​خیبرپختونخوا کے وزیر ریلیف عاقب اللہ خان کا صوابی میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ، حفاظتی تدابیر سخت کرنے کی ہدایات

خیبرپختونخوا کے وزیر برائے ریلیف، بحالی و آبادکاری عاقب اللہ خان نے ضلع صوابی کی یونین کونسل مانیری بالا کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران صوبائی وزیر نے حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال میں جاں بحق ہونے والی کمسن بچی کے گھر جا کر ان کے والدین اور اہل خانہ سے دلی تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور غمزدہ خاندان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے حالیہ تیز بارشوں کے باعث دریا میں آنے والی طغیانی سے متاثرہ مختلف مقامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے موقع پر موجود متعلقہ حکام کو سخت ہدایات جاری کیں کہ ضلع بھر میں دریا کے کناروں پر حفاظتی بندوں اور تدابیر کو فوری طور پر مزید مؤثر اور یقینی بنایا جائے۔ صوبائی وزیر ریلیف عاقب اللہ خان نے تمام متعلقہ اداروں اور محکمہ ریلیف کے اہلکاروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا موسم کی خرابی کے الرٹ پر مقامی آبادی کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے تمام ادارے ہمہ وقت تیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور اس میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ عاقب اللہ خان نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ ممکنہ سیلابی خطرات کے پیشِ نظر انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں، ندی نالوں کے قریب غیر ضروری امد و رفت سے گریز کریں اور جاری کردہ حفاظتی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔

مزید پڑھیں