خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ حاجی فضل شکور خان کا ضلع ایبٹ آباد کا دورہ، کوریا کے تعاون سے جاری پینے کے صاف پانی کے منصوبے کا معائنہ

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ حاجی فضل شکور خان نے ضلع ایبٹ آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کوریا کے تعاون سے جاری پینے کے صاف پانی کے ایک بڑے منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وزیر موصوف کے ہمراہ رکن صوبائی اسمبلی افتخار احمد جدون اور رکن قومی اسمبلی علی اصغر بھی موجود تھے، جبکہ متعلقہ افسران اور منصوبے سے وابستہ حکام نے بھی دورے میں شرکت کی۔دورے کے دوران پراجیکٹ ڈائریکٹر نے وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور دیگر معزز نمائندگان کو منصوبے سے متعلق تفصیلی بریفننگ دی، جس میں منصوبے کی مجموعی پیش رفت، تکنیکی پہلوؤں، اہداف اور تکمیل کی مدت سے آگاہ کیا گیا۔ بریفننگ میں بتایا گیا کہ یہ منصوبہ حویلیاں اور ایبٹ آباد کے عوام کو پینے کے صاف اور معیاری پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے شروع کیا گیا ہے، جس سے علاقے کے لاکھوں شہری مستفید ہوں گے۔پراجیکٹ حکام کے مطابق اس منصوبے پر مجموعی طور پر 4 ارب 64 کروڑ روپے لاگت آئے گی اور یہ منصوبہ اگست 2026 تک پایہ تکمیل تک پہنچا دیا جائے گا۔ منصوبے کی تکمیل سے پانی کی قلت پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ عوام کو صحت بخش اور محفوظ پانی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی، جس سے مختلف بیماریوں میں نمایاں کمی آئے گی۔اس موقع پر وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ حاجی فضل شکور خان نے منصوبے کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات، بالخصوص پینے کے صاف پانی کی فراہمی، کو یقینی بنانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں اعلیٰ معیار اور مکمل شفافیت کے ساتھ مکمل کیا جائے۔وزیر موصوف نے مزید کہا کہ کوریا کے تعاون سے جاری یہ منصوبہ بین الاقوامی اشتراک کی ایک اہم مثال ہے جو ایبٹ آباد اور حویلیاں کے عوام کے دیرینہ مسئلے کے حل میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو صحت مند اور بہتر زندگی فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے

مزید پڑھیں