خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان کی زیرِ صدارت محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے میگا پراجیکٹس سے متعلق اہم جائزہ اجلاس جمعرات کے روز منعقد ہوا

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان کی زیرِ صدارت محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے میگا پراجیکٹس سے متعلق اہم جائزہ اجلاس جمعرات کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ کے سیکرٹری مسعود یونس، ڈائریکٹر ٹیکنیکل، پراچیکٹ ڈائریکٹرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں صوبائی وزیر کو چائنہ اور سعودی عرب کی حکومت کے تعاون سے جاری مختلف منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں سی پیک پراجیکٹ کے تحت محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے واٹر سپلائی سکیموں کی سولرائزیشن پر اب تک ہونے والے پیش رفت کے بارے میں بتایاگیا جبکہ خیبر پختونخوا رورل انویسٹمنٹ اینڈ انسٹی ٹیوشنل سپورٹ پروگرام (KP RIISP) کے تحت جاری منصوبوں پر کام کی رفتار سے بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔صوبائی وزیر فضل شکور خان نے واضح ہدایات جاری کیں کہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے تمام میگا منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ عوام کو بروقت سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جن سکیموں کی پی سی ون تاحال تیار نہیں ہو سکی، ان کی پی سی ون ترجیحی بنیادوں پر فوری طور پر مکمل کی جائے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی موجودہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بندوبستی اور ضم قبائلی اضلاع میں واٹر سپلائی سکیموں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے اور منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے مذید کہاکہ عوامی مسائل کے حل اور بہتر سروس ڈیلیوری کے لیے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے کے ہر علاقے میں محفوظ اور صاف پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنا کر ہی عوام کا اعتماد بحال کیا جا سکتا ہے، اور اس مقصد کے لیے متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریاں پوری لگن اور پیشہ ورانہ انداز میں ادا کریں۔

مزید پڑھیں