کمشنر ہزارہ کی زیرِ صدارت ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں سیٹلمنٹ آپریشنز کا پروگریس ریویو اجلاس

کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ کی زیرِ صدارت ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں جاری سیٹلمنٹ آپریشنز کے پروگریس ریویو کے حوالے سے آج ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایبٹ آباد اور مانسہرہ کے سیٹلمنٹ افسران نے اب تک کی پیش رفت اور کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔کمشنر ہزارہ نے دونوں اضلاع کے سیٹلمنٹ افسران کو ہدایت کی کہ سیٹلمنٹ آپریشنز کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور تمام موضع جات کا بندوبست بروقت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے سیٹلمنٹ سے متعلق تمام امور کو منظم اور مؤثر بنانے پر زور دیا۔کمشنر ہزارہ نے ہدایت کی کہ سیٹلمنٹ آپریشنز کا سہ ماہی آڈٹ کیا جائے اور کسی بھی تاخیر کی وجوہات کا تعین کر کے ان کا ازالہ کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 10 پٹواریوں کو ڈپٹی کمشنرز کے ذریعے ایک سال کے لیے خصوصی طور پر سیٹلمنٹ آپریشن کی ڈسپوزل پر تعینات کیا جائے اور انہیں اس مدت کے دوران تبدیل نہ کیا جائے۔اجلاس میں کمشنر ہزارہ نے تمام پٹواریوں کو واضح اہداف اور ڈیڈ لائنز دینے کی ہدایت کی تاکہ متعلقہ کام مقررہ مدت سے پہلے مکمل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے موضع جات کے سیٹلمنٹ کو ترجیحی بنیادوں پر جلد مکمل کیا جائے اور موضع جات پر پٹواریوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ کام کی رفتار میں تیزی لائی جا سکے۔کمشنر ہزارہ نے مزید ہدایت کی کہ جن موضع جات کا سیٹلمنٹ مکمل ہو چکا ہے انہیں فوری طور پر لائیو کیا جائے تاکہ عوام الناس اس کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں اور زمینوں کے انتقال اور فرد کے حصول میں سہولت میسر آ سکے۔کمشنر ہزارہ نے واضح کیا کہ وہ ہر ماہ سیٹلمنٹ آپریشنز کی پیش رفت کا جائزہ لیتے رہیں گے تاکہ یہ عمل بروقت اپنے منطقی انجام تک پہنچ سکے۔

مزید پڑھیں