خیبرپختونخوا کے وزیر ریلیف، بحالی و آباد کاری عاقب اللہ خان نےاپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ صوبائی حکومت شدید سرد موسم سے دو چار تیراہ متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادیِ تیراہ ضلع خیبر میں برف باری کے باعث پھنسے ہوئے افراد کو بحفاظت نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن مسلسل جاری ہے۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ریسکیو آپریشن میں ضلع خیبر سے 26 ریسکیو اہلکار چار ایمبولینسز، ایک ایکسیویٹر، ڈیزاسٹر وہیکل، ریسکیو وہیکل اور ایک ریکوری وہیکل کے ساتھ امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں، جبکہ پشاور سے 16 ریسکیو اہلکار تین ایمبولینسز، ایک ہینو ٹرک، ایک ایکسویٹر اور ایک پک اپ گاڑی روانہ کردی گئی ہیں۔ عاقب اللہ خان نے کہا کہ اضافی افرادی قوت کی فراہمی کے لیے ریسکیو1122 کے مردان، نوشہرہ اور سوات سے بھی 16، 16 اہلکار، دو دو ایمبولینسز اور ایک پک اپ طلب کئے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر نے ریسکیو 1122 کی ٹیموں کی باہمی ہم آہنگی، متاثرین کی حفاظت یقینی بنانے اور آپریشن مکمل ہونے تک کارروائی جاری رکھنے کے لیے متعلقہ حکام کو بھی ہدایات جاری کیں۔
