ڈاکٹر مہوش قتل کیس: حکومتی وفد کی تعزیت، شفاف تحقیقات اور انصاف کی یقین دہانی

ضلع کوہاٹ میں لیڈی ڈاکٹر مہوش کے اندوہناک قتل کے بعد صوبائی حکومت کے اعلیٰ سطحی وفد نے مرحومہ کے گھر جا کر اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور واقعے کی شفاف تحقیقات کی یقین دہانی کرائی۔ وزیرِ اعلیٰ کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان، صوبائی وزیرِ صحت خلیق الرحمان، صوبائی وزیر آفتاب عالم، چیئرمین ڈیڈک کوہاٹ و رکنِ صوبائی اسمبلی داؤد آفریدی، کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ، ڈپٹی کمشنر کوہاٹ، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال اور دیگر اعلیٰ حکام پر مشتمل وفد نے مرحومہ کے گھر حاضری دی۔ وفد نے مرحومہ کے ایصالِ ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور سوگوار خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اہلِ خانہ کو یقین دلایا گیا کہ حکومت اس اندوہناک واقعے کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی۔ حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان گرفتار کر لئے گئے ہیں اور کیس کی مکمل، غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ خاندان کو ہر ممکن قانونی اور انتظامی معاونت فراہم کی جائے گی اور انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ وفد نے مرحومہ ڈاکٹر مہوش کی پیشہ ورانہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور صوبے میں صحت کے شعبے میں خدمات انجام دینے والے افراد کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔

مزید پڑھیں