ای او سی کے زیر اہتمام پولیو کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

ایمرجنسی آپریشنزسنٹر خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام انسداد پولیو کے سلسلے میں مختلف چیلنجز سےنمٹنے کیلئے انتھک محنت، لگن اور مسلسل جدوجہد سے کام کرنے والے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی حوصلہ افزائی اور ان کی بیش بہا خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے پولیو کے عالمی دن کے موقع پر کے پی اسمبلی کے جرگہ حال میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کے دوران مقررین نے مختلف قسم کی سماجی رکا وٹوں، خراب موسمی حالات ، بادو باراں اور برف باری سمیت دشوار گزار راستوں اور سنگلاخ پہاڑڑوں سے گزرتے ہوئے بچوں کو زندگی بچانے والی ویکسین پہنچانے اور انہیں عمر بھر کی معذوری سے بچانے کیلئے سرگرم عمل فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان پولیو ورکرز کی ان خدمات کی بدولت ہم بہت جلد پولیو کے موذی مرض سے چھٹکارا پ حاصل کر سکیں گے۔
اس تقریب میں سابق صوبائی وزیر صحت سید قاسم علی شاہ اور کمشنر پشاور ریاض محسود نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ صوبائی اسمبلی کے اراکین بشمول داؤد خان، محترمہ اشبر جان جدون اور مہر سلطانہ، ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ/ای او سی کوآرڈینیٹر شفیع اللہ خان، ڈپٹی کوآرڈینیٹر ای او سی لطیف الرحمان، ٹیکنیکل فوکل پرسن پی ای آئی ڈاکٹر علی حیدر، یونیسف، ڈبلیو ایچ او، روٹری انٹرنیشنل، این سٹاپ کے نمائندوں ، محکمہ صحت کے حکام سمیت فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید قاسم علی شاہ نے کہا کہ پولیو کا عالمی دن دنیا بھر میں بچوں کو پولیو سے بچانے کیلئے ویکسی نیشن کی ضرورت و اہمیت بارے شعور اجاگرکرنے کیلئے منایا جاتا ہے۔ اور یہ دن ہمارے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی انتھک محنت، لگن اورجدوجہد کو سراہنے اور جلد از جلد اس موذی مرض کے مکمل خاتمے کیلئے تجدید عہد کا دن ہے۔ انسداد پولیو کیلئے معاشرے کے مختلف طبقات کے کردارکو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے ساتھ ساتھ میڈیا،طبی ماہرین،مذہبی رہنما،درس و تدریس سے منسلک ماہرین اور سول سوسائٹی بھی پولیو وائرس کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں۔ انسداد پولیو کیلئے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سید قاسم علی شاہ نے کہ پولیو کے خاتمے کیلئے مسلسل محنت، لگن اور جذبے سے خدمات انجام دینے پر ہم فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرزکے بے حد مشکورو ممنون ہیں، انہوں نے انسداد پولیو کیلئے مالی اور تکنیکی مدد فراہم کرنے والے بین الاقوامی امدادی اداروں کے کردار کو بھی سراہا۔
تقریب کے شرکاء سے اپنے خطاب میں کمشنر پشاور ریاض محسود نے کہا کہ صوبائی سطح پر ساری حکومتی مشینری بشمول انتظامی افسران،محکمہ صحت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مل کر انسداد پولیو کیلئے کام کر رہے ہیں اور ہم صوبے سے پولیو کے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں اور موذی مرض کا خاتمہ کر کے ہی دم لیں گے ۔ انہوں کہا کہ پولیو مہمات میں ہمارے پولیو ورکرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی اور پولیو ورکرز کی انتھک کوششوں، لگن اور محنت کو سراہا۔ کمشنر پشاور نے اس مہلک بیماری کے خلاف جنگ میں بین الاقوامی شراکت داروں کے اہم کردار اور تعاون کاو بھی سراہا۔
تقریب سے اپنےخطاب میں ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ/ای او سی کوآرڈینیٹر شفیع اللہ خان نے کہا کہ ایمرجنسی آپریشنز سینٹر خیبر پختونخوا اس وائرس کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے ایک مربوط منصوبہ بندی کے تحت کام کر رہا ہے اور انسداد پولیوکیلئے مہمات تسلسل کیساتھ چلا رہے ہیں تاکہ کوئی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے۔ پولیووائرس کی گردش پر قابو پانے میں ہونے والی پیش رفت کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ہم نے صوبے میں پولیو مہمات کے معیار کو بہتر بنانے اور نگرانی کے نظام کو مزید بہتر بنانے میں نمایاں بہتری لائی گئی ہے۔ اسی طرح ویکسینیشن کی کوریج میں نمایاں بہتری لائی گئی ہے تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ ان کامیابیوں کے باوجود جگہ جگہ ماحولیاتی نمونوں کے مثبت آنے ور پولیو کے نئے کیسز رپورٹ ہونے کی وجہ سے ہمیں چوکنا رہنا پڑے گا تاکہ اس وائرس کی گردش کو مکمل کنٹرول میں لایا جا سکے۔انہوں نے پولیو کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششوں اور قربانیوں کو بھی خوب سراہا۔
تقریب سے اراکین صوبائی اسمبلی داؤد خان اور محترمہ اشبر جان جدون نے بھی خطاب کیا اور صوبے سے پولیو کے خاتمے کیلئےاجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے بھی انسداد پولیو کے ضمن میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی انتھک محنت اور لگن کو خوب سراہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے چیف خطیب مولانا طیب قریشی نے کہا کہ تمام اسلامی مکتبہ فکر کے علماء نے پولیو کے قطروں کے حق میں فتوے جای کئے ہیں لہٰذا عوام کو بچوں کی صحت مند مستبل کی خاطر ان قطروں کے پلانے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری آنے والی نسلوں کے محفوظ اور صحت مند مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے صوبے سے پولیو کا خاتمہ کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔
تقریب کے اختتام پر فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز میں ان کی غیر معمولی خدمات، لگن اور پولیو کے خاتمے کیلئے جذبے سے کام کرنے کے اعتراف میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔
بعد ازاں ایک پولیو واک کا بھی انعقاد کیا گیا تاکہ لوگوں میں اس موذی مرض کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پیدا کی جا سکے۔ پولیو واک میں صوبائی اراکین اسمبلی، محکمہ صحت کے افسران، پارٹنرز کے نمائندوں، ای او سی حکام کے ساتھ ساتھ فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز نے بھی شرکت کی۔

مزید پڑھیں