Home Blog Page 47

چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ کی زیر صدارت گورننس امور پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت گورننس امور سے متعلق ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں متعلقہ انتظامی سیکرٹریز اور سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے بھر میں عوام کو معیاری خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے حکومت خیبرپختونخوا کے گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ناجائز تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ گزشتہ ہفتے 12 سے 18 جنوری کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع میں مجموعی طور پر 41 کاروائیاں ہوئیں جن کے نتیجے میں 188 کنال سرکاری اراضی واگزار کروائی گئی۔اجلاس میں محکمہ خوراک کی کارکردگی پر بھی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کے کنٹرول اور معیار کو یقینی بنانے کے لئے لیے آن لائن کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ عوامی شکایات کا بروقت ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔چیف سیکرٹری کو صوبائی دارالحکومت پشاور کی خوبصورتی اور بحالی سے متعلق جاری منصوبوں پر بھی آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہر کی بحالی کے منصوبوں پر بڑی حد تک پیشرفت کرلی گئی ہے جبکہ مین جی ٹی روڈ، جمرود روڈ اور رنگ روڈ پر ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ پشاور رنگ روڈ کے ناردرن سیکشن میں مسنگ لنک کے دو پیکجز پر کام تکمیل کے قریب ہے۔اجلاس میں سیاحتی مقامات پر ماحول دوست اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ بتایا گیا کہ صوبے کے مختلف سیاحتی علاقوں میں 477 ہوٹلوں نے اب تک سیوریج کے نظام کو درست کر لیا ہے، جس سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور سیاحت کے فروغ میں مدد ملے گی۔

عوام کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ڈی جی فوڈ اتھارٹی کاشف اقبال جیلانی

ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کاشف اقبال جیلانی نے کہا ہے کہ ناقص اور غیر معیاری خوراک انسانی زندگی سے کھیلنے کے مترادف ہے اور اس جرم میں ملوث عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی عوام کے تحفظ کے لیے ملاوٹ مافیا، غیر معیاری اور مضر صحت خوراک میں ملوث افراد کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈائریکٹر آپریشنز محمد یوسف کے ہمراہ ضلع ملاکنڈ کے اچانک دورے کے دوران کیا۔ اس موقع پر ملاکنڈ فوڈ سیفٹی انسپکشن ٹیم بھی ہمراہ تھی۔ دورے کے دوران ملاکنڈ میں مختلف علاقوں میں قائم ہوٹلوں، ریسٹورنٹس، دودھ کی دکانوں، گھی و آئل ملز اور دیگر خوراک سے متعلق مراکز کا معائنہ کیا گیا۔معائنے کے دوران متعدد فوڈ بزنس پوائنٹس پر حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر بہتری کے نوٹسز جاری کیے گئے جبکہ دو گھی ملز و تیل کے کارخانوں سے نمونے حاصل کرکے تجزیے کے لیے فوڈ اتھارٹی کی پراونشل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری اینڈ سنٹر فار ریسرچ حیات کو ارسال کر دیے گئے۔ فوڈ بزنس مالکان کو ہدایت کی گئی کہ رپورٹس موصول ہونے پر اگر اشیاء ناقص یا غیر معیاری ثابت ہوئیں تو ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے عوام، میڈیا اور فوڈ بزنس سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ وہ محفوظ اور معیاری خوراک کے فروغ کے لیے فوڈ اتھارٹی کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور غیر معیاری و مضر صحت خوراک میں ملوث کاروباروں کو فوڈ اتھارٹی کے نوٹس میں لائے ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی تعاون کے سے ہی غیر معیاری خوراک کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں فوڈ اتھارٹی کی زیر اہتمام جدید مشینوں سے آراستہ صوبائی فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کی جا چکی ہے، جس کے باعث اب نمونے دیگر صوبوں کو بھجوانے کی ضرورت نہیں رہی۔ جدید سائنسی بنیادوں پر صوبائی سطح پر ہی فوڈ ٹیسٹنگ کی جا رہی ہے۔کاشف اقبال جیلانی کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں ناقص و غیر معیاری اشیاء کے خلاف روزمرہ کارروائیوں کیساتھ اچانک دوروں کا سلسلہ بھی جاری رہے گا تاکہ ملاوٹ مافیا جیسے عناصر کا خاتمہ ممکن ہو سکے

نہروں کی صفائی کے کام کو مزید تیز اور مؤثر بنایا جائے، وزیر آبپاشی کی ہدایت

خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان نے پشاور کے مختلف علاقوں میں جاری نہروں کی صفائی ستھرائی کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ سیکرٹری محکمہ آبپاشی عبد الباسط اور دیگر متعلقہ افسران بھی ہمراہ تھے اس موقع پر سیکرٹری آبپاشی نے انہیں نہروں کی صفائی، کھدائی اور پانی کے بہاؤ سے متعلق بریفنگ دی۔ معائنے کے دوران صوبائی وزیر آبپاشی ریاض خان نے نہروں میں جمع شدہ گندگی، رکاوٹوں اور صفائی کے عمل کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نہروں کی صفائی کے کام کو مزید تیز اور مؤثر بنایا جائے انہوں نے کہا کہ نہروں کی بروقت صفائی نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ پیدا ہونے سے زرعی زمینوں کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔ صوبائی وزیرنے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی واضح ہدایات ہیں کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیراعلیٰ کی قیادت میں عوام کو صاف پانی کی فراہمی، بہتر آبپاشی نظام اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ ریاض خان نے کہا کہ نہروں کی صفائی سے نہ صرف پانی کے بہاؤ کا نظام بہتر ہوگا بلکہ زرعی زمینوں تک پانی کی ترسیل بھی مؤثر طریقے سے ممکن ہو سکے گی، جس سے کسانوں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صفائی کے تمام کام جلد مکمل کیے جائیں اور آئندہ ایسے مؤثر نظام کو یقینی بنایا جائے تاکہ نہروں میں دوبارہ گندگی جمع نہ ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ کارکردگی میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور عوامی مفاد کے منصوبوں کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔ صوبائی وزیر آبپاشی ریاض خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے وژن کے مطابق صوبہ بھر میں آبپاشی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان نے کہا ہے کہ محکمہ آبنوشی میں تقرری و تعیناتی کے لیے ایک جامع، واضح اور نافذالعمل پالیسی مرتب کی جا رہی ہے

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان نے کہا ہے کہ محکمہ آبنوشی میں تقرری و تعیناتی کے لیے ایک جامع، واضح اور نافذالعمل پالیسی مرتب کی جا رہی ہے، جس کا مقصد محکمہ کے تمام انتظامی و تکنیکی امور کو بہتر انداز میں چلانا، کارکردگی کو مؤثر بنانا اور کام کی رفتار میں نمایاں تیزی لانا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ تقرری و تعیناتی کے معاملات میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام فیصلے خالصتاً میرٹ، شفافیت اور انصاف کی بنیاد پر کیے جائیں گے کسی افسر یا اہلکار کے ساتھ زیادتی اور ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی۔صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار پیر کے روز اپنے دفتر میں تقرری و تعیناتی پالیسی سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں چیف انجینئر ساؤتھ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ امجد شمشیر سمیت محکمہ کے دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران صوبائی وزیر کو تقرری و تعیناتی پالیسی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں آگاہ کیا گیا کہ محکمہ میں مختلف خالی اسامیوں پر تحریری امتحانات میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کے انٹرویوز کا عمل جاری ہے انٹرویوز کی تکمیل اور میرٹ کی بنیاد پر تقرریوں کے بعد محکمہ میں موجود بیشتر خالی آسامیاں پُر ہو جائیں گی، جس سے سٹاف کی کمی پر کافی حد تک قابو پایا جا سکے گا اور محکمہ کے امور میں تیزی کے ساتھ ساتھ منصوبوں کی بروقت تکمیل ممکن ہو سکے گی۔مزید بریفنگ میں بتایا گیا کہ محکمہ میں اس وقت موجود باقی خالی آسامیوں کو محکمہ خزانہ سے منظوری حاصل ہونے کے بعد ایٹا کے ذریعے مشتہر کیا جائے گا، تاکہ شفاف طریقے سے اہل اور قابل افراد کی بھرتی کو یقینی بنایا جا سکے۔اس موقع پر صوبائی وزیر فضل شکور خان نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پوسٹنگ و ٹرانسفر سے متعلق ایک واضح، شفاف اور قابلِ عمل پالیسی کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ محکمہ آبنوشی کو ایک مضبوط، منظم اور عوام دوست ادارہ بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت ادارہ جاتی اصلاحات، میرٹ کی بالادستی اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے۔

خیبر پختونخوا کے وزیرِ صحت خلیق الرحمن کی زیرِ صدارت صوبائی پیرامیڈکس ایسوسی ایشن کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا

خیبر پختونخوا کے وزیرِ صحت خلیق الرحمن کی زیرِ صدارت صوبائی پیرامیڈکس ایسوسی ایشن کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکریٹری صحت، سپیشل سیکریٹری صحت، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز، ڈائریکٹر جنرل پی ایچ ایس اے اور صوبائی پیرامیڈکس ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں انتظامی امور، ملازمت اور ترقی و تعیناتی سے متعلق مختلف معاملات کا جامع جائزہ لیا گیا اور بتایاگیا کہ حال ہی میں ترقی پانے والے پیرامیڈکس کی تقرری و تعیناتی سے متعلق ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز سے تجاویز موصول ہو چکی ہیں اور ضروری احکامات جلد جاری کیے جائیں گے۔اجلاس میں پیرامیڈکس کے موجودہ سروس رولز میں ترامیم کے معاملے پر تفصیلی غور کرتے ہوئے صوبائی پیرامیڈکس ایسوسی ایشن سے کہا گیا کہ اس ضمن میں اپنی تجاویز پر مشتمل مسودہ جمع کرائے، جس کے بعد محکمہ صحت اس معاملے کو اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مشاورت سے آگے بڑھائے گا۔ ترامیم کی حتمی منظوری تک موجودہ سروس رولز پر عمل درآمد جاری رہے گا۔صوبائی وزیرِ صحت نے اس موقع پر ہدایت کی کہ پی ایچ ایس اے نیٹ ورک میں ڈپٹی ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر سمیت دیگر عہدوں کے لیے اہل اور قابل پیرامیڈکس کی نامزدگی عمل میں لائی جائے اور انٹرویو کے عمل میں صوبائی پیرامیڈکس ایسوسی ایشن کی نمائندگی کو یقینی بنا یا جائے تاکہ شفافیت برقرار رکھی جا سکے۔میڈیکل فیکلٹی میں پیرامیڈکس کی تعیناتی سے متعلق امور پر غور کرتے ہوئے صوبائی وزیرِ صحت نے ہدایت کی کہ اس معاملے کو متعلقہ فورمز پر قواعد و ضوابط کے مطابق نمٹایا جائے اور میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں ڈگری ہولڈر پیرامیڈکس کے لیے ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کے انعقاد سے متعلق معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ترقیوں کا عمل موجودہ سروس رولز کے مطابق مکمل کیا جائے گا تاکہ تمام متعلقہ افسران کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ مختلف پیرامیڈیکل کیڈرز میں ترقی کے عمل کو تیز کرنے اور زیر التواء ورکنگ پیپرز کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔صوبائی وزیرِ صحت نے مزید ہدایت کی کہ ریشو انہانسمنٹ، پے سکیل اور طویل عرصے سے زیر التواء سینیارٹی لسٹس سے متعلق امور پر کام تیز کیا جائے۔ جہاں مالی امور شامل ہوں وہاں محکمہ خزانہ کے ساتھ مشاورت کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ پیرامیڈکس کے لیے ٹیچنگ کیڈر کے قیام سے متعلق تفصیلی ورکنگ پیپر تیار کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔اجلاس کے اختتام پر صوبائی وزیرِ صحت نے پیرامیڈکس کے ساتھ مسلسل رابطے اور مشاورت کی اہمیت پر زور دیا اور باقاعدہ رابطہ کاری کے لیے فوکل پرسنز نامزد کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پیرامیڈکس کے جائز مسائل کے حل اور صحت کے شعبے کو مضبوط، مستحکم اور پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

صوبائی حکومت ضم اضلاع کی ترقی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے، شفیع جان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ضم اضلاع کی ترقی اور پسماندگی کے خاتمے کے لیے عملی اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے، اس ضمن میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ضم اضلاع کے لیے خصوصی ترقیاتی پیکج“روخانہ قبائل”کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت صحت، تعلیم، روزگار اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں ریکارڈ سرمایہ کاری کی جائے گی، ایک بیان میں معاون خصوصی نے کہا کہ خیبرپختونخوا بالخصوص ضم اضلاع ایک طویل عرصے تک دہشت گردی کا شکار رہے ہیں جبکہ بدقسمتی سے وفاقی حکومت نے بھی ضم اضلاع کی ترقی کے لیے وعدے کے مطابق فنڈز فراہم نہیں کیے جس کی وجہ سے وہاں ترقی کا عمل شدید متاثر ہوا۔ تاہم اب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں صوبائی حکومت ضم اضلاع کی پسماندگی، احساس محرومی کے خاتمے اور انہیں قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے ٹھوس اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے،شفیع جان نے کہا کہ صوبائی حکومت ضم اضلاع میں اسکولوں، مراکز صحت اور دیگر سرکاری عمارتوں کی سولرائزیشن کرے گی جس سے توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ انضمام کے وقت وفاقی حکومت نے سالانہ 100 ارب روپے فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا مگر سات برسوں میں مجموعی طور پر صرف 168 ارب روپے دیے گئے جبکہ وفاق کے ذمے اب بھی 532 ارب روپے واجب الادا ہیں،انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود صوبائی حکومت اپنے محدود وسائل سے ضم اضلاع کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہے اور“روخانہ قبائل”پیکج اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔ معاون خصوصی نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ کی مد میں اضافی فنڈز کی فراہمی یقینی بنائے کیونکہ دہشت گردی سے پورا صوبہ بالخصوص ضم اضلاع سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں،وفاقی حکومت کو چاہیے کہ وہ ضم اضلاع کی ترقی کے لیے اپنے وعدوں کو عملی جامہ پہنائے۔

کوہاٹ: صوبائی وزیرِ قانون کا لیاقت میموریل ہسپتال اور پناہ گاہ کا اچانک دورہ، سہولیات کا جائزہ

خیبرپختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم ایڈووکیٹ نے ہفتہ کی رات لیاقت میموریل ہسپتال کوہاٹ کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے مختلف وارڈز کے معائنے کرتے ہوئے مریضوں کی عیادت کی اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ہسپتال انتظامیہ نے انہیں علاج معالجے، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامی امور پر بریفنگ دی۔ وزیرِ قانون نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے مسائل سنے اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام کو معیاری، بروقت اور بلا تعطل علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے اور سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔بعد ازاں صوبائی وزیرِ قانون نے کوہاٹ پناہ گاہ کا بھی دورہ کیا اور پناہ گاہ میں فراہم کئے جانے والے کھانے کو خود کھا کر معیار، ذائقے اور صفائی کا عملی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پناہ گاہوں کا مقصد مستحق اور بے سہارا افراد کو باعزت اور صحت بخش خوراک کی فراہمی ہے جو عمران خان کے فلاحی ریاست کے وژن کا اہم حصہ ہے۔ آفتاب عالم نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ فلاحی منصوبوں میں شفافیت، صفائی اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور کہا کہ عوامی فلاحی منصوبوں کی خود نگرانی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

خیبرپختونخوا حکومت عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے پرعزم ہے، سید فخرجہان

خیبرپختونخوا کے وزیربرا ئے ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول سید فخرجہان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہبود، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور علاقائی تعمیر و ترقی کے لیے ٹھوس اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت پارٹی منشور کے مطابق عوامی مسائل کے فوری اور پائیدار حل کو اپنی اولین ترجیح بنائے ہوئے ہے اور عوام کو ان کی دہلیز پر ریلیف فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان کے وژن کے تحت عوامی خدمت، شفاف طرزِ حکمرانی اور میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی قیادت اور سرپرستی میں صوبائی حکومت صوبے بالخصوص پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں کی ترقی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور عوامی فلاحی منصوبوں پر عملی اقدامات کر رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز اپنے حلقہ نیابت پی کے 26 بونیر میں پبلک ڈے کے موقع پر کیا، جہاں صوبائی وزیر نے مصروف دن گزارا۔صوبائی وزیر سے ان کی رہائش گاہ پر بونیر اور پی کے 26 سے تعلق رکھنے والے متعدد عوامی وفود نے ملاقاتیں کیں اور اپنے درپیش مسائل و معروضات پیش کیں۔
صوبائی وزیر نے عوام کی باتیں نہایت توجہ سے سنیں اور متعدد مسائل کے فوری حل کے لیے متعلقہ محکموں اور افسران کو موقع پر ہی واضح اور ضروری احکامات جاری کیے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی مسائل کے حل میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
سید فخرجہان نے کہا کہ کسی بھی سرکاری ادارے کی جانب سے عوامی خدمت اور فرائض منصبی کی ادائیگی میں غفلت یا کوتاہی ناقابل قبول ہے، کیونکہ سرکاری و قومی اداروں کا بنیادی مقصد عوام کی خدمت اور انہیں بروقت ریلیف فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے ازالے کو یقینی بنایا جائے اور حکومتی اقدامات کے ثمرات عام شہری تک پہنچائیں

کمشنر کوہاٹ کی تحصیل گمبٹ کے علاقے قمر میں مٹی کا تودہ گرنے کے سانحے میں شہید 7 جوانوں کی رسمِ قُل میں شرکت، لواحقین سے اظہارِ تعزیت

کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ نے تحصیل گمبٹ کے علاقے قمر میں مٹی کا تودہ گرنے کے دلخراش واقعے میں شہید ہونے والے سات جوانوں کی رسمِ قُل میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے شہداء کے لواحقین سے صوبائی حکومت، ڈویژنل انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ کمشنر کوہاٹ نے شہداء کے ایصالِ ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔انہوں نے کہا کہ یہ افسوسناک سانحہ نہ صرف متاثرہ خاندانوں بلکہ پورے علاقے کیلئے گہرے رنج و غم کا باعث ہے اور پوری قوم اس دکھ کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ ساتوں جوان گزشتہ دنوں علاقے قمر میں مٹی کا تودہ گرنے کے حادثے میں جان کی بازی ہار گئے تھے، جس کے بعد پورے علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے۔

زارہ ڈویژن میں اسٹریٹ موومنٹ نے ثابت کیا کہ پاکستان تحریک انصاف آج بھی ملک کی سب سے بڑی اور مقبول سیاسی جماعت ہے، شفیع جان

وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی بھرپور انداز میں اسٹریٹ موومنٹ کی کامیابی کیساتھ قیادت کررہے ہیں اس سلسلے میں پارٹی کی قیادت کے ہمراہ ہزارہ ڈویژن میں اسٹریٹ موومنٹ کی قیادت کرکے عوامی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا جہاں ہزارہ کے غیور عوام نے وزیرا علیٰ اور دیگر قیادت کا فقیدالمثال استقبال کیا۔ایک بیان میں معاون خصوصی نے کہا کہ ہزارہ ڈویژن کے عوام نے بھرپور انداز میں اسٹریٹ موومنٹ میں شامل ہوکر یہ ثابت کردیا کہ پاکستان تحریک انصاف آج بھی ملک کی سب سے بڑی اور مقبول سیاسی جماعت ہے اور بانی چیئرمین عمران خان عوام کے دلوں میں زندہ ہیں،شفیع جان نے کہا کہ عوام عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور پاکستان تحریک انصاف ہی ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی واحد امید ہے، انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ موومنٹ کا مقصد ملک میں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، حقیقی جمہوریت اور عوام کے حق حکمرانی کا تحفظ ہے، انھوں نے واضح کیا کہ ائین و قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کے استحکام کے لئے پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی جدوجہد جاری رہے گی،شفیع جان نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان کی غیر قانونی، غیر آئینی اور سیاسی انتقام پر مبنی گرفتاری دراصل عوام کی آواز دبانے کی ایک ناکام کوشش ہے مگر قوم واضح پیغام دے چکی ہے کہ وہ ظلم، جبر اور فسطائیت کے سامنے کبھی نہیں جھکے گی،انہوں نے پنجاب اور وفاقی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملک کو مہنگائی، بے روزگاری، بدانتظامی اور آئینی بحران کی دلدل میں دھکیلنے والے جعلی حکمران عوام کا اعتماد مکمل طور پر کھو چکے ہیں جبکہ سیاسی انتقام اور جبر کے ذریعے اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے،معاون خصوصی نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا واحد صوبہ ہے جہاں عمران خان کے وژن اور وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں بہتر طرز حکمرانی، شفافیت، عوامی فلاح، امن و امان اور سرکاری محکموں میں اصلاحات کے لیے سنجیدہ اقدامات جاری ہیں جس کی بدولت صوبے میں گورننس کا معیار دیگر صوبوں سے نمایاں طور پر بہتر ہے۔