خیبر پختونخوا کے وزیر ریلیف، بحالی و آبادکاری عاقب اللہ خان نے گزشتہ روز لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کا دورہِ کیا اور پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹر دھماکے میں زخمی اہلکاروں اور شہریوں کی خیریت دریافت کی اور ان کی عیادت کی۔ انہوں نے زخمیوں کے لیے بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔ عاقب اللہ خان نے واقعہ پر تشویش اور اظہار افسوس کیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاقب اللہ خان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے، اور اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لانے کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ وزیر ریلیف کا کہنا تھا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فی الفور ڈی جی ریسکیو، ڈائریکٹر آپریشنز اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جائے واقع پرپہنچے اور ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی کی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ریلیف، بحالی و آبادکاری کے 8 ایمبولینسز، 2 فائر وہیکل اور ڈیزاسٹر وہیکل کے علاؤہ متعدد اہلکاروں نے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ صوبائی وزیر نے واقع میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے بھی تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعائیں و نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
