صوبے میں اس سال کے آخری انسداد پولیو مہم کا افتتاح صوبائی وزیر صحت، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری ہیلتھ نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا

خیبر پختونخوا کے وزیر صحت خلیق الرحمان نے پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کیلئے اپنے پختہ عزم کی تجدید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے پلانے کیلئے انسداد پولیو کی مہمات کا باقاعدہ انعقاد کرتی ہے تاکہ انہیں اس موذی مرض سے مکمل محفوظ رکھا جاسکے۔انہوں نے صوبہ بھر میں بچوں کے والدین اور دیگر سرپرستوں پر زور دیا کہ چونکہ پولیو ویکسین بچوں میں مستقل معذوری کا سبب بننے والی اس موذی وائرس سے مکمل تحفظ فراہم کرکے صحت مند زندگی کی ضمانت دیتی ہے، لہٰذا وہ ویکسین پلانے کیلئے ان کی دہلیز پر آنے والے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ اور سیکرٹری ہیلتھ شاہد اللہ خان کے ہمراہ صوبے میں 15 دسمبر سے شروع ہونے والی چار روزہ انسداد پولیو مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ اور ایمرجنسی آپریشنز سنٹر کے کوارڈنیٹرشفیع اللہ خان، صوبائی ٹیم لیڈ یونیسیف ڈاکٹر اینووا، ٹیم لیڈ ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر خالد عبد الرحیم، ٹیم لیڈ این سٹاپ ڈاکٹر عمران،ٹیکنیکل فوکل پرسن برائے انسداد پولیو پروگرام ڈاکٹر علی حیدر اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔اس افتتاحی تقرب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ پوری حکومتی مشینری بشمول انتظامی افسران، محکمہ صحت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے سب ملکر اس موذی مرض کے خاتمے کیلئے مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے معاشرے کے طبقات بشمول مذہبی رہنماوں، ڈاکٹروں، اساتذہ کرام،مقامی عمائدین اور سول سوسائٹی کے نمائندوں پر بھی زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور ملک کو پولیو سے پاک کرنے میں حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ نے کہا کہ حکومت پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے، اور ایمرجنسی آپریشنز سنٹر نے اس مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کیلئے ایک مربوط حکمت عملی ترتیب دی ہے، تاکہ ہماری آنے والی نسلوں کو اس بیماری کی وجہ مستقل معذوری سے بچایا جا سکے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے پولیو ٹیموں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں تاکہ صوبے کے کونے کونے میں پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو کے قطرے پلانیکے عمل کو یقینی بنائیں۔چیف سیکرٹری نے مزید کہا کہ حکومت معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی کوششیں کر رہی ہے تاکہ بچوں کو پولیو سمیت ویکسین سے قابل تدارک دیگر بیاریوں سے عمر بھر کیلئے محفوظ رکھا جا سکے۔ اس سے قبل وزیر صحت، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری ہیلتھ نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر انسداد پولیو کی مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔انسداد پولیو کی اس مہم کی تفصیلات بتاتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ /ای او سی کوارڈنیٹر شفیع اللہ خان نے کہا کہ ای او سی نے اس مہم کیلئے تمام انتظامات مکمل کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کے دوران صوبے میں مجموعی طور پر پانچ سال سے کم عمر کے تقریباً 65 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاوء کے قطرے پلائے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس مہم کے نفاذ کے لیے تربیت یافتہ پولیو ورکرز کی 35،517ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 32,185 موبائل ٹیمیں، 1,916 فکسڈ اور 1416 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ان ٹیموں کی موثر نگرانی کے لیے 8,333 ایریا انچارجز بھی تعینات کئے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مہم کے دوران پولیو ٹیموں کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے صوبے میں تقریبا 50 ہزار کے قریب سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں