خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان کی زیر صدارت سی پیک گرانٹ کے تحت محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی موجودہ سکیموں کی سولرائزیشن سے متعلق ایک اہم اجلاس پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، پراجیکٹ ڈائریکٹر اور دیگر افسران نے شرکت کی اجلاس میں صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ سی پیک گرانٹ کے تحت پانی کی سپلائی سکیموں کو قابلِ بھروسہ اور کم لاگت توانائی فراہم کرنے کے لیے سولرائزیشن ایک اہم جزو کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد پانی کے پمپنگ سسٹمز کو سولر انرجی پر منتقل کرتے ہوئے بجلی کے اخراجات میں نمایاں کمی، نظام کی پائیداری اور دور دراز علاقوں میں بلاتعطل واٹر سپلائی یقینی بنانا ہے اجلاس کو بتایا گیا کہ پشاور، نوشہرہ اور چارسدہ میں 10 پائلٹ بیسڈ سکیموں پر سولرائزیشن اور متعلقہ سول ورکس فزیکلی مکمل کر لیے گئے ہیں ان میں سے 4 سکیمیں باقاعدہ طور پر متعلقہ پی ایچ ای ڈویژنز کے حوالے کر دی گئی ہیں جبکہ باقی سکیموں کا ہینڈ اوور عمل تکمیل کے مراحل میں ہے تکنیکی جانچ پڑتال، لوڈ اسیسمنٹ، پانی کے معیار کی ٹیسٹنگ اور سولر سسٹمز کی فزیبلٹی کے تمام مراحل مکمل کیے جا چکے ہیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ سی پیک سولرائزیشن پروگرام کابنیادی مقاصد پانی کی فراہمی کے نظام کو سولر انرجی پر منتقل کرنا،آپریشن اینڈ مینٹیننس کے اخراجات میں کمی لانا،دور اُفتادہ علاقوں میں مستحکم اور ماحول دوست توانائی کا استعمال،پانی کی فراہمی میں رکاوٹوں کا خاتمہ اور سروس ڈیلیوری میں بہتری سمیت عوام کو بلاتعطل پینے کا صاف پانی فراہم کرنا ہے صوبائی وزیر فضل شکور خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانی کی فراہمی کے تمام منصوبے براہِ راست عوامی فلاح سے جڑے ہیں، لہٰذا ان کی بروقت تکمیل موجودہ صوبائی حکومت کی ترجیح ہے سولرائزیشن سکیمیں محکمے کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوں گی اور توانائی کے بحران کے دوران پانی کی فراہمی کو مستقل بنیادوں پر مستحکم بنائیں گی انہوں نے ہدایت جاری کی کہ متعلقہ افسران چینی حکام سے رابطہ تیز کریں تاکہ سامان کی فراہمی میں درکار عمل جلد مکمل ہو سکے صوبائی وزیر نے محکمہ کے افسران پر زور دیا کہ وہ ٹیم ورک، پیشہ ورانہ ذمہ داری اور باہمی تعاون کے ذریعے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو اعلیٰ معیار کے ساتھ آگے بڑھائیں۔
