وزیر زراعت خیبرپختونخوا میجر (ر) محمد سجاد بارکوال نے اپنے حلقہ نیابت کرک کے تعلیمی اداروں،گورنمنٹ سنٹینل ماڈل سکول چوکارہ، گورنمنٹ ہائی سکول اورپرائمری سکول غنڈی کلہ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پرانہوں نے تعلمی اداروں کے سربرہان اور اساتذہ کے ہمراہ کلاس رومز اور تعلیمی سہولیات کا جائزہ لیا۔ وزیر زراعت طلباء سے بھی ملے اور تعلیم کے میدان میں ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہی قوم کی ترقی اور خوشحالی کی اصل بنیاد ہے اور طلباء کو مزید محنت اور لگن کے ساتھ تعلیم حاصل کرنی چاہیے۔او موقع پر اساتذہ کرام نے اداروں کو درپیش مسائل سے بھی وزیر موصوف کو آگاہ کیا جنہیں سن کر صوبائی وزیرنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر زراعت نے گورنمنٹ سنٹینل ماڈل سکول چوکارہ کے خستہ حال کمروں اور چار دیواری کی مرمت و بحالی کیلئے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کو فوری فزیبلیٹی رپورٹ تیار کرنے اور سکول میں طلباء کی سہولت کیلئے سولر پلانٹ لگانے کے احکامات بھی دیے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے کے ہر حصے میں معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔اس موقع پر اساتذہ اور طلباء نے وزیر زراعت کے دورے کو خوش آئند اور حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈاپور کی آج عمران خان سے اڈیالہ جیل میں اہم ملاقات ہوئی ہے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف
وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامی بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈاپور کی آج عمران خان سے اڈیالہ جیل میں اہم ملاقات ہوئی ہے۔ ملاقات دو گھنٹے سے زائد جاری رہی۔ جس میں خیبر پختونخوا میں امن و امان، سیکیورٹی اور متعلقہ معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ عمران خان نے وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈاپور پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے تمام اہم معاملات پر عمران خان کو اعتماد میں لیا اور صوبے میں امن و امان کے حوالے سے کے پی حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزہد بتایا کہ عمران خان کو قیام امن کے لئے قبائلی جرگوں کے انعقاد کے بارے میں بھی بتایا گیا، ملاقات میں افغانستان سے مذاکرات کے معاملے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ اورعمران خان نے وزیراعلیٰ کو افغانستان کے ساتھ رابطہ کاری اور مذاکرات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔عمران خان کو صوبے کی معاشی صورتحال اور بجٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، وزیراعلیٰ نے معیشت کی مضبوطی کے لیے صوبائی حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا، جس پر عمران خان نے اطمینان کا اظہار کیا،بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ معاشی معاملات اور بجٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ کے لیے عمران خان نے مشیر خزانہ مزمل اسلم کو بھی طلب کیا ہے۔ مشیر خزانہ کو عمران خان سے مسلسل ملاقات نہ کروائے جانے کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایات دی گئیں۔ اس موقع پر مختلف محکموں اور وزراء کی کارکردگی پر بھی تفصیلی بات ہوئی اورعمران خان نے وزیر اعلی کو اس ضمن میں مکمل اختیار دیتے ہوئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔ عمران خان نے قانون کی بالادستی اور حقیقی آزادی کی تحریک کو مزید تیز کرنے اور اس سلسلے میں وزیراعلی کو تحریک کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کیلئے ہدایات بھی دیں۔ اسی طرح ملاقات میں پارٹی کے اندرونی اختلافات پر بھی تفصیلی بات ہوئی۔عمران خان نے پارٹی میں تفریق پیدا
کرنے اور باہمی اعتماد اور یکجہتی کے خلاف سخت اقدامات کی ہدایت دی ہیں۔ بے بنیاد اور منفی بیان بازی کرنے اور اندرونی اتحاد کو مجروح کرنے والوں کا سدباب کرنے کا کہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اختلافات پیدا کرنے والوں کے لیے پارٹی میں کوئی جگہ نہیں،بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی کے حوالے سے وزیراعلیٰ کل سپریم کورٹ سے دوبارہ رجوع کریں گے، صوبے کے عوام نے عمران خان کو مینڈیٹ دیا ہے، اس لیے ان سے باقاعدگی سے مشاورت انتہائی ضروری ہے۔
ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبرپختونخوا کے تحت جنوبی وزیرستان لوئر میں انسداد منشیات سیمینار اور آگاہی واک کا انعقاد
جنوبی وزیرستان لوئر کے نوجوانوں کو منشیات کے ناسور سے بچانے اور معاشرے میں اس کے خلاف شعور اجاگر کرنے کے لیے ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبرپختونخوا کے ضلعی دفتر جنوبی وزیرستان لوئر کے زیر اہتمام تحصیل شکئی میں انسداد منشیات سیمینار اور آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔یہ اقدام ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان لوئر مسرت زمان کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ڈائریکٹر یوتھ افیئرز خیبرپختونخوا ڈاکٹر نعمان مجاہد کی زیر نگرانی ایک مقامی فلاحی تنظیم کے اشتراک سے کیا گیا۔سیمینار کا مقصد نوجوانوں کو منشیات کے مضر اثرات سے آگاہ کرنا، ان کی رہنمائی کرنا اور انہیں ایک صحت مند، باوقار اور منشیات سے پاک معاشرے کی تشکیل میں کردار ادا کرنے کے لیے متحرک کرنا تھا۔تقریب کا آغاز ایک آگاہی واک سے ہوا جس کے بعد مقامی معزز شخصیات نے انسداد منشیات کے حوالے سے اثر انگیز تقاریر کیں۔مقررین نے اپنے خطابات میں اس بات پر زور دیا کہ منشیات کا بڑھتا ہوا استعمال نہ صرف نوجوان نسل کو تباہی کی طرف لے جا رہا ہے بلکہ یہ ایک سنگین عوامی صحت کا بحران بھی بن سکتا یے۔ انہوں نے معاشرے کے تمام طبقات، خصوصاً والدین، اساتذہ، علما کرام اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ منشیات کے خلاف جدوجہد میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔مقررین کا کہنا تھا کہ منشیات کے خلاف مؤثر آگاہی مہم اور بحالی مراکز کے قیام جیسے اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں تاکہ نوجوانوں کو ایک روشن مستقبل فراہم کیا جا سکے۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ معاشرے میں انسداد منشیات کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور گراس روٹ سطح پر آگاہی اور بحالی کے اقدامات میں بھرپور حصہ لیں گے۔
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیرصدارت اجلاس،گورننس امور، تجاوزات کے خاتمے اور دیگر امور پر اہم فیصلے
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیرصدارت گورننس امور پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں تجاوزات کے خاتمے، اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں استحکام، سیاحت کے فروغ، صوبائی دارالحکومت کی اپلفٹ اور مستقبل میں سیلاب سے بچاؤ کے لئے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں انتظامی سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے جبکہ ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ 30 جون سے اب تک تجاوزات کیخلاف آپریشن میں 207 بلڈنگز کو سیل کیا گیا ہے۔ 1048 کنال پر محیط غیر قانونی بلڈنگز کو گرایا گیا ہے۔ 1741 کنال پر قائم تجاوزات ہٹائی گئی ہیں۔ گزشتہ ہفتے کے دوران 20 کنال سے زائد احاطے پر تجاوزات ہٹائی گئی ہیں۔اس کے علاوہ اجلاس کو مختلف محکموں کے 52،562 کنال انکروچڈ لینڈ کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے جس کی نشاندہی کی گئی ہے۔ یہ ڈیٹا تمام ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ شئیر کردیا گیا ہے جس پر ضلعی انتظامیہ محکموں کے فیلڈ افسران کے ساتھ مل کر کاروائی شروع کررہے ہیں۔چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ تمام محکمے ان اراضیات کو بہتر استعمال میں لانے کے لئے اپنی پلاننگ مکمل کریں۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے بتایا کہ 38 کلومیٹر بڈھنی نالہ پر پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے پلان تیار کیا ہے۔نالے پر بنے غیر قانونی سات تعمیرات اب تک گرائے گئے ہیں جس سے پانی کے بہاو میں خلل پڑتا تھا۔چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ پشاور میں ہاؤسنگ سوسائٹیز کو لینڈ یوز پلان کے تحت ہی این او سیز جاری کی جائیں۔ جو اراضی لینڈ یوز پلان میں گرین لینڈ ہے وہاں پر تعمیرات کی اجازت نہ دی جائے۔ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائے تاکہ قانونی کاروائی عمل میں لائی جاسکے۔ اس حوالے سے تمام متعلقہ ادارے آپس میں ربط سے کام کریں۔اجلاس کو گندم، آٹے اور چینی کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت سرمایہ کاری کے لئے منصوبوں کی پچ بک، اور پی پی پی پراجیکٹ کی ٹریکنگ پر کام کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ پشاور ڈی آئی خان موٹروے، سوات موٹروے فیز ٹو، ٹھنڈیانی سیاحتی منصوبہ، درابن اکنامک زون، گنھول انٹیگریٹڈ ٹورازم زون پر پیش رفت کے بارے میں بھی اجلاس کو بتایا گیا۔سیکرٹری ایریگیشن نے آبی گذرگاہوں کی ڈی سلٹنگ صفائی کے بارے میں مختلف آپشنز پیش کئے اور انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے جامع پلاننگ کی گئی ہے جس کی صوبائی کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔اجلاس کو پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے منصوبوں کے بارے میں بتایا گیا۔ چیف سیکرٹری نے گزشتہ روز نیو جنرل بس ٹرمینل پشاور کا دورہ کرکے اس پر جاری ترقیاتی کام کا جائزہ لیا تھا جبکہ محکمہ منصوبہ بندی و ترقی خیبرپختونخوا کو ایک ہزار ملین کا پی سی ون منظوری کیلئے بھیجا گیا ہے جس میں جی ٹی روڈ جمرود روڈ، رنگ روڈ کے روڈ فرنیچر بحالی شامل ہے۔ یہ اقدامات صوبائی دارالحکومت کی اپلفٹ کے تحت اٹھائے جا رہے ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ سیاحت نے گلیات میں بی این اے روڈ اور گلیات کیلئے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پلان صوبائی کابینہ منظوری کے لئے بھیج دیا ہے یہ اقدام سیاحت کے فروغ اور ماحولیاتی تحفظ کے لئے کیا جارہا ہے۔
ضلع کرک میں 11 نئی سڑکوں کی منظوری دی گئی ہے. وزیر زراعت
وزیرِ زراعت خیبرپختونخوا میجر (ر) سجاد بارکوال نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کیعوامی وژن اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی خصوصی دلچسپی کے نتیجے میں ضلع کرک کے مختلف علاقوں کیلئے 11نئی سڑکوں کی باقاعدہ منظوری دی گئی ہے جن کی تکمیل سے نہ صرف سفری سہولیات میں بہتری آئے گی بلکہ مقامی معیشت اور زرعی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔ وزیرِ زراعت خیبرپختونخوا میجر (ر) سجاد بارکوال نے اپنے حلقے میں ان منصوبوں کی سائیٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے میں انہوں نے علاقہ عمائدین اور پارٹی کارکنان سے ملاقات کی اور ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور شفافیت پر تبادلہ خیال کیا۔ منظور شدہ منصوبوں میں اشرف خان روڈ (احمد والا تا نیو آبادی امبیری کلہ)، احمدوالہ زرعی فارم تا انڈس ہائی وے (براستہ نیو طور ڈھنڈ)، بانگی کلہ روڈ، سائیکوٹ شیخان شوبلی بانڈہ روڈ، نیو بوگارہ روڈ، احمد آباد خوجکی روڈ تا ارل بانڈہ روڈ، امبیری کلہ الگڈہ روڈ، مین صورتی کلہ روڈ، چمن آباد تا صورتی کلہ روڈ، ڈبر ہسپتال تا تانگہ زنئے روڈ اور بابل خیل تا مستی کورونہ روڈ شامل ہیں۔ سجاد بارکوال نے اس موقع پر کہا کہ سڑکوں کے یہ منصوبے عوامی سہولت اور خوشحالی کے عملی عکاس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی بدولت زرعی اجناس کی منڈیوں تک بروقت رسائی ممکن ہوگی، تعلیمی اداروں تک سفر آسان ہوگا اور مریضوں کو فوری طبی سہولتیں میسر آئیں گی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے عوامی وژن کے تحت عوامی خدمت اور ترقیاتی کاموں کا یہ سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا۔۔
قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس ایم ٹی آئی نوشہرہ میں عالمی یوم قلب کا دن منایا گیا۔
قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس ایم ٹی آئی کے کارڈیالوجی ڈپارٹمنٹ کے زیر انتظام عالمی یوم قلب کی مناسبت سے آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔ 29 ستمبر پوری دنیا میں عالمی یوم قلب کے سلسلے میں منایا جاتا ہے قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس ایم ٹی آئی نوشہرہ کے ہسپتالڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر حمزاللہ خان، میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سردار سہیل آفسر، نرسنگ ڈائریکٹر تحمینہ تاج اور کارڈیولوجی ڈپارٹمنٹ کے ہیڈ ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر اقتدار الدین نے عالمی یوم قلب کے اہمیت کے بارے میں عوام الناس کو ”دل کی حفاظت کیلئے اپنے دل کا استعمال کیجیے” کا پیغام دیا۔آگاہی واک میں کثیر تعداد میں ڈاکٹرز، نرسز اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی.
عالمی لائیو سٹاک، پولٹری و فشریز ایکسپو 2025 کا کامیاب انعقاد سیکرٹری لائیو سٹاک محمد طاہر اورکزئی کو اعزازی شیلڈ پیش
تیسری عالمی لائیو سٹاک، پولٹری و فشریز ایکسپو 2025 کے کامیاب انعقاد پر سیکرٹری لائیو سٹاک خیبرپختونخوا محمد طاہر اورکزئی نے لائیو سٹاک و پولٹری ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کی جانب سے ایکسپو کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کرنے پر سیکرٹری لائیو سٹاک کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔لائیو سٹاک و پولٹری ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے نمائندگان نے کہا کہ صوبائی وزیر لائیو سٹاک فضل حکیم خان یوسفزئی اور سیکرٹری لائیو سٹاک محمد طاہر اورکزئی کی انتھک کاوشوں سے صوبے میں لائیو سٹاک کے شعبے میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ ایسوسی ایشن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی صوبائی حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی اور ہر ڈویژن میں ایکسپوز منعقد کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔اس حوالے سے سیکرٹری آفس پشاور میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت سیکرٹری لائیو سٹاک محمد طاہر اورکزئی نے کی۔ اجلاس میں صوبائی صدر لائیو سٹاک فارمرز ویلفیئر ایسوسی ایشن آصف اعوان، صوبائی صدر پولٹری کواپریٹو سوسائٹی راج ولی، ڈپٹی سیکرٹری ساجد نواز، پروجیکٹ ڈائریکٹر سجاد وزیر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے شرکاء نے کامیاب ایکسپو کے انعقاد پر ایسوسی ایشن کے کردار کو سراہا جبکہ ایسوسی ایشن کے سربراہان نے سیکرٹری لائیو سٹاک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں اعزازی شیلڈ پیش کی۔
ڈی ڈی ڈبلیو پی نے خیبرپختونخوا میں کھیلوں کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے 348.864 ملین روپے کے تین منصوبوں کی منظوری دے دی
محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان خیبرپختونخوا کی ڈپارٹمنٹل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (ڈی ڈی ڈبلیو پی) کا دوسرا اجلاس سیکریٹری کھیل و امورِ نوجوانان خیبرپختونخوا سعادت حسن کی زیر صدارت پشاور میں منعقد ہوا۔اجلاس کے دوران صوبے میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی ترقی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر ڈی ڈی ڈبلیو پی نے مجموعی طور پر 348.864 ملین روپے کے تین اہم ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی۔ان منصوبوں میں تحصیل سطح پر پلے گراؤنڈ اسکیم برائے ضلع بونیر، چترال لوئر کے علاقے سفید ارکاری میں موجود فٹبال گراؤنڈ کی مرمت و بحالی، اور ضم شدہ اضلاع میں کھیلوں کے فروغ و استحکام کے لیے اقدامات شامل ہیں۔یہ منصوبے خصوصاً پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں کھیلوں کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے جن سے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور کمیونٹی کی سطح پر ترقی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔اس موقع پر سیکریٹری کھیل و امورِ نوجوانان سعادت حسن نے کہا کہ محکمہ نوجوانوں کے لیے جامع اور پائیدار کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔انھوں نے کہا کہ نوجوان طبقے پر سرمایہ کاری اور انکی فلاح و بہبود صوبے کی دیرپا ترقی کیلئے بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر،ڈائریکٹر سپورٹس ضم اضلاع رضی اللہ بیٹنی،محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان کے دیگر سینئر افسران،منصوبہ بندی سے وابستہ عملے اور دیگر متعلقین نے شرکت کی۔
ورکرز ویلفیئر بورڈ خیبرپختونخوا کے زیر انتظام چلنے والے ورکنگ فولکس گرائمر سکولوں میں ریشنلائزیشن کے عمل پر تیزی سے کام جاری
خیبرپختونخوا کے وزیر برائے محنت فضل شکور خان نے کہا ہے کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ خیبرپختونخوا کے زیر انتظام چلنے والے ورکنگ فولکس گرائمر سکولوں میں ریشنلائزیشن کے عمل پر تیزی سے کام جاری ہیجسے 10 روز کے اندر مکمل کرلیا جائے گا انہوں نے واضح کیا کہ ریشنلائزیشن کے بعد جن سکولوں میں اساتذہ کی کمی ہوگی وہاں فوری طور پر اس کمی کو پورا کیا جائے گا تاکہ تعلیمی معیار کسی صورت متاثر نہ ہو صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار اپنے دفتر میں ورکنگ فولکس گرائمر سکولوں کے پرنسپلز پر مشتمل نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا اس موقع پر ڈائریکٹر ایجوکیشن ورکرز ویلفیئر بورڈ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے وفد نے صوبائی وزیر کو سکولوں میں اساتذہ کی کمی سمیت مختلف انتظامی اور دیگر مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیاصوبائی وزیر نے وفد کے مسائل کو بغور سننے کے بعد وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ریشنلائزیشن کا عمل جاری ہے اور بہت جلد تمام سکولوں میں درکار عملہ کی کمی کو پورا کیاجائے گا انہوں نے پرنسپلز کو ہدایت کی کہ امتحانی نتائج بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں اور تدریسی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنایا جائے انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی پیشہ ورانہ کارکردگی، نظم و ضبط اور طلبہ کی بہتر رہنمائی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ اساتذہ طلبہ کو رٹا لگانے کے بجائے طلبہ کی تخلیقی اور سمعی و بصری صلاحیتوں کو اجاگرکریں تاکہ معیاری تعلیم کو فروغ دیا جا سکے انہوں نے مذید کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت تعلیمی اداروں کی بہتری اور طلبہ کو معیاری تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور ورکنگ فولکس گرائمر سکول اس ضمن میں خصوصی ترجیح رکھتے ہیں۔ فضل شکور خان نے پرنسپلز کو تاکید کی کہ وہ اپنے اساتذہ کو طلبہ کے ساتھ بھرپور محنت کی ترغیب دیں اور تدریسی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے عملی حکمت عملی اپنائیں۔
عمران خان سے خیبر پختونخوا کی قیادت کو ملاقات سے روکنا نہ صرف لاقانونیت بلکہ بغض کی انتہا ہے، بیرسٹر ڈاکٹر سیف
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا ہے عمران خان سے خیبر پختونخوا کی قیادت کو ملاقات سے روکنا نہ صرف لاقانونیت بلکہ بغض کی انتہا ہے ،خیبر پختونخوا کی حکومت نے عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے کو چلانا ہے۔ جعلی حکومت نہیں چاہتی کہ خیبر پختونخوا عمران خان کے وژن کے مطابق آگے بڑھے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے عمران خان کو مینڈیٹ دیا ہے، صوبائی معاملات میں ان سے مشاورت ضروری ہے۔جعلی وفاقی اور پنجاب حکومتیں حسد اور بغض کی آگ سے باہر نکلیں۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ عمران خان کے خلاف بغض میں جعلی حکومت انصاف کا جنازہ نکال رہی ہے۔ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے ساتھ جیل میں برتائوانسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ دونوں کو بنیادی انسانی حقوق اور دیگر سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔
