نو منتخب پشاور پریس کلب کا جمہوری انتخاب قابل تحسین ہے، شفیع جان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے منگل کے روز پشاور پریس کلب کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پشاور پریس کلب کے نو منتخب صدر ایم ریاض اور کابینہ کے دیگر اراکین کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی،اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے معاون خصوصی شفیع جان نے کہا کہ پشاور پریس کلب کی نو منتخب کابینہ کا جمہوری طریقے سے انتخاب جمہوریت کی بہترین مثال ہے، انہوں نے کہا کہ صوبے کے صحافیوں نے مشکل حالات کے باوجود اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دی ہیں۔ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے جو جمہوریت کے استحکام اور معاشرتی مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے،شفیع جان نے کہا کہ صوبائی حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے اور صحافی برادری کے مسائل کا بخوبی ادراک رکھتی ہے،انہوں نے شہید صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت ہر سال کی طرح عنقریب صحافیوں کے لیے ایک خصوصی پیکج کا اعلان کرے گی،اس موقع پر صدر پشاور پریس کلب ایم ریاض نے معاون خصوصی شفیع جان کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کے صحافی دوست اقدامات قابل تحسین ہیں، انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت صحافیوں کے لیے فلاحی اقدامات کا تسلسل برقرار رکھے گی،بعد ازاں پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے شفیع جان نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا دورہ پنجاب انتہائی کامیاب رہا جہاں پنجاب کے عوام اور پارٹی کارکنوں نے وزیراعلیٰ کا بھرپور استقبال کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے کا مقصد بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر اسٹریٹ موومنٹ کا آغاز تھا، جس میں کامیابی حاصل ہوئی۔ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اسٹریٹ موومنٹ کے سلسلے میں سندھ اور بلوچستان کا بھی دورہ کریں گے، جس کے بعد سیاسی تحریک کی باقاعدہ کال دی جائے گی،معاون خصوصی نے وزیراعلیٰ کے دورہ لاہور کے دوران پنجاب حکومت کے منفی کردار پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں کرفیو، اندھیرے اور مکمل بندش کا سماں تھا۔ چکری سے لے کر لبرٹی اور فوڈ اسٹریٹ تک سڑکیں بند کی گئیں،شفیع جان نے عظمیٰ بخاری کو سیاسی خانہ بدوش قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کبھی پیپلز پارٹی اور کبھی مسلم لیگ (ن) میں رہیں۔ انہوں نے کہا کہ عظمیٰ بخاری کے شوہر فارم 47 کے ذریعے پنجاب اسمبلی کے رکن بنے۔ شفیع جان نے مزید کہا کہ عظمیٰ بخاری کی ہدایت پر اراکین کے ساتھ بدتمیزی کی گئی اور نام نہاد صحافیوں کو اسمبلی میں لایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے عظمیٰ بخاری کو صرف پی ٹی آئی پر الزامات لگانے کے لیے استعمال کیا ہے،صوبے میں قیام امن سے متعلق ایک سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا کہ صوبائی حکومت امن و امان کے قیام کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے حال ہی میں پولیس اور سی ٹی ڈی کے لیے 31 ارب روپے کے خصوصی پیکج کی منظوری دی ہے اور دونوں اداروں کی استعداد کار میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت صوبے کے بقایا جات ادا نہیں کر رہی، تاہم صوبائی حکومت اپنے حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی

مزید پڑھیں