خد مات تک بروقت رسائی کے لیے انقلابی اقدام، شکایات کے اندراج کے لیے جدید موبائل ایپ کا اجرا

رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن کی جانب سے عوام کو درپیش مسائل کے فوری اور مؤثر حل کے لیے جدید موبائل ایپ کا باقاعدہ اجرا کر دیا گیا ہے۔ اس ایپ کا مقصد شہریوں کو سرکاری خدمات سے متعلق شکایات کے اندراج، ان کی بروقت پیروی اور شفاف انداز میں حل کی سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ عوام کو دفاتر کے چکر لگانے کی بجائے گھر بیٹھے آسان رسائی حاصل ہو سکے۔یہ موبائل ایپ شہریوں کو ایک سادہ اور صارف دوست پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے جہاں وہ متعلقہ سرکاری ادارے کے خلاف اپنی شکایت چند مراحل میں درج کر سکتے ہیں۔ ایپ کے ذریعے شکایت کی موجودہ صورتحال کو آن لائن ٹریک کیا جا سکتا ہے، جس سے شفافیت اور جوابدہی کو فروغ ملے گا۔ مزید برآں، شہریوں کو شکایت کی پیش رفت سے متعلق بروقت اطلاعات بھی موصول ہوں گی۔ایپ کی نمایاں خصوصیات میں آن لائن شکایت کا اندراج، شکایت کی ٹریکنگ، متعلقہ محکمے کو فوری فارورڈنگ، مقررہ وقت کے اندر کارروائی کی نگرانی، صارف کو نوٹیفکیشنز کی فراہمی، اور شکایت کے حل کے بعد فیڈبیک دینے کی سہولت شامل ہے۔ اس کے علاوہ ایپ میں عوامی خدمات سے متعلق معلومات اور رہنمائی بھی فراہم کی گئی ہے تاکہ شہری اپنے حقوق اور دستیاب خدمات سے آگاہ رہ سکیں۔یہ اقدام نہ صرف عوامی سہولت میں اضافہ کرے گا بلکہ سرکاری اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے، شفافیت کو مضبوط کرنے اور عوام کے اعتماد کو بحال کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن خیبر پختونخوانے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کو معیاری اور بروقت خدمات کی فراہمی کے لیے استعداد کار میں اضافہ، ڈیجیٹل جدت اور شہری مرکز حکمرانی کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

مزید پڑھیں