صاف و سرسبز خیبر پختونخوا مہم کا آغاز

چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی ہدایات پر صوبہ بھر میں صاف و سرسبز خیبر پختونخوا مہم کے تحت سوات میں ایک ماہ پر مشتمل خصوصی صفائی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر سوات عدنان ابرار اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈبلیو ایس ایس سی سوات بابر خان تنولی کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر دفتر میں خصوصی آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا جس میں واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز کمپنی سوات کے متعلقہ افسران اور صفائی عملے نے شرکت کی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سوات عدنان ابرار نے کہا کہ خصوصی صفائی مہم پورا ایک ماہ جاری رہے گی جس کے دوران ڈبلیو ایس ایس سی سوات کی حدود میں آنے والی تمام ویلج اور نیبرہڈ کونسلوں میں خصوصی صفائی آپریشن کیے جائیں گے۔ گلی محلوں، سڑکوں، نالیوں اور عوامی مقامات کی صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول میسر آ سکے۔ڈپٹی کمشنر سوات نے تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کا ذکر کرتے ہوئے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ سوات مستقل اور عارضی تجاوزات کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔ فضاگٹ بائی پاس سمیت ضلع کی مختلف شاہراہوں پر متعدد افراد رضاکارانہ طور پر تجاوزات ہٹا رہے ہیں جبکہ باقی تجاوزات کو بھی جاری آپریشن کے دوران قانون کے مطابق ختم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے اور خصوصی صفائی مہم کا مشترکہ مقصد عوامی راستوں کو کشادہ، سڑکوں کو صاف، نکاسی آب کو بہتر اور شہریوں کی آمدورفت کو آسان بنانا ہے۔ڈپٹی کمشنر سوات نے شہریوں اور کاروباری حضرات سے اپیل کی کہ وہ صفائی برقرار رکھنے، کچرا مناسب جگہوں پر ڈالنے اور تجاوزات رضاکارانہ طور پر ہٹانے میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔صاف ماحول، کھلے راستے، رواں ٹریفک اور خوبصورت سوات — یہ صرف انتظامیہ کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہم سب کا مشترکہ عزم ہے۔

مزید پڑھیں