منافی ہے۔ اسمبلی صحافتی برادری کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور صحافتی آزادی پر پابندی اور ان کو دبانے کی کسی بھی کارروائی کی شدید مذمت کرتی ہے۔ ہم صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وفاقی حکومت کو سفارش کرے کہ ان تمام متنازعہ، غیر جمہوری اور جابرانہ ترامیم کو واپس لیا جائے۔”بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے بتایا کہ کابینہ نے سوشل ویلفیئر، سپیشل ایجوکیشن اور ویمن ایمپاورمنٹ ڈیپارٹمنٹ سے متعلق بزنس رولز 1985 میں ترمیم کی منظوری دی، جس کے تحت یہ محکمہ ہر سال جینڈر پیرٹی کی رپورٹ صوبائی اسمبلی کے سامنے پیش کرے گا۔

صحت کارڈ” ٹرانسپلانٹ اینڈ ایمپلانٹ” کے تحت حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں گردوں کی پیوندکاری اور قوتِ سماعت کی بحالی کا کامیاب آغاز

مشیر صحت خیبرپختونخوا احتشام علی نے ایم ٹی آئی حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں ”ٹرانسپلانٹ اینڈ ایمپلانٹ” صحت کارڈ سکیم کے تحت گردوں کی پیوندکاری اور قوتِ سماعت کی بحالی (کواکولر ایمپلانٹ) سروسز کا باقاعدہ افتتاح کیا۔اس موقع پر مختصر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں بچوں کو سماعت کی مشینیں لگائی گئیں اور دو مریضوں کے کامیاب گردوں کے ٹرانسپلانٹ کیے گئے۔ ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر فیصل شہزاد نے مشیر صحت کو سروسز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔احتشام علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں حکومت صحت کی سہولیات کو عام آدمی کی دہلیز تک پہنچانے کے مشن پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سکیم عوام کے لیے نئی زندگی کی نوید ہے۔اس موقع پر مشیر صحت نے گردوں کے ٹرانسپلانٹ شدہ مریضوں کی عیادت کی جنہوں نے وزیراعلیٰ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے دوران بچوں کو کواکولر ایمپلانٹ مشینز لگائی گئیں جنہوں نے پہلی بار اردگرد کی آوازیں سن کر ردِعمل دیا۔مشیر صحت نے کہا کہ اب تک ای این ٹی ڈیپارٹمنٹ میں 15 بچوں کو یہ جدید سماعتی آلات لگائے جا چکے ہیں۔ یہ سہولت ”ٹرانسپلانٹ اینڈ ایمپلانٹ” کارڈ کا مستقل حصہ بن چکی ہے۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیراہتمام تبدیل ہونے والے ڈائریکٹر جنرل عبدالناصر خان اور نو تعینات ڈی جی سپورٹس تاشفین حیدر کے اعزاز میں تقریب

صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہان نے تبدیل ہونے والے ڈی جی سپورٹس کے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام جمعرات کے روز تبدیل ہونے والے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس عبدالناصر خان کو الوداعی اور نو تعینات ڈی جی سپورٹس تاشفین حیدر کے اعزاز میں ویلکم پارٹی کا انعقاد کیا گیا جسمیں خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہان کے علاؤہ سیکرٹری سپورٹس خیبر پختونخوا ضیائالحق،سابق ڈی جی عبدالناصر خان،نئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر اور ڈائریکٹریٹ سپورٹس کے افسران سمیت دیگر ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر کھیل خیبر پختونخوا سید فخر جہان نیسپورٹس کے شعبہ میں عبدالناصر خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی سربراہی میں صوبے میں سپورٹس کو بہت فروغ حاصل ہوا اور محکمہ کھیل کے لیے انکے گراں قدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انھوں نیکہا کہ سرکاری ملازمت خلوص سے فرائض کی ادائیگی کا ذریعہ اور عام آدمی کی مشکلات اور شکایات کے ازالہ کا بہترین موقع بھی فراہم کرتا ہے جبکہ مخلوق خدا کی خدمت سے اللہ اور اس کے رسول کی خوشنودی حاصل کرنے کا اس سے بہترین کوئی اور ذریعہ نہیں ہے۔ تقریب سے سیکریٹری سپورٹس محمد ضیاء الحق اور دیگر مقررین نے کہا کہ خود کوحقیقی معنوں میں عوام دوست سرکاری ملازم سمجھ کر مسائل کے حل کیلئے صدق دل سے اقدامات کرنے والوں کو لوگ ہمیشہ قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ہمارا اصل اثاثہ بھی یہی ہے کہ عام آدمی ہماری تعیناتی کے دوران اور ٹرانسفر کی صورت میں اچھے لفظوں میں یاد رکھیں۔مقررین نے کہا کہ ٹرانسفر ہونے والے ڈی جی عبد الناصر خان کا شمار خیبر پختونخوا کے قابل افسران میں ہوتا ہے اور محکمہ کھیل کے لیے انکے گراں قدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا انھوں نے کہا کہ ٹرانسفر ہونے والے ڈائریکٹر جنرل نے تعیناتی کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور صوبہ میں کھیلوں کے فروغ کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے وہ آج سپورٹس کا بہترین انفراسٹرکچر چھوڑ کر جارہا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محکمہ کھیل خیبر پختونخوا سے تبدیل ہونے والے ڈی جی عبدالناصر خان نے کہا کہ دوران تعیناتی سربراہان سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا اور فرائض کی ادائیگی کے سلسلے میں بھرپور تعاون اور رہنمائی حاصل رہی جس پر میں محکمہ کے تمام ملازمین کا شکر گزار ہوں،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نو تعینات ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر نے کہا کہ محکمہ سپورٹس کی بہتری کے لئے دن رات کام کریں گے اور عبد الناصر خان کے مشن کو پورا کریں گے۔ اخر میں وزیر کھیل سید فخر جہان نے عبد الناصر خان کو سوینئر پیش کیا۔

ڈائریکٹر جنرل یورپی سول پروٹیکشن اینڈ ہیومینیٹیرین ایڈ کی چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا سے ملاقات

یورپی سول پروٹیکشن اینڈ ہیومینیٹیرین ایڈ آپریشنز کے ڈائریکٹر جنرل، آندریاس پاپا کانسٹانٹینو نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا، شہاب علی شاہ سے پشاور میں ملاقات کی۔ملاقات میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم اینڈ ٹرائبل افیئرز اور سیکرٹری ریلیف بھی موجود تھے۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور, پائیدار ترقی کے لئے مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر حکومت خیبرپختونخوا کی جانب سے یورپی یونین کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔