Home Blog Page 213

ججز کی تعیناتی یکطرفہ ہے، جسے ہم مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں، بیرسٹر ڈاکٹر سیف

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے بعد سپریم کورٹ میں ججز کی تعیناتی بھی متنازع ہو گئی ہے۔ دو سینئر ترین ججز اور اپوزیشن کے سینئر ارکان کی عدم موجودگی میں ججز کی تقرری غیر آئینی ہے۔ ججز کی تعیناتی یکطرفہ ہے، جسے مسترد کر تے ہیں۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ اس غیر آئینی اقدام کے خلاف تمام قانونی اور آئینی راستے اپنائے جائیں گے۔جیسی نامکمل پارلیمان ہے، ویسے ہی نامکمل جوڈیشل کمیشن ہے اس کے فیصلے قابل قبول نہیں ہیں غیر آئینی اقدامات جعلی حکومت کا وطیرہ بن چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جعلی حکومت نے 26ویں آئینی ترمیم کے ذریعے عدلیہ کی آزادی سلب کر لی ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وکلا برادری سے اپیل کی کہ اس غیر آئینی اقدام کے خلاف وہ متحدہو کر جدوجہد کریں کیوں کہ ججز کی تقرری کو متنازع بنا کر اعلیٰ عدلیہ کی ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور پاکستان تحریک انصاف اس غیر آئینی فیصلے کا بھرپور مقابلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جعلی وفاقی حکومت ملکی اداروں کی جڑیں کاٹ رہی ہے اس کو ریاستی ادارے کمزور کرنے میں ہی اپنی عافیت نظر آتی ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ جعلی حکومت کے اس قسم کے فیصلے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف جعلی حکومت کے ہر غیر آئینی اور غیر قانونی اقدامات کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔

نیشنل اینیمل ہیلتھ، ویلفیئر اور ویٹرنری پبلک ہیلتھ بل 2024 کے مسودے پر غور کے لیے اہم اجلاس

نیشنل اینیمل ہیلتھ، ویلفیئر اور ویٹرنری پبلک ہیلتھ بل 2024 کے مسودے پر غور و خوض کے لیے خیبر پختونخوا کابینہ کی تشکیل کردہ کمیٹی کا اجلاس

وزیر برائے لائیو سٹاک، ماہی پروری و کوآپریٹو فضل حکیم خان یوسفزئی کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر زراعت میجر ر سجاد بارکوال، وزیر قانون آفتاب عالم ایڈوکیٹ، ایڈوکیٹ جنرل خیبر پختونخوا شاہ فیصل اتمان خیل، سیکرٹری لائیو سٹاک فخر عالم، اور ڈی جی لائیو سٹاک شعبہ توسیع ڈاکٹر اصل خان نے شرکت کی۔اجلاس میں مجوزہ بل پر تفصیلی گفتگو کی گئی، جس میں خاص طور پر اس بات کا جائزہ لیا گیا کہ موجودہ صوبائی قوانین اور وفاقی بل کے درمیان کن نکات میں مماثلت یا تضاد پایا جاتا ہے۔ شرکاء نے اس بات پر بھی بحث کی کہ اگر صوبائی سطح پر کسی ایکٹ میں کوئی کمی ہو تو وفاقی بل کے اطلاق کے نتیجے میں صوبائی خودمختاری پر کیا اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ 18ویں ترمیم کے بعد صوبائی سطح پر ایسے قوانین پہلے سے موجود ہیں جو جانوروں کی صحت، فلاح و بہبود اور عوامی صحت کے تحفظ کو یقینی بناتے ہیں۔ تاہم، اس بات پر زور دیا گیا کہ مجوزہ بل کو مزید بہتر طور پر جانچنے اور اس کی قانونی حیثیت کو مضبوط بنانے کے لیے محکمہ قانون کی خدمات حاصل کی جائیں۔شرکاء نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ جامع قانون سازی کے ذریعے نہ صرف جانوروں کی دیکھ بھال اور فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جا سکتا ہے بلکہ عوامی صحت اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے بھی مؤثر اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔یہ اجلاس خیبر پختونخوا کی حکومت کی جانب سے قانون سازی کے عمل میں شفافیت اور مؤثریت کو یقینی بنانے کی ایک اور اہم کاوش ہے۔ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بل پر تمام اسٹیک ہولڈرز کی رائے کو شامل کیا جائے گا تاکہ ایک جامع اور مؤثر قانونی فریم ورک تشکیل دیا جا سکے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی ملک لیاقت خان

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی ملک لیاقت خان اور نو تعینات انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کی ملاقات۔معاون خصوصی نے نو تعینات آئی جی پی کو نئی ذمہ داریوں ملنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ملاقات میں صوبہ بھر اور خصوصا ضلع دیر میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔معاون خصوصی نے ضلع دیر میں جاری مختلف پولیس سٹیشن کی تعمیر اور نئی پولیس بلڈنگ کی ضرورت سے آگاہ کیا۔ملک لیاقت خان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پولیس فورس کی قربانیوں کو سراہا۔انہوں نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا پولیس نے دہشت گردی کیخلاف فرنٹ لائن پر جنگ لڑی ہے ور امن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔انکا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کا اولین فریضہ صوبہ میں امن لانا ہے اور اس حوالے سے پولیس فورس کو مظبوط بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں قانون سازی کو مزید مؤثر بنانے کے لئے صوبائی کابینہ کی تشکیل کردہ کمیٹی کا اجلاس

خیبر پختونخوا میں قانون سازی کو مزید مؤثر بنانے کے لئے صوبائی کابینہ کی تشکیل کردہ کمیٹی کا اجلاس منگل کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت خیبر پختونخوا کے وزیرِ قانون آفتاب عالم ایڈوکیٹ نے کی، جبکہ کمیٹی کے اراکین، مشیر خزانہ و بین الصوبائی رابطہ مزمل اسلم اور مشیرِ انٹی کرپشن بریگیڈیئر (ر) مصدق عباسی، بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں ایڈوکیٹ جنرل خیبر پختونخوا شاہ فیصل اُتمان خیل بھی موجود تھے۔ اس کے علاوہ اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات و تعلقاتِ عامہ ارشد خان، سیکرٹری قانون سعید احمد ترک، سیکرٹری بورڈ آف ریونیو محمد ارشاد، سیکرٹری صحت شاہد اللہ خان، سی ای او سوشل ہیلتھ پروٹیکشن انیشی ایٹو ڈاکٹر ریاض تنولی سمیت محکمہ داخلہ، محکمہ قانون اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ”خیبر پختونخوا سینٹنسنگ ایکٹ 2021” میں مجوزہ ترامیم پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور اس کے تحت بننے والی مجوزہ ”خیبر پختونخوا سینٹنسنگ کونسل”کے قیام کے حوالے سے مختلف آرا پیش کی گئیں۔ اس کے علاوہ ”یونیورسل ہیلتھ کوریج ایکٹ 2022” میں مجوزہ ترامیم پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی، تاکہ صحت کی سہولیات کی فراہمی کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ مؤثر قانون سازی ایک منظم اور شفاف حکومتی نظام کی ضمانت فراہم کرتی ہے، جس کے ذریعے صوبائی حکومت کے اختیارات اور ذمہ داریوں کا واضح تعین ممکن ہوتا ہے۔ اس کے نتیجے میں عوامی مسائل کے حل اور وسائل کی منصفانہ تقسیم میں مدد ملتی ہے۔ اسی لیے ان قوانین کی تشکیل عوامی مفاد کے تحفظ، بنیادی حقوق کی فراہمی، اور ترقیاتی منصوبوں کے مؤثر نفاذ کو مدنظر رکھتے ہوئے تحقیق کی بنیاد پر کی جانی چاہیے۔

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے محنت فضل شکورخان نے کہا ہے کہ

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے محنت فضل شکورخان نے کہا ہے کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ خیبر پختونخوا میں انقلابی اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے ورکرز ویلفیئر بورڈ کی کالونیوں میں واقع دکانوں سے ریونیو بڑھانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھارہے ہیں جبکہ اس ضمن میں دیگر مختلف بزنس پلان بھی زیرغور ہیں۔ صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار منگل کے روز پشاور میں ورکرز ویلفیئر بورڈ میں جاری اصلاحات سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں سیکرٹری ڈبلیو ڈبلیو بی محمد طفیل اور ڈائریکٹر فنانس سیف اللہ ظفر نے شرکت کی صوبائی وزیر کو سیکرٹری ڈبلیو ڈبلیو بی نے اصلاحات کے بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی بریفنگ میں بتایاگیا کہ نئے سکالرشپس کے لئے اپلائی کرنے والوں کی آسانی کی خاطر ایک پورٹل بنایا ہے جس سے سکالرشپس بروقت مستحقین میں شفاف طریقے سے تقسیم ہوں گی مزید بتایاگیا کہ لیبر کالونیوں میں واقع دکانوں کی نیلامی کرکے مارکیٹ ریٹ کے مطابق کرایہ پر دیا ہے جس سے ڈبلیو ڈبلیو بی کی آمدن میں لاکھوں روپے کا اضافہ ہوا ہے اجلاس میں بورڈ کی آمدن بڑھانے کے لئے اہم بزنس پلان سمیت سمارٹ مارکیٹ اور دیگر اہم امور پر غوروحوض کیاگیا اس موقع پر صوبائی وزیر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ میں جدید دور کی اصلاحات اور بورڈ میں موجود خامیوں کو دور کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں انہوں نے کہا کہ بورڈ میں عوام کے بہتر مفاد میں اصلاحات متعارف کرنے کے لئے ہر ایک کو سنجیدگی سے کام کرنا ہوگا جو کام میں دلچسپی نہیں لے گا ا س کے خلاف سزا کا عمل شروع ہوگا انہوں ڈبلیو ڈبلیو بی سکالرشپس کو بروقت مستحقین میں شفاف طریقے سے تقسیم کرنے پر بھی زور دیا۔

خیبر پختونخوا میں صنعتوں کو صوبے کی اپنی پیداواری بجلی سستے نرخوں پر فراہم

خیبر پختونخوا میں صنعتوں کو صوبے کی اپنی پیداواری بجلی سستے نرخوں پر فراہم کرنے کے لیے ترسیلی لائنوں کے مجوزہ لائحہ عمل پر غور کرنے اور اس حوالے سے پختونخوا ہائیڈل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (پیڈو) اور خیبر پختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی (کے پی ایزڈمک) کی تجاویز کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منگل کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونینِ خصوصی برائے صنعت عبد الکریم تورڈھیراور توانائی و برقیات طارق سدوزئی نے مشترکہ طور پر کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکریٹری صنعت ریحان گل خٹک، محکمہ صنعت اور توانائی و برقیات کے دیگر حکام، خیبر پختونخوا ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی، کے پی ایزڈمک، سمال انڈسٹریز ڈویلپمنٹ بورڈ، اور پیڈو کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں کے پی ایزڈمک کے افسران نے مقامی توانائی منصوبوں کے ذریعے اکنامک زونز، انڈسٹریل پارکس اور اسٹیٹس کو درکار توانائی کی ضروریات اور ممکنہ فراہمی کے لیے موزوں ترسیلی لائنوں پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ اس دوران کے پی ایزڈمک کی جانب سے ایک ذیلی ٹرانسمیشن لائن کمپنی کے قیام کا منصوبہ بھی پیش کیا گیا۔مزید برآں، پیڈو نے سوات اور دیر کوریڈورز سے آنے والی بجلی کے گرڈ اسٹیشن کے قیام کے لیے کاٹلنک میں اکنامک زون کے اندر اراضی مختص کرنے کی تجویز دی۔ اجلاس میں پیڈو کے تحت صنعتوں کو سستی بجلی کی فراہمی کے لیے مرتب کردہ پلان اور مستقبل قریب میں مکمل ہونے والے توانائی منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے حکام کو ہدایت کی گئی کہ وہ کسی بھی مؤثر اور قابلِ عمل منصوبے پر متفق ہونے کے لیے ضروری ہوم ورک مکمل کریں۔ معاونِ خصوصی برائے صنعت عبدالکریم تورڈھیر نے کہا کہ صوبے کی اپنی پیداواری بجلی کو مقامی صنعتوں کے لیے بروئے کار لانا ایک اہم سنگ میل ہوگا، جس سے توانائی کی مشکلات کا خاتمہ اور صنعتکاری کو فروغ ملے گا۔ معاونِ خصوصی برائے توانائی و برقیات طارق سدوزئی نے اس حوالے سے دونوں محکموں کے درمیان مسلسل مشاورت کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ایک واضح اور قابلِ عمل منصوبے پر اتفاقِ رائے ممکن ہو سکے۔ انہوں نے اس ضمن میں باضابطہ مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کرنے کی تجویز بھی دی تاکہ منصوبے کو جلد عملی جامہ پہنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صنعتوں کو سستی بجلی کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن طفیل انجم کے زیر صدارت خیبرپختونخوا ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی سکیموں کے حوالے سے اجلاس

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن طفیل انجم نے کہا ہے خیبرپختونخوا ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کے زیر نگرانی نئے اور پورانے سکیموں کو کہ اے ڈی پی 2025-26 میں شامل کیا جارہا ہے تاکہ ٹیکنیکل ایجوکیشن میں جدید تقاضوں کے عین مطابق نئے نئے سکیمز متعارف کرائیں اور صوبے کے ہنر مند طلباء اس سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتھارٹی کے حوالے سے اے ڈی پی سکیموں بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ہے۔ اجلاس سپیشل سیکرٹری انور خان، منیجنگ ڈائریکٹر ٹیوٹا قیصر منصور، چیف پی اینڈ ڈی امتیاز مشیر اکنامک باسط خان، ڈائریکٹر ورکس خالد عثمان ودیگر نے شرکت کی ہے۔ اجلاس کو خیبرپختونخوا ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کے نئے اور پرانے سکیموں کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ دی گئی ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا ہے کہ اے ڈی پی 2025-26 میں ٹیوٹا کے نئے اور پورانے سکیموں کو شامل کرنے کے لئے کام کے رفتار کو تیز کیا جائے، انہوں نے کہا ہے کہ فنی تعلیم کے فروغ کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ صوبے میں فنی تعلیم کو عام کرنے اور نوجوانوں کو اس سے مستفید کرنے کے لیے سکیموں کی فوری تکمیل اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ معاون خصوصی نے تمام سٹیک ہولڈرز کو اس بارے ہدایات جاری کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ ٹیوٹا کے جتنے بھی سکیمز ہیں ان پر تیزی سے کام جاری رکھیں تاکہ 2025-26 اے ڈی پی میں اسکو شامل کیا جائے۔ ہمارا مقصد صوبے کے ہنر مند افراد کو اگے لانا ہے اور صوبے میں بے روزگاری کا خاتمہ کرنا ہے۔

مشیرصحت احتشام علی کیساتھ سٹرینتھننگ آف ری ہیبلٹیشن سروسز فار فزیکلی ڈسیبلڈ پرسنز پروجیکٹ ملازمین کے کامیاب مذاکرات

محکمہ صحت کے سامنے ”سٹرینتھننگ آف ری ہیبلیٹیشن سروسز فار فزیکلی ڈسیبلڈ پرسنز” پروجیکٹ کے ملازمین نے بند تنخواہوں کی بحالی کے لیے احتجاج کیا۔ احتجاج کے دوران مشیر صحت خیبر پختونخوا احتشام علی نے مظاہرین کے مسائل غور سے سنے اور ان کے فوری حل کے لیے احکامات جاری کیے۔مشیر صحت نے احتجاجی ملازمین کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کہا کہ یہ پروجیکٹ چوتھی مرتبہ نظرثانی کے لیے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ (پی اینڈ ڈی) کو بھیجا گیا ہے اور وہاں اس پروجیکٹ کو فعال بنانے کے لیے فالو اپ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 54 فزیو تھراپسٹ اور تین سپورٹ اسٹاف کی سات ماہ سے بند تنخواہیں انتہائی ناانصافی ہے۔ مشیر صحت نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ”اگر میرا عملہ تنخواہ نہیں لے گا تو وہ کام کیسے کرے گا؟”مشیر صحت کی ہدایت پر اقدامات کا آغاز ہونے پرمظاہرین نے مشیر صحت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنا احتجاج ختم کر دیا۔

ٹمبر کاروبار سے وابستہ لوگوں کے مسائل میں کمی ا ور انکو ریلیف کی فراہمی کے لیے صوبائی حکومت عملی اقداما ت اٹھارہی ہے، معاون خصوصی برائے جنگلات پیر مصور خان

ٹمبر کاروبار سے وابستہ لوگوں کے مسائل میں کمی ا ور انکو ریلیف کی فراہمی کے لیے صوبائی حکومت عملی اقداما ت اٹھارہی ہے، انکے مسائل و مشکلات کا بخوبی ادراک ہیں، جنگلات کی غیر قانونی کٹائی کسی صورت برداشت نہیں، ماحول دوست اقدامات میں صوبے کے لوگ حکومت کا ساتھ دیں ان خیالات کا اظہار وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جنگلات، جنگلی حیات، ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی پیر مصور خان نے مالاکنڈ ڈویژن اور ہزارہ ڈویژن کے ایک وفد سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا، وفد کی قیادت اراکین صوبائی اسمبلی ملک گل ابراہیم، نعیم خان اور اکرام خان کررہے تھے جبکہ وفد میں دیگر مشران میاں عنایت اللہ، حاجی منصور، ملک مختیار اور شمس ملک بھی شامل تھے، اس موقع پر وفد نے معاون خصوصی خصوصی پیر مصور خان کو جنگلات کی رقبہ جات پیمائش اور حد بندی کے لیے جیو ٹیگنگ کے حوالے سے مسائل، ونڈ فال پالیسی،سا ئینٹیفک مینجمنٹ کی بحالی اور جنگلات میں پڑی لکڑیوں کو نکالنے سمیت اپنے دیگر مسائل و مشکلات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا، معاون خصوصی برائے جنگلات پیر مصور خان نے وفد کو انکے مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جنگلات کی جیو ٹیگنگ پر کام جاری ہے، لکڑیوں پر ڈیوٹی فیس میں کمی کے لئے مشیر خزانہ کے ساتھ ملاقات کی جائے گی تاکہ لوگوں کو آسانیاں فراہم کی جا سکیں، انھوں نے کہا کہ لوگوں کی مشکلا ت میں کمی اور انھیں آسانیاں فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، جنگلات میں پڑی لکڑیوں کو مارکیٹ تک پہنچانے کے لئے اقدامات اٹھارہے ہیں جس سے ایک طرف صوبائی حکومت کو منافع حاصل ہوگا تو دوسری طرف لوگوں کو روزگار بھی ملے گا جبکہ مالکان بھی مستفید ہونگے، انھوں نے کہا کہ لوگوں بالخصوص ٹمبر کاروبار سے وابستہ افراد کے مسائل و مشکلات کے حل کے لئے جلد ہی پورے صوبے کے دورے شروع کررہا ہوں، پیر مصور خان نے جنگلات حد بندی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں وزیراعلی کی صدارت میں متعدد اجلاس منعقد ہو چکے ہیں جبکہ ایک کمیٹی بھی بنائی گئی ہے جس میں ریونیو اور دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ ساتھ مقامی مشران بھی شامل ہیں، مقامی مشران حد بندی کے عمل کے دوران وہاں موجود رہینگے، معاون خصوصی پیر مصور خان نے وفد سے بات چیت میں جنگلات کے تحفظ اور صوبے میں جنگلات کے فروغ کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے لوگوں پر بھی زور دیا کہ اس سلسلے میں صوبائی حکومت کا ساتھ دیں تاکہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا مقابلہ کیا جا سکے، انھوں نے کہا بلین ٹری شجرکاری منصوبہ بانی چئیرمن عمران خان کے خواب کی تکمیل ہے، بلین ٹری شجرکاری منصوبے کی عالمی سطح پر بھی پزیرائی ہوئی، آخر میں وفد نے مسائل توجہ سے سننے اور مسائل کے حل کی یقین دہانی پر معاون خصوصی پیر مصور خان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کے عوامی ایجنڈا کے تحت صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے

0

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کے عوامی ایجنڈا کے تحت صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے ارکان صوبائی اسمبلی عبدالسلام آفریدی اور ڈیڈیک چیئرمین زرشاد خان کے ہمراہ ضلعی انتظامیہ مردان اور ڈبلیو ایس سی سی مردان کے زیر اہتمام صفائی مہم کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر، ڈبلیو ایس سی سی بورڈ کے چیئرمین انجنئیر عادل نواز، بورڈ کے ممبر ہارون رشید، جنرل منیجر محمد خلیل اکبر,منیجرز راحت اللہ،محمد اسحاق،ڈپٹی منیجر اکرام اللہ اور دیگر متعلقہ حکام اور عمائدین بھی موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ کے عوامی ایجنڈا کے تحت صوبے بھر میں گورننس کو بہتر بنانے کا عمل جاری ہے جس کے تحت عوام کو مختلف خدمات کی فراہمی بروقت مہیا کرنے اور ماحول کی بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مردان میں تین ہفتے پر مبنی صفائی مہم بھی اس سلسلے کی کڑی ہے۔ انہوں نے کہا اس مہم کے دوران محکمہ خوراک اور حلال فوڈ اتھارٹی اشیائے خورد و نوش کی فروخت کی مارکیٹوں اور دوکانوں کی صفائی بھی یقینی بنائیں گے۔ اُنہوں کہا کہ اس مہم کے دوران گلی کوچوں سڑکوں نالیوں اور بازاروں سمیت سرکاری دفاتر سکولوں کالجوں ہسپتالوں اور دیگر پبلک اور پرائیوٹ جگہوں کی صفائی کی جائے گی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ ڈبلیو ایس سی سی اور ٹی ایم ایز مردان شہر اور پانچوں تحصیلوں میں اس تین ہفتے کی صفائی مہم چلا رہے ہیں اور عوامی نمائندوں، تاجر برادری طلباء و طالبات اور عوام کی مدد سے مردان کو صاف ستھرا بنائیں گے۔ ارکان صوبائی اسمبلی عبدالسلام آفریدی اور زرشاد خان نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے اس لیے اس تین روزہ صفائی مہم کی کامیابی انتظامیہ اور عوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے عوامی ایجنڈا کے تحت عوامی فلاح و بہبود کا مشن جاری رکھا جائے گا۔