محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ خیبر پختونخوا کی جانب سے عوامی شکایات کے فوری اور مؤثر ازالے کے لیے ایک اہم اقدام کے تحت آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا

محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ خیبر پختونخوا کی جانب سے عوامی شکایات کے فوری اور مؤثر ازالے کے لیے ایک اہم اقدام کے تحت آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ آن لائن کھلی کچہری میں خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان نے شرکت کی جبکہ انکے ہمراہ سیکرٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، ایڈیشنل سیکرٹری، چیف انجینئرز اور محکمہ کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔آن لائن کھلی کچہری کے دوران صوبائی وزیر فضل شکور خان نے براہِ راست ٹیلی فون کالز اور سوشل میڈیا کے ذریعے صوبہ بھر سے موصول ہونے والی عوامی شکایات اور مسائل سنے۔ لوگوں نے پینے کے صاف پانی، نکاسی آب اورجاری ترقیاتی سکیموں سے متعلق مسائل کی نشاندہی کی اور محکمہ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے قیمتی تجاویز بھی پیش کیں۔صوبائی وزیر نے عوامی شکایات پر موقع پر ہی متعلقہ افسران کو فوری اور مؤثر حل کے لیے واضح ہدایات جاری کیں اور اس بات پر زور دیا کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کا بروقت اور شفاف ازالہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔فضل شکور خان نے کہا کہ آن لائن کھلی کچہری کا بنیادی مقصد عوام اور محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے درمیان براہِ راست رابطے کو مضبوط بنانا، انکے مسائل کے فوری حل اور عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی ہدایت پر کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جو کہ ایک عوام دوست اقدام ہے۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ محدود وسائل کے باوجود صوبائی حکومت عوام کے مسائل کو بھرپور اور سنجیدہ انداز میں حل کرنے کی پوری کوشش کر رہی ہے اور اس ضمن میں محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو مزید فعال اور جوابدہ بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ عوامی فلاح و بہبود سے متعلق تمام سکیموں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ انہوں نے کھلی کچہری میں لوگوں کی دلچسپی لینے اور شکایات درج کرانے پر شکریہ ادا کیا انہوں نے مزید کہا کہ بعض مسائل کے حل کے لئے لوگ اپنے متعلقہ منتخب رکن صوبائی اسمبلی سے رابطہ رکھیں کیونکہ ترقیاتی سکیموں کے لئے انکے ایم پی ایز کو فنڈز دئیے ہیں تاکہ ان کے علاقہ کی سکیموں کے لئے فنڈز جاری کئے جا سکیں۔

مزید پڑھیں