خیبر پختونخوا کے وزیر ریلیف، بحالی و آبادکاری عاقب اللہ خان نے کہا ہے صوبائی حکومت عوامی مفادات کے عین مطابق اجتماعی نوعیت کے منصوبوں کے قیام کے لیے کوشاں ہے، ضلع صوابی میں 12 ملین روپے کی لاگت سے جھنڈا جنازگاہ کا قیام جبکہ 6.5 ملین روپے کی لاگت سے پجمن جنازگاہ کی توسیع کا منصوبہ یقینی بنایا گیا، جو کہ یہاں کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر عاقب اللہ خان نے گزشتہ روز ضلع صوابی میں جھنڈا اور پجمن جنازگاہوں کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علاقائی عمائدین اور پارٹی کارکنان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاقب اللہ خان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی ہدایات پر عوامی خدمت، شفافیت اور گڈ گورننس کے فروغ کیلئے اقدامات جاری ہیں، جس کے تحت عوامی فلاحی اقدامات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
