محکمہ ریلیف خیبرپختونخوا کی جانب سے ڈیجیٹل ڈیزاسٹر کمپنسیشن مینجمنٹ سسٹم کا اجراء قابل تحسین ہے، عاقب اللہ خان

مون سون 2026 سے متعلق، حساس اضلاع میں پیشگی اقدامات مکمل, صوبائی وزیر برائے ریلیف بحالی و آبادکاری
خیبرپختونخوا کے وزیر برائے ریلیف بحالی و آبادکاری عاقب اللہ خان نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل ڈیزاسٹر کمپنسیشن نظام کا مقصد قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کو بروقت ریلیف فراہم کرنا، معاوضوں کی تقسیم کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنانا اور درخواستوں کی پراسیسنگ کو تیز تر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جدید نظام حکومت خیبرپختونخوا کے عوام دوست اقدامات کا حصہ ہے۔ صوبائی وزیر عاقب اللہ خان کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خیبرپختونخوا نے مون سون اور موسم گرما کے دوران ممکنہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے مون سون کنٹیجنسی پلان 2026 جاری کر دیا ہے۔ جس کا مقصد بروقت تیاری، مؤثر ردعمل، جان و مال کا تحفظ اور تمام اداروں کے درمیان مربوط کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی پیشنگوئی کے مطابق تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی الرٹ کرتے ہوئے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے کے لیے ھدایات جاری کردی گئی ہیں۔ صوبائی وزیر نے وضع شدہ ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے سمیت ضلعی انتظامیہ کو ایمرجنسی کنٹرول رومز فعال رکھنے، حساس علاقوں کی مسلسل نگرانی کرنے اور تمام اداروں کے درمیان رابطہ برقرار رکھنے پر بھی زور دیا۔

مزید پڑھیں