خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے بہتر نظام سے متعلق تمام ترقیاتی سکیموں کو عوامی مفاد کے پیش نظر ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی ترقیاتی سکیمیں تمام اضلاع اور حلقوں میں مساوی بنیادوں پر تقسیم کی جائیں گی اور کسی بھی علاقے یا حلقے کے ساتھ کوئی ناانصافی نہیں ہوگی صوبائی وزیر نے یہ بات اپنے دفتر میں جنوبی اضلاع سے منتخب اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں جاری سکیموں کی پیشرفت، نئے منصوبوں، فیلڈ میں درپیش مسائل اور فنڈز کے استعمال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ملاقات میں جنوبی اضلاع سے منتخب نمائندگان شریک تھے جن میں ایم این اے داور خان کنڈی،ایم پی اے و سابق صوبائی وزیر زراعت میجر(ریٹائرڈ) سجاد بارکوال، ایم پی اے زاہد اللہ، محمد عثمان اور جوہر محمد شامل تھے جبکہ اس موقع پر محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔منتخب نمائندگان نے اپنے اپنے حلقوں میں جاری واٹر سپلائی سکیموں، اے ڈی پی کے تحت منظور شدہ منصوبوں، سست روی کے شکار ترقیاتی کاموں اور منصوبوں کی تکمیل میں درپیش مسائل سے متعلق صوبائی وزیر کو تفصیل سے آگاہ کیا بعض سکیموں میں پرانے پائپ نیٹ ورک کی خرابی، بجلی کے مسائل اور دوسری رکاوٹوں کی نشاندہی کی گئی صوبائی وزیر نے منتخب اراکین کو تمام سکیموں کی بروقت تکمیل کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ عوامی فلاح و بہبود سے متعلق کوئی بھی منصوبہ تاخیر کا متحمل نہیں ہو سکتا محکمہ تمام جاری اور اے ڈی پی ترقیاتی منصوبوں کو شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل کے اصولوں کے تحت مکمل کرے گا انہوں نیمذید کہا کہ کسی بھی ضلع یا حلقے کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی فنڈز اور سکیموں کی تقسیم مکمل طور پر میرٹ اور عوامی ضرورت کی بنیاد پر کی جائے گی صوبائی وزیر نے کہا کہ جہاں کہیں کام میں رکاوٹ ہے، اسے فوری طور پر دور کیا جائے تاکہ منصوبے التواء کا شکار نہ ہوں انہوں نے متعلقہ ایکسین کو ضلع ٹانک میں موجودہ پائپ لائن کی بحالی اور سولرائزیشن کی اے ڈی پی سکیم کی پی سی ون ایک ہفتہ کے اندر تیار کرنے کی ہدایت جاری کی صوبائی وزیر نے نمائندگان کو یقین دلایا کہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی جاری سکیموں کے لیے مختص فنڈز کو بروقت جاری کیا جائے گا تاکہ کوئی منصوبہ فنڈز کمی کے باعث تاخیر کا شکار نہ ہو انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو صاف پانی اور بہتر نکاسی آب کی سہولت فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
