صوبائی وزیر آبپاشی خیبرپختونخوا ریاض خان نے کہا ہے کہ قائد عمران خان کے ساتھ ہونے والی ناانصافی دراصل ہر پاکستانی کے ساتھ ناانصافی ہے

صوبائی وزیر آبپاشی خیبرپختونخوا ریاض خان نے کہا ہے کہ قائد عمران خان کے ساتھ ہونے والی ناانصافی دراصل ہر پاکستانی کے ساتھ ناانصافی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج ہر کارکن، ہر نمائندہ اور ہر باشعور شہری اپنے قائد کے ساتھ کھڑا ہے تاکہ ملک میں انصاف اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور ہر محاذ پر ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا قائد عمران خان سے ملاقات کا فیصلہ نہ صرف ایک سیاسی ضرورت ہے بلکہ موجودہ حالات میں انصاف، جمہوریت اور قانون کی بالادستی کے لیے ایک مثبت اور جرات مندانہ قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پُرامن طریقے سے انصاف کے حصول کے لیے اپنی آواز بلند کر رہے ہیں۔ عمران خان کا ویژن شفافیت، انصاف اور عوامی خدمت پر مبنی ہے اور ہم اس ویژن کی تکمیل کے لیے ہر محاذ پر ثابت قدم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر خیبرپختونخوا کے صوبائی وزراء اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی موجود تھے۔ ریاض خان نے کہا کہ ان کی یہ موجودگی وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی قائد عمران خان سے ملاقات اور ان کے زیر التواء مقدمات میں غیر معمولی تاخیر کے خلاف ایک پُرامن مگر مؤثر احتجاج کی علامت ہے۔ صوبائی وزیر ریاض خان نے کہا کہ دو سال کا طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود انصاف کی فراہمی میں جاری تاخیر نے نہ صرف انصاف کے بنیادی اصولوں بلکہ آئین پاکستان کی روح اور عوام کے اعتماد کو بھی چیلنج کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد عمران خان ہمارے قومی قائد ہیں جنہوں نے ہمیشہ پاکستان کے عوام کے حقوق، شفافیت اور انصاف کی بات کی ہے۔ آج جب ان کے ساتھ غیر منصفانہ رویہ اختیار کیا جا رہا ہے تو یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اپنے قائد کے ساتھ کھڑے ہوں اور حق و سچ کی حمایت کریں۔ریاض خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی کی قیادت میں خیبرپختونخوا کی کابینہ مکمل طور پر متحد اور پرعزم ہے۔ ہم قائد عمران خان کے ویژن، شفاف طرز حکمرانی، عوامی خدمت اور قانون کی بالادستی کی تکمیل کے لیے ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا علامتی احتجاج پُرامن ہے اور اس کا مقصد صرف انصاف کی فراہمی اور آئینی اصولوں کا تحفظ ہے ہم چاہتے ہیں کہ عدالتوں میں انصاف بلا تاخیر فراہم ہو اور ملک میں قانون سب کے لیے برابر ہو۔

مزید پڑھیں