خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی مقبولیت میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے اور عوام کی بھرپور حمایت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پی ٹی آئی حقیقی معنوں میں عوامی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ وہ ضلع چارسدہ میں منعقدہ شمولیتی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
اس موقع پر ایاز خان، باچامیر، صدیق خان اور آمین خان نے عوامی نیشنل پارٹی سے مستعفی ہو کر اپنے خاندانوں اور ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی۔ صوبائی وزیر فضل شکور خان نے نئے شامل ہونے والے پی ٹی آئی کارکنان کو پارٹی کیپ اور مفلر پہناتے ہوئے انہیں پاکستان تحریک انصاف میں خوش آمدید کہا۔
اپنے خطاب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کا تیسری مرتبہ بھاری اکثریت سے اقتدار میں آنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پی ٹی آئی پہلے سے زیادہ مضبوط، منظم اور عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست اقتدار نہیں بلکہ خدمت ہے، اور یہی وجہ ہے کہ عوام بار بار اس جماعت پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔
فضل شکور خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے ہمیشہ عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دی ہے، چاہے وہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی ہو، صحت، تعلیم یا دیگر بنیادی سہولیات ہو ں، موجودہ صوبائی حکومت تمام دستیاب وسائل کو عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بروئے کار لا رہی ہے۔
پارٹی میں نئے شامل ہونے والے کارکنان نے اس موقع پر کہا کہ ان کی شمولیت کسی ذاتی مفاد کے تحت نہیں بلکہ عوامی خدمت، نوجوانوں کے بہتر مستقبل اور علاقے کی ترقی کے وژن کے پیش نظر ہے۔ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی ہی وہ واحد سیاسی پلیٹ فارم ہے جو ملک کو درست سمت میں لے جا سکتا ہے۔
آخر میں صوبائی وزیر فضل شکور خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان تحریک انصاف عوامی خدمت، حق و انصاف اور حقیقی تبدیلی کے مشن کو پوری قوت سے آگے بڑھاتی رہے گی اور نئے شامل ہونے والے ساتھی پارٹی کے وژن کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
