کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ کی زیر صدارت منگل کے روز کمشنر آفس ایبٹ آباد میں ایک ای کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ڈویژن بھر کے ڈپٹی کمشنرز نے آن لائن شرکت کی، جبکہ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم اور مختلف لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان بھی موجود تھے۔ای کھلی کچہری کے دوران کمشنر ہزارہ ڈویژن نے عوام کی جانب سے مختلف محکموں کے خلاف موصول ہونے والی شکایات، آراء اور تجاویز کا جائزہ لیا اور براہ راست لائیو کالز بھی سنی گئیں۔ کمشنر فیاض علی شاہ نے موقع پر ہی متعدد شکایات کے جوابات دیے اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمشنر ہزارہ ڈویژن نے کہا کہ ای کھلی کچہری کے انعقاد کا بنیادی مقصد عوامی مسائل سے براہ راست آگاہی حاصل کرنا اور ان کے فوری حل کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ کمشنر آفس کے دروازے عوام کے لیے ہر وقت کھلے ہیں اور شہری بلا جھجھک اپنے مسائل پیش کر سکتے ہیں۔ موصول ہونے والی شکایات میں زیادہ تر مسائل اشیائے خوردونوش کی قیمتوں، صفائی ستھرائی، تجاوزات، کرایہ ناموں پر عملدرآمد اور ٹریفک سے متعلق تھے۔کمشنر ہزارہ ڈویژن نے سیاحوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کو انتظامیہ کی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عیدالفطر کے موقع پر ٹرانسپورٹ کرایوں کی سخت مانیٹرنگ کی جائے گی اور زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ ای کھلی کچہری میں موصول ہونے والی تمام شکایات متعلقہ محکموں کو ارسال کی جائیں اور ان پر کی گئی کارروائی سے شکایت کنندگان کو آگاہ رکھا جائے۔ مزید برآں، تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی کہ عوامی شکایات پر قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے انصاف کے تقاضوں کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو ان کے بنیادی حقوق کی فراہمی ممکن ہو سکے۔
