Home Blog Page 38

صدر ورلڈ بینک اجے بنگا کا خیبرپختونخوا کے آثار قدیمہ سائٹ خانپور کا دورہ، مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے استقبال کیا

ورلڈ بینک کے صدر نے اہلیہ اور سنئیر حکام کے ہمراہ خیبرپختونخوا کے آثار قدیمہ سائٹ جولیان بدھ مت خانپور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم اور ایم این اے فیصل آمین گنڈہ پور نے صدر ورلڈ بینک اجے بنگا کا پرتپاک استقبال کیا۔ دورے میں وفاقی وزیر خزانہ اورنگزیب نے اہلیہ کے ہمراہ شرکت کی۔ اس موقع پر کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ اور ڈائریکٹر جنرل آثار قدیمہ خیبرپختونخوا ڈاکٹر عبد الصمد کے علاؤہ سینئر حکام موجود تھے۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے صدر ورلڈ بینک اجے بنگا کو شیلڈ پیش کیا اور صوبے کے معاشی امور بارے اہم تبادلہ خیال کیا۔ ڈائریکٹر جنرل آثار قدیمہ ڈاکٹر عبد الصمد نے ورلڈ بینک صدر کو خیبرپختونخوا کے مختلف آثار قدیمہ سائٹس اور بلخصوص جولیان بدھا سائٹ کے بارے میں تفصیلی بریفننگ دی۔ جس پر صدر ورلڈ بینک نے خیبرپختونخوا میں آثار قدیمہ کے انتظامات اور خدمات کو سراہا اور ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عبد الصمد کی تعریف کی۔ ڈاکٹر عبد الصمد نے بریفینگ دیتے ہوئے بتایا کہ قدرت نے خیبرپختونخوا کو آثار قدیمہ کے بےشمار ذخیروں اور مراکز سے بھی نوازا ہے۔ صدر ورلڈ بینک نے خیبرپختونخوا کو ہر ممکن تعاون کی یقین دھانی بھی کرائی اور مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے صدر ورلڈ بینک اجے بنگا کو باقی آثار قدیمہ سائٹس و نورادات دیکھنے کی دعوت بھی دی

پشاور میں فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی بڑی کارروائی،ایکسپائری ڈیٹ تبدیل کرنے والا گودام سیل، 1000 کلوگرام مضرِ صحت اشیاء ضبط

خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے غیر معیاری، مضر صحت اور جعلی اشیائے خوردونوش کیخلاف کاروائیاں جاری رکھتے ہوئے گزشتہ رو پشاور میں ایک بڑی کارروائی کے دوران ایک گودام کو سیل کر دیا ہے جہاں مختلف غذائی اشیاء کی ایکسپائری ڈیٹ تبدیل کی جا رہی تھی۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا یہ کارروائی ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن پشاور ڈویژن ذیشان محسود کی سربراہی میں رنگ روڈ کبوتر چوک کے قریب عمل میں لائی گئی۔معائنے کے دوران انکشاف ہوا کہ مذکورہ گودام میں مبینہ طور پر ایکسپائرڈ جیلی، لالی پاپس، بسکٹس، ٹافیاں اور چیونگ گمز کی تاریخِ تنسیخ تبدیل کی جا رہی تھی، جو عوامی صحت کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔
کارروائی کے دوران تقریباً 1000 کلوگرام ایکسپائرڈ اور تاریخ تبدیل شدہ غذائی اشیاء ضبط کر لی گئیں۔ اس کے علاوہ ایکسپائری ڈیٹ تبدیل کرنے والی مشین، ہاٹ ایئر بلوئر اور پیکجنگ میٹریل بھی موقع سے قبضے میں لے لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق فوڈ سیفٹی قوانین اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزی پر یونٹ کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا ہے جبکہ فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت مزید قانونی کارروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کاشف اقبال جیلانی نے کامیاب کارروائی پر فوڈ سیفٹی ٹیم کو سراہا اور کہا کہ ایسے انسان دشمن عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا جو عوام کی صحت سے کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبے بھر میں عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

آ ئین و قانون کی حکمرانی اور عمران خان کے لئے عوام سڑکوں پر ہیں، معاون خصوصی شفیع جان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ صوابی اسٹریٹ موومنٹ میں بھرپور عوامی شرکت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام بانی چیئرمین عمران خان کو اپنا قومی لیڈر اور پاکستان تحریک انصاف کو حقیقی عوامی سیاسی نمائندہ جماعت سمجھتے ہیں اوروزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں اسٹریٹ موومنٹ کے دوران عوامی طاقت کا بھرپور اور کامیاب مظاہرہ کیا گیا،یہاں سے جاری ایک بیان میں شفیع جان نے کہا کہ پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع کے بعد صوابی میں بھی عوام کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ عوام نے واضح پیغام دیا ہے کہ وہ بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی، ملک میں جمہوریت کے استحکام اور وفاق پر مسلط کرپٹ ٹولے کی حکومت کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اور پرعزم ہیں،انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نہ صرف صوبے میں گورننس کے میدان میں بلکہ سیاسی جدوجہد میں بھی بانی چیئرمین عمران خان اور پارٹی کارکنوں کے اعتماد پر پورا اتر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اڈیالہ جیل کے سامنے پوری رات دھرنا دیا اور بعد ازاں سپریم کورٹ گئے اور صوابی میں اسٹریٹ موومنٹ کی قیادت کی جو اس جدوجہد کا واضح ثبوت ہے،شفیع جان نے وفاقی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکمران عمران خان اور ان کی عوامی مقبولیت سے اس قدر خوفزدہ ہو چکے ہیں کہ اب وہ عمران خان کی صحت کے ساتھ بھی کھیلنے لگے ہیں،انہوں نے واضح کیا کہ پوری قوم عمران خان کی صحت کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی،معاون خصوصی نے کہا کہ نوجوان اس ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور آج پورا ملک بالخصوص نوجوان عمران خان کی سیاسی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی، آئین و قانون اور جمہوریت کی بالادستی کے لیے اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی،شفیع جان نے کہا کہ ایک مضبوط اور مستحکم جمہوریت ہی ملک کی ترقی، خوشحالی اور معاشی استحکام کی ضامن ہے، انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کی تحریک مکمل طور پر پرامن ہے اور بھرپور عوامی طاقت کے باوجود کسی قسم کا تصادم نہیں چاہتی، کیونکہ عمران خان نے ہمیشہ پرامن سیاسی جدوجہد کی تلقین کی ہے۔

ایڈیشنل سیکریٹری ایکسائز کا ایبٹ آباد کا دورہ، دفاتر اور ایکسائز پولیس اسٹیشن کا معائنہ،عوامی سہولیات اور شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت

محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول خیبر پختونخوا میں ریجنل اور ضلعی سطح پر محکمانہ امور ونفاذِ قانون سے متعلق کارکردگی، ریکارڈ کی دیکھ بھال اور انتظامی اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے ایڈیشنل سیکرٹری سید مظہر علی شاہ نے ضلع ایبٹ آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس اور ایکسائز پولیس اسٹیشن کا معائنہ کیا۔دورے کے موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری نے ارشاد اللہ آفریدی، ڈائریکٹر ہزارہ ریجن سے ملاقات کی جنہوں نے محکمہ کی مجموعی کارکردگی، جاری اقدامات اور انتظامی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر ضلع ایبٹ آباد عماد جدون نے ضلعی دفتر کی محصولات ریکوری اور مقررہ اہداف کے حوالے سے آگاہ کیا۔ایڈیشنل سیکریٹری سید مظہر علی شاہ نے دفاتر اور ایکسائز پولیس اسٹیشن کے مختلف سیکشنز اور ریکارڈ کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوامی سہولیات کی فراہمی، شفافیت، ریکارڈ کی بروقت تکمیل اور نظم و ضبط کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے ازالے میں تاخیر نہ کی جائے اور تمام امور قانون و قواعد کے مطابق انجام دیے جائیں۔

عمران خان کی صحت سے متعلق اہم معلومات دانستہ طور پر چھپائی جا رہی ہیں، شفیع جان

وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کو بغیر کسی باضابطہ اطلاع کے ہسپتال منتقل کرنا، اور اس حوالے سے نہ اہلِ خانہ، نہ قانونی ٹیم اور نہ ہی پارٹی قیادت کو آگاہ کرنا، نہایت تشویشناک امر ہے جو وفاقی اور پنجاب حکومتوں کے رویے اور طرزِ حکمرانی پر سنجیدہ سوالات اٹھاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے ذاتی طور پر اڈیالہ جیل کا دورہ عمران خان کی صحت اور خیریت کے بارے میں آگاہی حاصل کرنے کے لیے کیا، تاہم اس ملاقات سے روکنا وفاقی اور پنجاب حکومت کی جانب سے آئینی تقاضوں اور مسلمہ قانونی طریقہ کار کی صریح خلاف ورزی ہے۔شفیع جان نے کہا کہ وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا نے صوبائی اسمبلی کے اراکین کے ہمراہ اڈیالہ جیل کے باہر پُرامن رات بھر دھرنا دیا، جس کا واحد اور جائز مطالبہ یہ تھا کہ عمران خان کو فوری طور پر اپنے ذاتی معالجین تک رسائی دی جائے تاکہ ایک آزاد، شفاف اور غیر جانبدار طبی معائنہ ممکن بنایا جا سکے۔انہوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے اہلِ خانہ کو بھی ان کی صحت سے متعلق آگاہ نہیں رکھا گیا، جو بنیادی انسانی حقوق، اخلاقی اقدار اور جمہوری اصولوں کے منافی ہے۔ اس طرزِ عمل سے یہ تاثر ملتا ہے کہ عمران خان کی صحت سے متعلق اہم معلومات دانستہ طور پر چھپائی جا رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سے ملاقاتوں پر مسلسل پابندیاں ایک خطرناک رجحان کی نشاندہی کرتی ہیں، جس میں سیاسی انتقام اور جبری تنہائی نمایاں ہے۔شفیع جان نے مزید بتایا کہ وزیرِاعلیٰ اور دیگر نمائندوں نے معزز عدالت سے بھی رجوع کیا تاکہ عمران خان کی صحت اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے آئینی ضمانت حاصل کی جا سکے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ وفاقی حکومت اس نہایت حساس اور سنگین معاملے پر بھی منفی رویے اور بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر اور بیرونِ ملک پاکستان تحریکِ انصاف کے کارکنان اور ہمدرد عمران خان کی صحت کے حوالے سے شدید اضطراب کا شکار ہیں، جبکہ وفاقی اور پنجاب حکومتیں آئینی ذمہ داریوں اور اخلاقی فرض کی ادائیگی سے گریزاں نظر آتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو بغیر شفاف طریقہ کار کے ہسپتال منتقل کرنا، رسائی محدود کرنا اور طبی تفصیلات کو پوشیدہ رکھنا عوامی بے چینی کو ناگزیر طور پر بڑھاتا ہے۔ ایسے اقدامات خوف اور بداعتمادی کی فضا کو جنم دیتے ہیں۔شفیع جان نے سوال اٹھایا کہ اگر عمران خان کی صحت مستحکم ہے تو حقائق اہلِ خانہ اور عوام کے سامنے کھلے طور پر کیوں نہیں رکھے جا رہے؟انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کے اہلِ خانہ، قانونی ٹیم، سیاسی قیادت اور ذاتی معالجین کو فوری اور بلا رکاوٹ رسائی دی جائے، اور سیاسی انتقام پر مبنی اس طویل اور غیر منصفانہ طرزِ عمل کا خاتمہ کیا جائے۔انہوں نے خبردار کیا کہ عمران خان کی صحت سے متعلق کسی بھی قسم کی مزید غفلت ناقابلِ قبول ہوگی، اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی تمام تر ذمہ داری وفاقی اور پنجاب حکومتوں پر عائد ہوگی۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان کا مہمند میں افسوسناک ٹریفک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار

معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے مہمند–باجوڑ شاہراہ پر پیش آنے والے افسوسناک روڈ ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اس دکھ کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ شفیع جان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل دے۔انہوں نے حادثے کے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

وزیر اعلی کے مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان تاج محمد ترند نے کہا ہے کہ دنیا تیزی سے مصنوعی ذہانت کی جانب بڑھ رہی ہے ایسے میں ہمارے نوجوانوں کو بھی مصنوعی ذہانت کیلئے ہم آہنگ ہونا پڑے گا محکمہ امور نوجوانان اس وقت متعدد منصوبوں پر کام کررہا ہے

وزیر اعلی کے مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان تاج محمد ترند نے کہا ہے کہ دنیا تیزی سے مصنوعی ذہانت کی جانب بڑھ رہی ہے ایسے میں ہمارے نوجوانوں کو بھی مصنوعی ذہانت کیلئے ہم آہنگ ہونا پڑے گا محکمہ امور نوجوانان اس وقت متعدد منصوبوں پر کام کررہا ہے جبکہ صوبائی حکومت بھی بڑھتے ہوئے نئے دور کے تقاضوں کے مطابق منصوبہ بندی کررہی ہے ۔وہ پشاور کی اقرائنیشنل یونیورسٹی میں منعقدہ پہلی ایمرجنگ میڈیا، آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور انفارمیشن سائنسز کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر امور نوجوانان ڈاکٹر نعمان مجاہد، ایم ڈی آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر عاکف خان، وائس چانسلر اقرائنیشنل یونیورسٹی ڈاکٹر ملک تیمور علی اور دیگر موجود تھے ۔ کانفرنس میں پشاور سمیت قبائلی اضلاع سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تاج محمد ترند کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے اس وقت دنیا بھر میں انقلاب آرہا ہے ایسے میں خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کو بھی اس سے ہم آہنگ ہونا پڑے گا خیبر پختونخوا میں نامساعد حالات کے باوجود صوبائی حکومت نوجوانوں کیلئے بہترین مواقع میسر کررہی ہے اس وقت صوبے میں محکمہ امورنوجوانان کی جانب سے کئی ایسے منصوبے جاری ہیں جو نوجوانوں کو دنیا کے برابر لارہے ہیں قبائلی اضلاع کے نوجوانوں کو ماضی میں نظر انداز کیا گیا تھا موجودہ حکومت قبائلی اضلاع کے نوجوانوں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولیات فراہم کررہی ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر امور نوجوانان ڈاکٹر نعمان مجاہد، ایم ڈی آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر عاکف خان اور وائس چانسلر اقرائنیشنل یونیورسٹی ڈاکٹر ملک تیمور علی نے بھی خطاب کیا ۔ کانفرنس میں ابھرتے ہوئے نئے تقاضوں سے متعلق نوجوانوں کو روشناس کرایا گیا جبکہ جعلی خبروں، ڈیپ فیک اور دیگر منفی سرگرمیوں سے بچانے کے حوالے سے بھی انہیں تربیت دی گئی۔

اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں گڈ گورننس روڈمیپ کے تحت اقدامات کا جائزہ

چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ نے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں گڈ گورننس روڈمیپ کے تحت جاری مختلف اقدامات کا جائزہ ایک اجلاسمیں لیا جس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور محکمہ اعلیٰ تعلیم کے سینئر حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں محکمہ اعلیٰ تعلیم میں جاری اہم اصلاحات پر تفصیلی غور کیا گیا، جن میں کمزور ترین کارکردگی والے کالجوں کو آؤٹ سورس کرنا، خدمات کو ڈیجیٹل بنانا، اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت اور طلبہ کو روزگار کے قابل بنانے کے اقدامات شامل تھے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ اعلیٰ تعلیم طلبہ سے متعلق بنیادی خدمات کو ڈیجیٹل بنا رہا ہے۔ مرکزی آن لائن داخلہ نظام پہلے ہی فعال ہے جبکہ شفافیت اور سہولت سہل کرنے کے لیے کیش لیس ادائیگی کے نظام کو بھی جلد مکمل فعال کرنے پر کام کیا جا رہا ہے۔حکام نے مزید بتایا کہ اساتذہ کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے اسٹیم سرٹیفکیشن پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے، جس کے تحت اس وقت 100 اساتذہ کو تربیت دی جا رہی ہے تاکہ سائنسی اور تکنیکی تعلیم کو بہتر بنایا جا سکے۔اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ فارغ التحصیل طلبہ کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے یونیورسٹیوں میں کیریئر رہنمائی اور پلیسمنٹ پروگرامز متعارف کرائے جارہے ہیں، جن کے ذریعے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر پیشہ ورانہ مواقع فراہم کیے جائیں گے۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ محکمہ اعلیٰ تعلیم کے تین کالجوں کو کالجز آف اپلائیڈ سائنسز میں تبدیل کرنے کی منصوبہ بندی جاری ہے، جن میں سے کم از کم ایک کالج کو جون تک مکمل کرنے کا ہدف ہے۔

جنوبی اضلاع میں سرسبز انقلاب کی بنیاد، پائیدار شجرکاری اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے جامع حکمتِ عملی پر غور

خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع میں ماحول دوست ترقی، پائیدار شجرکاری اور جنگلی حیات کے تحفظ و افزائشِ نسل کے فروغ کے لیے ایک اہم اجلاس سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی، جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات خیبرپختونخوا جنید خان کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں پراجیکٹ ڈائریکٹر اپ سکیلنگ گرین پاکستان محمد جنید دیار، کنزرویٹر وائلڈ لائف حسین خان سمیت محکمہ جنگلات اور وائلڈ لائف کے سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں موسمِ بہار شجرکاری مہم کے خدوخال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر محمد جنید دیار نے جامع بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جنوبی اضلاع جن میں کوہاٹ، کرک، ہنگو، لکی مروت، بنوں، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان اور قبائلی اضلاع شامل ہیں میں لاکھوں نئے پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد نہ صرف سرسبز ماحول کی تشکیل ہے بلکہ موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کا سدِباب اور مقامی آبادی کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا بھی ہے۔کنزرویٹر وائلڈ لائف حسین خان نے اجلاس کو مختلف اضلاع میں جنگلی چرند و پرند کی موجودہ صورتحال، قدرتی مساکن کے تحفظ اور افزائشِ نسل کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ نایاب انواع کے تحفظ کے لیے محفوظ علاقوں، بریڈنگ زونز اور قدرتی رہائش گاہوں کی بحالی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھا جا سکے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنید خان نے کہا کہ جس طرح ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت پشاور کے گردونواح خصوصاً گھڑی چندن میں کامیاب جنگلاتی ماڈل تشکیل دیا گیا ہے، اسی طرز پر لکی مروت، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور دیگر جنوبی اضلاع میں بھی ماڈل فارسٹ قائم کیے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اپ اسکیلنگ گرین پاکستان پروگرام کے تحت گومل زام ڈیم اور کوہِ سلیمان کے علاقوں میں جنگلاتی اور جنگلی حیات کے مربوط منصوبے ترتیب دیے جائیں تاکہ ان خطوں کو ماحولیاتی لحاظ سے مضبوط بنایا جا سکے۔مزید برآں، سیکرٹری جنگلات نے زور دیا کہ جن علاقوں میں نہری نظام یا آبپاشی کے روایتی ذرائع دستیاب نہیں، وہاں جدید سولر بیسڈ شجرکاری نظام متعارف کرایا جائے تاکہ پانی کی کمی کے باوجود سبزہ کاری کا خواب شرمند? تعبیر ہو سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت خیبرپختونخوا ماحول کے تحفظ، قدرتی وسائل کے پائیدار استعمال اور آئندہ نسلوں کے لیے سرسبز مستقبل کی تعمیر میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی دنیا کی ان چند مثالوں میں سے ہے جو وقت، حالات اور عالمی تبدیلیوں کے باوجود مسلسل مضبوط سے مضبوط تر ہوتی چلی گئی ہے

وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی دنیا کی ان چند مثالوں میں سے ہے جو وقت، حالات اور عالمی تبدیلیوں کے باوجود مسلسل مضبوط سے مضبوط تر ہوتی چلی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعلق محض سفارتی یا معاشی نوعیت کا نہیں بلکہ اعتماد، احترام، بھائی چارے اور باہمی تعاون پر مبنی ایک زندہ رشتہ ہے، جس نے ہر دور میں دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے قریب تر رکھا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چائنہ ونڈو کے زیر اہتمام پاک چین دوستی کی 75 ویں سالگرہ اور جشن بہاراں کی شاندار تقریب سے خطاب میں کیا۔ سابق گورنروں حاجی غلام علی اور اقبال ظفر جھگڑا، کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان داؤد خان، وائس چانسلر یونی ورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر صادق خٹک،بشپ ارنسٹ جیکب، تاجر برادری، صحافیوں، طلباء ع طالبات اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والوں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ مزمل اسلم نے تقریب سے خطاب میں کہاکہ پاکستان نے 1951 میں عوامی جمہوریہ چین کو تسلیم کر کے جس دور اندیشی اور اصول پسندی کا مظاہرہ کیا، وہ آج 75 برس بعد ایک مضبوط اور پائیدار شراکت داری کی صورت میں دنیا کے سامنے ہے۔ انہوں نے تقریب کے انعقاد پر چائنہ ونڈو کے منتظمین کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔مزمل اسلم نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پاک چین دوستی کا فلیگ شپ منصوبہ ہے جس نے پاکستان کی معیشت کو نئی سمت دی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت توانائی کے منصوبوں نے بجلی کے بحران میں نمایاں کمی کی، موٹرویز اور شاہراہوں نے ملک کو شمال سے جنوب تک مربوط کیا، جبکہ گوادر بندرگاہ نے پاکستان کو علاقائی اور عالمی تجارت کے نقشے پر ایک اہم مقام دلایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز کے قیام سے سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ چین نے ہمیشہ پاکستان کو ایک برابر کے شراکت دار کے طور پر دیکھا اور یہی وجہ ہے کہ پاکستانی عوام کے دلوں میں چین کے لیے بے پناہ محبت اور احترام پایا جاتا ہیانہوں نے تقریب کے انعقاد پر چائنہ ونڈو کے منتظمین کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ سابق گورنر خیبر پختون خواحاجی غلام علی نے ان کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی کو نئی نسل تک منتقل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس ضمن میں تعلیمی، ثقافتی اور عوامی سطح پرروابط کو مزید فروغ دیا جانا چاہیے۔انہوں نے پاک چین دوستی کی 75 ویں سالگرہ اور جشن بہاراں کے موقع پر چین کے عوام کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے چائنہ ونڈو کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ پاک چین دوستی، ثقافتی ہم آہنگی اور عوامی روابط کے فروغ کے لیے قابل قدر خدمات انجام دے رہا ہے۔سابق گورنر اقبال ظفر جھگڑا نے کہاکہ پاک چین دوستی کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ کچھ لو اور کچھ دو کی بجائے اعتماد اور باہمی عزت پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پاک چین دوستی کا فلیگ شپ منصوبہ ہے جس نے پاکستان میں توانائی، انفراسٹرکچر اور صنعتی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لئے گیم چینجر ثابت ہو رہا ہے۔ انہوں نے بھی چائنہ ونڈو کی خدمات کو سراہتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے درمیان عوامی رابطوں کا مضبوط ذریعہ قرار دیا۔کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان داؤد خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاک چین دوستی کو نئی نسل تک منتقل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تعلیمی، ثقافتی اور میڈیا روابط کے ذریعے اس رشتے کو مزید مضبوط بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ چائنہ ونڈو جیسے ادارے عوامی سطح پر پاک چین دوستی کو فروغ دے رہے ہیں جو قابل تحسین ہے۔تقریب کے اختتام پر پاک چین دوستی کی 75 ویں سالگرہ کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا اور شرکاء میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔قبل ازیں چائنہ ونڈو کے ایڈمنسٹریٹر امجد عزیز ملک نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور پاک چین دوستی سے متعلق اظہار خیال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تقریب کے انعقاد کا مقصد اپنے چینی بہنوں بھائیوں کو پشاور اور خیبر پختون خوا سے امن، پیار اور محبت کا پیغام دینا تھا۔