رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن میں عوامی خدمات کی ڈیجیٹلائزیشن سے متعلق اجلاس

رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن میں عوامی خدمات کی ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت چیف کمشنر محمد علی شہزادہ نے کی۔اجلاس میں کمشنر ذاکر حسین، ڈائریکٹر جنرل کے پی آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر عاکف خان، ڈپٹی ڈائریکٹر شاکر اللہ اور کمیشن کے دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس کا بنیادی مقصد صوبہ خیبر پختونخوا میں عوامی خدمات کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کا جائزہ لینا اور مستقبل کی حکمت عملی پر غور کرنا تھا۔ اس موقع پر ڈاکٹر عاکف خان نے کمیشن کو پانچ سو سے زائد عوامی خدمات کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل پر تفصیلی بریفنگ دی، جس میں اب تک ہونے والی پیش رفت، تکنیکی نظام اور مختلف محکموں کے درمیان ربط پر روشنی ڈالی گئی۔چیف کمشنر محمد علی شہزادہ نے کے پی آئی ٹی بورڈ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن شفافیت، بروقت خدمات کی فراہمی اور انسانی مداخلت میں کمی کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ تمام متعلقہ محکمے باہمی تعاون کے ساتھ کام کریں تاکہ شہریوں کو سہل، تیز اور مؤثر خدمات فراہم کی جا سکیں۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ عوامی خدمات کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو مزید تیز کیا جائے گا اور شہریوں کی سہولت کو اولین ترجیح دی جائے گی۔

مزید پڑھیں