محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ حکومتِ خیبر پختونخوا کی جانب سے عوامی مسائل کے فوری اور مؤثر حل کے لیے ایک اہم اقدام کے تحت فیس بک کے ذریعے آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا جا رہا ہے آن لائن کھلی کچہری 27 جنوری کل (منگل) کو دن 11 بجے سے 12 بجے تک منعقد ہوگی۔
آن لائن کھلی کچہری میں صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان اور سیکریٹری محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ براہِ راست شرکت کریں گے اور صوبے بھر کے صارفین کو درپیش پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور نکاسی آب سے متعلق مسائل، شکایات اور صارفین کے سوالات کے جوابات دیں گے۔
کھلی کچہری کے انعقاد کا بنیادی مقصد عوام کو اعلیٰ حکام تک براہِ راست رسائی فراہم کرنا، ان کے مسائل کو سننا اور شفاف، بروقت اور مؤثر انداز میں ان کا حل یقینی بنانا ہے۔ آن لائن کھلی کچہری کے ذریعے عوام بغیر کسی رکاوٹ کے اپنے مسائل متعلقہ اعلیٰ حکام کے سامنے رکھ سکیں گے۔
محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی شکایات اور مسائل وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے شکایات پورٹل“اختیار عوام کا”پر پہلے سے درج کروائیں تاکہ متعلقہ شکایات کا جائزہ لے کر ان کے جوابات آن لائن کھلی کچہری کے دوران دیے جا سکیں جبکہ 9210933-091 پر لائیو ٹیلفونک کال کے زریعے بھی اعلیٰ حکام کو اپنی شکایات اور مسائل سے آگاہ کیا جاسکتا ہے۔
اس حوالے سے صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور آن لائن کھلی کچہری جیسے اقدامات عوام اور محکمہ کے درمیان فاصلے کم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صاف پینے کے پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے نظام کی بہتری صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور عوامی شکایات کے بروقت ازالے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
