کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ نے کمشنر ہاؤس ایبٹ آباد میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔ اس موقع پر کنزرویٹر آف فاریسٹ، سیکرٹری ٹو کمشنر، اسسٹنٹ کمشنرز (ریونیو و پولیٹیکل) اور محکمہ جنگلات کے نمائندگان بھی موجود تھے۔کمشنر ہزارہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شجرکاری ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات میں کمی اور آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے اور ہر شہری کو اس قومی فریضے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جاری شجرکاری مہم کے دوران زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں اور ان کی مناسب دیکھ بھال کو بھی یقینی بنائیں تاکہ یہ مہم دیرپا اور مؤثر نتائج دے سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف پودے لگانا کافی نہیں بلکہ ان کی حفاظت اور افزائش بھی یکساں اہم ہے۔کمشنر ہزارہ نے ہدایت کی کہ محکمہ جنگلات کے ساتھ مل کر ڈویژنل سطح پر ایک جامع منصوبہ تشکیل دیا جائے، جس کے تحت پورے ہزارہ ڈویژن میں شجرکاری مہم کو مؤثر انداز میں شروع کیا جائے۔ اس سلسلے میں ایک مخصوص مقام (پیچ) کی نشاندہی بھی کی جائے جہاں یونیورسٹی کے طلبہ کے تعاون سے بڑے پیمانے پر پودے لگائے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے، اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے اور مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے جائیں۔آخر میں انہوں نے کہا کہ تمام ادارے باہمی تعاون سے شجرکاری کو فروغ دیں اور عوام میں اس حوالے سے شعور اجاگر کریں تاکہ خطہ ہزارہ کو سرسبز و شاداب بنایا جا سکے
