خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان کی زیرِ صدارت ضلع لکی مروت میں محکمہ آبنوشی کی مختلف جاری و مجوزہ سکیموں سے متعلق ایک اہم اجلاس جمعرات کے روز پشاور میں منعقد ہوا جس میں لکی مروت کے رکن خیبر پختونخوا اسمبلی جوہر محمد، سیکرٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ مسعود یونس، ایڈیشنل سیکرٹری، چیف انجینئر ساؤتھ، ڈائریکٹر ٹیکنیکل اور محکمہ کے دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران رکن صوبائی اسمبلی جوہر محمد نے ضلع لکی مروت میں محکمہ آبنوشی کے تحت جاری واٹر سپلائی سکیموں سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کیااور نشاندہی کی کہ ان کے حلقے میں بعض واٹر سپلائی سکیمیں تاحال نامکمل ہیں، جن پر اگر کام کی رفتار تیز کی جائے اور معیاری میٹریل کا استعمال یقینی بنایا جائے تو عوام کا دیرینہ مسئلہ حل ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیوب ویلوں کی سولرائزیشن کے عمل میں بھی تیزی لائی جائے تاکہ عوام کو بلا تعطل صاف پانی کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے رکن صوبائی اسمبلی نے اجلاس میں یہ تجویز بھی دی کہ وہ ٹیوب ویل آپریٹرز جو اپنی ڈیوٹی میں غفلت برت رہے ہیں اور ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا نہیں کر رہے، ان کے خلاف فوری محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ نظام کی بہتری اور عوامی سہولت کو یقینی بنایا جا سکیصوبائی وزیر فضل شکور خان نے رکن صوبائی اسمبلی کو یقین دہانی کرائی کہ ضلع لکی مروت میں جاری تمام سکیموں پر کام کی رفتار تیز کی جائے گی۔ انہوں نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں معیاری کام اور معیاری میٹریل کے استعمال کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ اس مقصد کے لیے انہی ٹھیکیداروں کو کام دیا جائے جن کی سابقہ کارکردگی تسلی بخش ہو اور جنہوں نے ماضی میں معیاری کام کیا ہو۔ انہوں نے محکمہ کی ساکھ اور امیج کو بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کے لیے تمام افسران کو ایک ٹیم ورک کے طور پر کام کرنا ہوگا اور عوامی مفاد کو ہر صورت ترجیح دی جائے
