Home Blog Page 53

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم ارشد ایوب خان نے خیبر پختونخوا کے بورڈ آف انٹر میڈیٹ کے چیئر مینوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شعبہ تعلیم کے یکساں امتحانی طریقہ کار کی پالیسی تیار کریں او ر امتحانا ت میں نقل کے رجحان کی روک تھام کے لئے موثر قانون سازی اور بہتر حکمت عملی وضع کریں

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم ارشد ایوب خان نے خیبر پختونخوا کے بورڈ آف انٹر میڈیٹ کے چیئر مینوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شعبہ تعلیم کے یکساں امتحانی طریقہ کار کی پالیسی تیار کریں او ر امتحانا ت میں نقل کے رجحان کی روک تھام کے لئے موثر قانون سازی اور بہتر حکمت عملی وضع کریں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ آنے والے امتحانات میں صوبے کے تمام بورڈز طلبہ کے پیپر کی چیکنگ ای۔مارکنگ سسٹم کے تحت کروائیں۔یہ ہدایات انہوں نے جمعرات کے روز پشاور میں منعقدہ خیبر پختونخوا کے تمام بورڈ زآ ف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد خالد،تعلیمی بورڈز کے چیئرمین اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر خیبر پختونخوا کے تعلیمی بورڈز کے آئندہ امتحانات کے لئے سافٹ وئیر کی فراہمی،نقل کے خاتمے اورصوبے کے ہر ایک بورڈ کے کم از کم تین پیپر کی ای۔ مارکنگ کرانے کے لئے فوری اقدامات اٹھانے اور امتحانات میں ڈیوٹیا ں سرانجام دینے کے لائحہ عمل طے کرنے کے فیصلے کئے گئے۔ اسی طرح امتحانی ہالز میں انسپکٹرز کی تعیناتی کے لئے جوائنٹ انسپکٹریٹ کے تحت امتحانی ہالز میں آزادانہ طور پر انسپکشن کرانے کی تجویز دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خیبر پختونخوا کے تمام بورڈز انویجیلیٹر کی امتحانات میں نئے گریجویٹ سے ڈیوٹی لینے کے لئے اشتہار دیا جائے گا جبکہ مائیگریشن کے عمل پر پابندی ہوگی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم ارشد ایوب خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے تمام بورڈز کے چیئر مینوں کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ احسن طریقے سے امتحانات کے عمل کو شفاف انداز میں کامیابی سے مکمل کریں اور صوبے کے طلبہ کے لئے تعلیمی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ تمام طلبہ کو یکساں طور پر مواقع فراہم ہونے چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ طلبہ امتحانات میں نمبروں کی دوڑ سے نکلیں جس کے لئے نئی ڈی ایم سی متعارف کروائی جا رہی ہے اور اسکے تمام پہلوؤں کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے۔صوبائی وزیرنے بورڈز کے چیئر مینوں کو ہدایت کی کہ وہ شعبہ تعلیم کی ترقی کے لئے بہتر حکمت عملی اپنانے اور درپیش مسائل کے حل کرنے کے لئے باہمی مشاورتی اجلاسوں کا انعقاد کر یں تاکہ فروغ تعلیم کے مطلوبہ اہداف حاصل کئے جاسکیں۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے گڈ گورننس اور اوپن ڈو رپالیسی کے تحت محنت کش مزدوروں کو درپیش مسائل کے فوری حل اور شکایات کے مؤثر ازالے کے لیے محکمہ محنت خیبر پختونخوا کے زیراہتمام پشاور میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے گڈ گورننس اور اوپن ڈو رپالیسی کے تحت محنت کش مزدوروں کو درپیش مسائل کے فوری حل اور شکایات کے مؤثر ازالے کے لیے محکمہ محنت خیبر پختونخوا کے زیراہتمام پشاور میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ کھلی کچہری کی صدارت سیکرٹری محکمہ محنت و چیئرمین ورکرز ویلفیئر بورڈ کیپٹن (ر) میاں عادل اقبال نے کی۔ اس موقع پر سیکرٹری ورکرز ویلفیئر بورڈ شیر عالم خان، وائس کمشنر ای ایس ایس آئی وسیم احمد، ڈائریکٹر لیبر طارق خان، ڈائریکٹر ورکس آصف مجید، ڈائریکٹر میڈیکل, ڈپٹی ڈائریکٹر ورکس سمیت محکمہ محنت اور ورکرز ویلفیئر بورڈ کے دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔کھلی کچہری میں صنعتی مزدوروں بالخصوص خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنے مسائل براہِ راست انتظامیہ کے سامنے پیش کیے، جن کے فوری حل کے لیے موقع پر ہی ہدایات جاری کی گئیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری محکمہ محنت نے کہا کہ محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود حکومتِ خیبر پختونخوا کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ قابلیت کی بنیاد پر ہر سال پانچ مزدوروں کے بچوں کو بین الاقوامی تعلیمی وظائف فراہم کیے جائیں گے، جبکہ ہر سال دس مزدوروں کے بچوں کو سی ایس اے اکیڈمی کے ذریعے سول سروسز امتحانات کی تیاری کے لیے حکومتی اخراجات پر مواقع دیے جائیں گے۔کھلی کچہری کے دوران مزدوروں کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات کے افسران نے شفاف، جامع اور تسلی بخش انداز میں جوابات دیے اور شرکاء نے انتظامیہ کے عوام دوست رویے، بروقت اقدامات اور مسائل کے فوری حل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہری کا انعقاد حکومتِ خیبر پختونخوا کے محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود، شفاف حکمرانی اور عوامی مسائل کے فوری اور مؤثر حل کے عزم کی عملی عکاسی ہے۔

ڈی ایم او پشاور آر ٹی ایس کمیشن تاشفین اسرار کی پشاور پریس کلب صدر ایم ریاض سے ملاقات۔

رائیٹ ٹو سروسز (آر ٹی ایس) کمیشن کے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر تاشفین اسرار نے پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض سے ملاقات کی۔ ملاقات میں آر ٹی ایس کمیشن خیبرپختونخوا اور آر ٹی ایس ایکٹ 2014 پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈی ایم او پشاور نے صدر اور پریس کلب کے عہدیداروں کو آر ٹی ایس کمیشن کی خدمات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض نے عوام کی خدمات تک بروقت رسائی میں آر ٹی ایس کمیشن کی اہمیت اور کاوشوں کو سراہا اور اس امر پر زور دیا کہ کمیشن سے بہتر انداز میں استفادہ کے لئے آر ٹی ایس کمیشن سے متعلق عوام میں زیادہ سے زیادہ آگاہی دی جائے اور اس ضمن میں میڈیا کا کردار بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو آر ٹی ایس مطلع شدہ خدمات کے بارے میں آگاہ کرنے کے لئے ایک مکمل اوریئنٹیشن اور آگاہی سیشن کا اہتمام کیا جائے۔ڈی ایم او تاشفین اسرار نے اس تجویز کا خیر مقدم کیا اور یقین دلایا کہ جلد ہی صحافیوں کو آر ٹی ایس مطلع شدہ خدمات اور ان کے کردار کے بارے میں آگاہ کرنے کے لئے ایک سیشن کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ شفافیت اور ذمہ داری کو فروغ دیا جا سکے۔اس موقع پر عوام کی خدمات تک بروقت رسائی، گڈ گورننس اور شفافیت کو فروغ دینے کے لئے آر ٹی ایس کمیشن اور میڈیا کے درمیان تعاون اور قریبی رابطے پر اتفاق کا اظہار کیا گیا۔

وفاقی وزراء پاکستان تحریک انصاف کو عوامی سیاست کا درس دینے سے پہلے اپنا سیاسی مقام دیکھیں،شفیع جان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور طلال چودھری کی حالیہ پریس کانفرنس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں وفاقی وزراء پاکستان تحریک انصاف کو عوامی سیاست کا درس دینے سے پہلے اپنا سیاسی مقام دیکھیں،پاکستان تحریک انصاف اس وقت ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جو حقیقی معنوں میں عوامی خدمت اور عوامی سیاست کی نمائندہ ہے جبکہ موجودہ وفاقی حکمران جعلی فارم 47 کے ذریعے اقتدار میں آئے ہیں۔ یہاں سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے نورتنوں کا بیانیہ بری طرح ناکام ہو چکا ہے اور قوم اب ان کے جھوٹے اور ناکام بیانیے سے بخوبی آگاہ ہے،معاون خصوصی نے کہا کہ وادی تیراہ سے متعلق وفاقی وزراء کی پریس کانفرنسز اور قومی اسمبلی میں کی گئی تقاریر ریکارڈ پر موجود ہیں جو خود ان کے تضادات اور جھوٹے مؤقف کو بے نقاب کرنے کے لیے کافی ہیں، انہوں نے کہا کہ جعلی وفاقی حکومت کا اصل چہرہ اب پوری قوم کے سامنے آ چکا ہے اور مسلسل پریس کانفرنسز کے ذریعے حقائق چھپانے کی ناکام کوششیں کی جا رہی ہیں،شفیع جان نے مزید کہا کہ تیراہ سے انخلاء کے معاملے پر وفاقی حکومت نے نہایت ہی منفی سیاست کی جسے عوام کبھی معاف نہیں کریں گے،انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراء آپریشن سے متعلق اپنے ہی بیانات سے مکر گئے جو یوٹرن نہیں بلکہ عوام کو گمراہ کرنے کا ایک منظم ڈرامہ ہے۔ عطاء اللہ تارڑ کو دانستہ طور پر ڈس انفارمیشن پھیلانے کے لیے آگے لایا گیا ہے،انہوں نے کہا کہ عطاء اللہ تارڑ اور طلال چودھری نے مل کر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کے خلاف منظم پروپیگنڈا مہم چلائی لیکن باشعور عوام نے صوبائی حکومت اور وزیر اعلیٰ کے خلاف پراپیگنڈہ کو پوری طرح مسترد کردیا ہے،بند کمروں میں فیصلے کرنے والے جعلی وفاقی وزرا عوام میں جانے سے خوفزدہ ہیں جبکہ عوام اب وفاق پر مسلط منفی کرداروں سے تنگ آ چکے ہیں،معاون خصوصی نے کہا کہ مسترد شدہ ٹولہ اپنی مردہ سیاست میں جان ڈالنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے مگر پاکستان تحریک انصاف نے عوام دشمن سیاست کرنے والوں کا سیاسی بستر گول کرنے کا عزم کر رکھا ہے،دریں اثناء وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف وفاقی حکومت کی جانب سے حالیہ مقدمہ کے اندراج اور ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت 8 فروری کے احتجاج کے اعلان سے خوفزدہ اور بوکھلاہٹ کا شکار ہے، انہوں نے کہا کہ احتجاج کو روکنے کے لیے سازشیں کی جا رہی ہیں تاہم پاکستان تحریک انصاف عوام اور اپنے کارکنوں کے ساتھ مل کر 8 فروری کے احتجاج کو ہر صورت کامیاب بنائے گی۔

گڈ گورننس روڈ میپ، وزیر بلدیات مینا خان آفریدی کل کھلی کچہری میں عوام کے رو برو پیش ہوں گے

خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم و بلدیات مینا خان آفریدی کی زیر صدارت عوامی مسائل کے براہِ راست حل کے لیے کل بروز جمعرات “کھلی کچہری”کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد شہریوں کو اپنی شکایات، مسائل اور تجاویز براہِ راست متعلقہ حکام تک پہنچانے کا مؤثر موقع فراہم کرنا ہے۔یہ کھلی کچہری 29 جنوری 2026 کو دوپہر ایک بجے فیس بک لائیو کے ذریعے نشر کی جائے گی، جس میں سیکرٹری بلدیات سمیت محکمہ بلدیات کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوں گے۔ کھلی کچہری کا اہتمام محکمہ لوکل گورنمنٹ، الیکشنز اینڈ رورل ڈویلپمنٹ کی جانب سے کیا جا رہا ہے۔مذکورہ ایونٹ کے حوالے سے وزیر بلدیات مینا خان آفریدی نے کہا ہے کہ حکومت شہریوں کو بلدیاتی خدمات کی فراہمی میں شفافیت، بہتری اور بروقت رسپانس کو یقینی بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، اور کھلی کچہری اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اپنے علاقوں سے متعلق بلدیاتی مسائل، شکایات اور تجاویز بلا جھجھک کھلی کچہری میں پیش کر سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عوامی مسائل کا فوری اور مؤثر حل حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کھلی کچہری کے ذریعے موصول ہونے والی شکایات کو متعلقہ حکام تک پہنچا کر ان کے ازالے کو یقینی بنایا جائے گا۔وزیر بلدیات نے عوام سے اپیل کی کہ وہ فیس بک لائیو سیشن میں بھرپور شرکت کریں اور اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے مسائل براہِ راست (www.facebook.com/share/183XAMXYZ8DI/?MIBEXTID=WWXIFR) کے ذریعے حکومت کے سامنے رکھیں تاکہ بلدیاتی نظام کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم ارشد ایوب خان سے خانپور میں منعقدہ پبلک ڈے کے موقع پر مختلف عوامی وفود نے ملاقاتیں کیں

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم ارشد ایوب خان سے خانپور میں منعقدہ پبلک ڈے کے موقع پر مختلف عوامی وفود نے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر وفود نے علاقائی ترقیاتی منصوبوں، تعلیمی سہولیات اور دیگر عوامی مسائل سے متعلق امور صوبائی وزیر کے سامنے رکھے۔ارشد ایوب خان نے وفود کے مسائل توجہ سے سنے اور ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کرنے، تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل کے حل اور عوامی فلاح سے متعلق اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جائے اور جاری ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔صوبائی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے اور پبلک ڈے جیسے اقدامات عوام اور حکومت کے درمیان فاصلے کم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ عوامی فلاح اور تعلیمی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے قانون، پارلیمانی امور و انسانی حقوق آفتاب عالم کی زیر صدارت کابینہ کی قائمہ کمیٹی کا ایک اہم اجلاس بدھ کے روز پشاور میں منعقد ہوا

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے قانون، پارلیمانی امور و انسانی حقوق آفتاب عالم کی زیر صدارت کابینہ کی قائمہ کمیٹی کا ایک اہم اجلاس بدھ کے روز پشاور میں منعقد ہوا، جس میں توانائی، جنگلات کے تحفظ اور سول ڈیفنس کے انتظامی و تنظیمی امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان، مشیر خزانہ مزمل اسلم، سیکرٹری محکمہ توانائی و بجلی نثار احمد، محکمہ قانون، محکمہ داخلہ، سول ڈیفنس، ریلیف، محکمہ جنگلات، پیڈو، محکمہ خزانہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں محکمہ سول ڈیفنس کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے سے متعلق امور زیر غور آئے۔ کمیٹی کو سول ڈیفنس کے نئے تنظیمی ڈھانچے پر بریفنگ دی گئی، جس کے تحت محکمہ کو محکمہ داخلہ و قبائلی امور کے ماتحت مزید مؤثر انداز میں فعال بنانے کی تجویز پیش کی گئی۔ اجلاس میں سول ڈیفنس کی ری الائنمنٹ اور ری سٹرکچرنگ پر بھی غور کرتے ہوئے زور دیا گیا کہ جنگ ہویا امن، ہر صورتحال میں یہ محکمہ مکمل طور پر فعال ہو اور اس کی کارکردگی واضح طور پر نظر آئے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ چونکہ ریسکیو 1122 پہلے ہی محکمہ ریلیف کے تحت کام کر رہا ہے، اس لیے سول ڈیفنس کو محکمہ ریلیف کی بجائے محکمہ داخلہ کے ماتحت رکھنا زیادہ موزوں ہوگا۔ سول ڈیفنس حکام نے محکمہ کی 418 منظور شدہ اسامیوں اور سالانہ سرگرمیوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔اجلاس میں ضلع چترال کے علاقے ارندو گول کے جنگلات سے لکڑی کی غیر قانونی کٹائی اور ترسیل سے متعلق معاملات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 2004 تا 2010 کے دوران لاء اینڈ آرڈر کی کمزور صورتحال کے باعث مذکورہ علاقے میں بڑے پیمانے پر جنگلات کی غیر قانونی کٹائی عمل میں آئی۔ مزید بتایا گیا کہ دیر کوہستان اور شیرینگل کے علاقوں میں سالانہ تقریباً دس لاکھ مکعب فٹ لکڑی جلائی جاتی ہے جو ماحولیاتی نظام اور قیمتی قومی وسائل کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ اس وقت ضلع چترال میں 7343 گرے ہوئے درخت، 13891 لاگز اور 68551 سکنٹس کی صورت میں لکڑی موجود ہے۔اجلاس میں لکڑی کی معاشی قدر کے تعین، غیر قانونی نقل و حمل کی روک تھام اور جلائی جانے والی لکڑی کے متبادل ذرائع متعارف کرانے سے متعلق مختلف تجاویز زیر غور آئیں۔ یہ تجویز بھی پیش کی گئی کہ آئل اینڈ گیس رائلٹی کے طرز پر ارندو گول میں موجود 1.70ملین کیوبک فٹ لکڑی سے حاصل ہونے والی آمدن کو متعلقہ علاقوں کی ترقی پر خرچ کیا جائے، جس کے لیے مقامی آبادی کی رضامندی حاصل کرنے پر زور دیا گیا۔ اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ بروقت اقدامات نہ ہونے کی صورت میں قیمتی لکڑی کے ضائع ہونے کا خدشہ موجود ہے۔ اس ضمن میں ایک مرتبہ ایمنسٹی دینے کی صورت میں 70 فیصد رقم سرکار اور 30 فیصد مقامی سٹیک ہولڈرز کو دینے جبکہ ایمنسٹی نہ دینے کی صورت میں آمدن بحق سرکار آنے سے قبل گرانٹ اِن ایڈ فراہم کرنے کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس میں گبرال–کالام 88 میگاواٹ اور مدین 215 میگاواٹ ہائیڈرو پاور منصوبوں سے متعلق امور پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ سیکرٹری محکمہ توانائی و بجلی نے منصوبوں کے مالیاتی تخمینوں پر بریفنگ دی جن میں سرمائے کی اوسط لاگت، متوقع منافع کی شرح، خالص موجودہ مالی قدر، قرضہ جات کی ادائیگی کی صلاحیت، سرمایہ واپسی کی مدت اور دیگر مالی و تکنیکی پہلو شامل تھے۔ محکمہ توانائی، پیڈو اور متعلقہ اداروں نے منصوبوں کی تازہ ترین پیش رفت، فنانشل اور تکنیکی صورتحال سے آگاہ کیا۔اجلاس میں خیبر پختونخوا ہائیڈرو پاور و قابل تجدید توانائی ترقیاتی پروگرام کے تحت ان منصوبوں کے لیے اضافی مالی وسائل کی فراہمی، منصوبوں کو آگے بڑھانے اور ان کی باضابطہ توثیق سے متعلق امور زیر غور آئے۔ شرکاء نے کہا کہ یہ منصوبے صوبے میں صاف، سستی اور ماحول دوست توانائی کے فروغ کے ساتھ ساتھ پاکستان کو توانائی کے شعبے میں خود انحصاری کی جانب لے جانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔اس موقع پر وزیر قانون آفتاب عالم نے کہا کہ ہائیڈرو پاور، سیاحت، تیل و گیس اور معدنی وسائل خیبر پختونخوا کے وہ قدرتی اثاثے ہیں جو صوبے کی تقدیر بدلنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ صوبائی حکومت ان وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لا کر پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سول ڈیفنس کے نئے ڈھانچے، جنگلاتی وسائل کے تحفظ اور توانائی منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے جامع اور مربوط طریقہ کار مرتب کیا جائے تاکہ تمام قانونی اور انتظامی تقاضے بروقت مکمل کیے جا سکیں۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ صوبائی حکومت عوامی تحفظ، قدرتی وسائل کے تحفظ اور توانائی کے شعبے کی ترقی کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل رکھتے ہوئے خیبر پختونخوا کو ایک مستحکم اور خود کفیل صوبہ بنانے کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے گی۔

خیبرپختونخوامیں توانائی کے10منصوبوں سے224میگاواٹ سستی بجلی کی پیدا وارجاری

خیبرپختونخواحکومت اپنے وسائل سے توانائی کے جاری منصوبوں پرتیزی سے کام کررہی ہے۔اس وقت 224میگاواٹ کے 10توانائی منصوبے مکمل کرلئے گئے ہیں جن سے صوبے کوسالانہ 5ارب روپے کی آمدن ہورہی ہے جبکہ آئندہ پانچ سالوں میں توانائی کے جاری مزید 7منصوبوں کی تکمیل سے سستی بجلی کی پیداواری صلاحیت بڑھ کر1000میگاواٹ ہوجائے گی جس سے صوبے کوسالانہ تقریباً 55ارب روپے کی آمدن متوقع ہے۔ ضلع سوات میں توانائی کے 3فلیگ شپ منصوبوں پربھی کام تیزی سے جاری ہے جن سے 387میگاواٹ بجلی کی پیداوار آئندہ2سالوں میں شروع ہوجائے گی۔سوات کوریڈورپر40کلومیٹرطویل ٹرانسمیشن لائن بچھانے پربھی کام تیز کردیا گیا ہے جورواں سال مکمل کرلیا جائے گاجن کی تکمیل سے صوبے کے صنعتی شعبے کو سستی بجلی فروخت کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہارسیکرٹری توانائی وبرقیات نثاراحمد نے پن بجلی کے جاری7 اہم منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری توانائی انورخان شیرانی،چیف ایگزیکٹو پیڈوانجینئرانوارالحق، سینئرچیف پلاننگ آفیسرسیدظاہرشاہ اوردیگرسینئرافسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو پیڈوانجینئرانوارالحق نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ گزشتہ سال 63میگاواٹ کے تین اہم پن بجلی منصوبے40.8میگاواٹ کوٹودیر،11.8میگاواٹ کروڑہ شانگلہ اور10.2میگاواٹ جبوڑی مانسہرہ کامیابی کے ساتھ مکمل کرلئے گئے ہیں جن کی تکمیل کے بعد پیڈوکی سستی بجلی کی مجموعی پیداواری صلاحیت بڑھ کر224میگاواٹ ہوچکی ہے۔اسی طرح 7منصوبوں جن میں 300میگاواٹ بالاکوٹ مانسہرہ،215میگاواٹ مدین سوات،88میگاواٹ گبرال کالام،84میگاواٹ مٹلتان سوات،69میگاواٹ لاوی چترال،13.5میگاواٹ چپری چارخیل کرم 6.9میگاواٹ مجاہدین پاورپراجیکٹ تورغر منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔اس موقع پر سیکرٹری توانائی نے مٹلتان سے مدین تک 40 کلو میٹر طویل 132/220 کے وی ٹرانسمشن لائن منصوبے کوآنے والے دنوں میں انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے منصوبے کو رواں سال ٹائم فریم میں ہرصورت مکمل کرنے پر زوردیا اور صوبے کے سب سے بڑے منصوبے 300میگاواٹ بالاکوٹ پر بھی متعلقہ پراجیکٹ ڈائریکٹر کوکام مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں۔سیکرٹری توانائی نے پیڈوحکام کوہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ جاری توانائی منصوبے مکمل ہونے کے بعد نیشنل گرڈ میں شامل کئے جائیں اگرنیشنل گرڈ میں شامل نہ کئے جائیں توصنعتی شعبے کو ارزاں نرخوں پر بجلی کی فروخت کے لئے ڈائریکٹ سپلائی ماڈل کے تحت ڈسٹری بیوشن لائسنس فوری حاصل کئے جائیں۔انہوں نے پراجیکٹ ڈائریکٹرزکوسختی سے خبردارکرتے ہوئے کہاکہ وہ منصوبوں کا اینالائسز گیپ کاجائزہ لے کرآپریشنل گیپ،ٹی اوآرز،ٹائم باؤنڈنگ سمیت تمام رکاوٹوں کودورکرکے مقررہ ٹائم لائن کے اندرمنصوبے مکمل کریں بصورت دیگرکسی قسم کی تاخیر ناقابل برداشت ہوگی۔

صوبائی وزیرِ صحت کی خیبر گرلز میڈیکل کالج پشاور میں وائٹ کوٹ اور حلف برداری کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت

خیبر پختونخوا کے وزیرِ صحت خلیق الرحمن نے خیبر گرلز میڈیکل کالج پشاور میں منعقدہ وائٹ کوٹ اور حلف برداری کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ایم بی بی ایس کے 150 نئے طلبہ و طالبات نے وائٹ کوٹ پہننے کے ساتھ ساتھ اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کا حلف بھی اٹھایا۔ وزیرِ صحت کی آمد پر ڈین، پرنسپل، اساتذہ، والدین اور طالبات کی بڑی تعداد نے اُن کا پرتپاک استقبال کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیرِ صحت نے کہا کہ وائٹ کوٹ اور حلف برداری کی تقریب طلبہ کے طبی سفر کا ایک نہایت اہم اور تاریخی مرحلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اٹھایا جانے والا حلف محض رسمی الفاظ نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت، دیانت داری، پیشہ ورانہ مہارت اور اخلاقی اقدار سے وابستگی کا تاحیات عہد ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ طب ایک باعزت اور مقدس پیشہ ہے جسے ذاتی مفادات اور لالچ سے بالاتر ہو کر اپنانا چاہیے۔وزیرِ صحت نے کہا کہ محکمہ صحت کو نوجوان، باصلاحیت، متحرک اور دیانت دار ڈاکٹرز کی اشد ضرورت ہے تاکہ صوبے میں صحت کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ انہوں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ صحت کے شعبے میں غفلت، نااہلی اور بددیانتی کی کوئی گنجائش نہیں کیونکہ اس پیشے کا براہِ راست تعلق انسانی جانوں سے ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنے کیریئر کے ہر مرحلے پر اعلیٰ اخلاقی معیار کو ملحوظ رکھیں۔وزیرِ صحت نے والدین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی بیٹیوں کی تعلیم و تربیت کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بے شمار باصلاحیت نوجوان مالی مجبوریوں کے باعث طبی تعلیم حاصل نہیں کر پاتے، لہٰذا جن 150 طالبات کو یہ موقع ملا ہے وہ اسے ایک قومی ذمہ داری سمجھتے ہوئے عوام کی خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا کی توجہ معیاری صحت کی سہولیات کی فراہمی اور بہتر نتائج کے حصول پر مرکوز ہے۔ محکمہ صحت عوام کو طبی سہولتیں فراہم کرنے اور اس شعبہ کی مؤثر بہتری کے لیے جامع اور طویل المدتی اصلاحات اور پالیسیوں پر عمل پیرا ہے، جن کا مقصد طبی سہولیات، انسانی وسائل، انفراسٹرکچر اور جدید آلات کی بہتری کو یقینی بنانا ہے۔صوبائی وزیرِ صحت نے احتیاطی صحت (Preventive Healthcare) کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بیماریوں سے بچاؤ کے لیے طرزِ زندگی اور خوراک میں مثبت تبدیلی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں پر بڑھتا ہوا دباؤ تشویشناک ہے اور اس کا مؤثر حل بیماریوں کی بروقت روک تھام میں مضمر ہے۔ انہوں نے آنے والی نسلوں کے لیے صاف، محفوظ اور صحت مند مستقبل کی ضرورت پر بھی زور دیا۔انہوں نے بنیادی صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ڈاکٹرز کو چاہیے کہ وہ اپنی خدمات مقامی سطح پر سرانجام دیں تاکہ بنیادی صحت مراکز اور دیہی صحت مراکز کو مؤثر اور فعال بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ مضبوط پرائمری ہیلتھ کیئر ہی بڑے ہسپتالوں پر دباؤ کم کرنے کا واحد پائیدار حل ہے۔ صوبائی وزیرِ صحت نے مزید کہا کہ محکمہ صحت صوبے بھر میں موجود خامیوں کے ازالے کے لیے مسلسل اور سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے مراکز میں ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف، ادویات اور جدید طبی آلات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مشترکہ کوششوں اور باہمی تعاون سے صوبے کے صحت کے نظام میں واضح اور مثبت تبدیلی لائی جائے گی۔

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان نے عابد خان کرکٹ گراؤنڈ چارسدہ میں منعقدہ عمران خان گولڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان نے عابد خان کرکٹ گراؤنڈ چارسدہ میں منعقدہ عمران خان گولڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ فائنل مقابلے کے موقع پر کرکٹ شائقین، نوجوان کھلاڑیوں، سپورٹس آرگنائزرز، سماجی شخصیات اور معززینِ علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔فائنل میچ سے قبل صوبائی وزیر فضل شکورخان کا شاندار استقبال کیا گیا جبکہ قومی ترانے کے بعد میچ کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے کھلاڑیوں سے مصافحہ کیا اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کھیل کے میدان میں بہترین کارکردگی دکھانے کی تلقین کی۔ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا سب سے قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں اور نوجوانوں کی صحیح سمت میں رہنمائی ہی ایک مضبوط اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کی جسمانی نشوونما کے ساتھ ساتھ ان کی ذہنی تربیت، نظم و ضبط، برداشت، صبر اور ٹیم ورک جیسی خصوصیات کو فروغ دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان گولڈ کپ جیسے ٹورنامنٹس نوجوانوں کے اندر چھپی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں اور اس طرح کے مقابلے نوجوان کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نہ صرف صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دیتے ہیں بلکہ نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں، منشیات اور جرائم سے دور رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔صوبائی وزیر نے مذید کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور کھیلوں کے فروغ کو اپنی ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے اور صوبے بھر میں کھیلوں کے میدانوں کی بحالی، سپورٹس انفراسٹرکچر کی بہتری اور نوجوانوں کے لیے صحت مند سرگرمیوں کے مواقع پیدا کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ایک صحت مند نوجوان ہی ایک مضبوط اور خوشحال خیبر پختونخوا کی ضمانت ہے۔انہوں نے ٹورنامنٹ کے منتظمین کو کامیاب ٹورنامنٹ کے انعقاد پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ایونٹس نوجوانوں میں مثبت سوچ، بھائی چارے، برداشت اور امن کے پیغام کو فروغ دیتے ہیں۔ صوبائی وزیر نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی عمران خان گولڈ کپ جیسے معیاری ٹورنامنٹس کا تسلسل جاری رکھا جائے گا تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے مزید مواقع میسر آئیں۔تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر نے فائنل میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کامیاب ٹیم کو ٹرافی اور نقد انعامات دیے جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں بھی انفرادی انعامات تقسیم کیے گئے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہی نوجوان مستقبل میں ملک و صوبے کا نام روشن کریں گے۔