
گورنر خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان، سیاحت، ثقافت اور معدنیات ڈاکٹر سرفراز علی شاہ نے کہا ہے کہ احساس نوجوان پروگرام کو مزید مؤثر، آسان اور عوامی ضروریات سے ہم آہنگ بنانے کیلئے کوشش کی جا رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ اہل نوجوان اور دیگر افراد اس پروگرام سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کا بنیادی مقصد مستحق اور اہل افراد کو آسان شرائط اور اقساط پر قرضوں کی فراہمی کے ذریعے اپنا کاروبار شروع کرنے اور معاشی طور پر خودمختار بننے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے احساس نوجوان پروگرام سے متعلق منعقدہ ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر امور نوجوانان خیبر پختونخوا، چیف ایگزیکٹو آفیسر اخوت مائیکروفنانس، محکمہ خزانہ اور بینک آف خیبر کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں مشیر کو احساس نوجوان پروگرام کے مختلف پہلوؤں، طریقہ کار اور اب تک کی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ مشیر کو پروگرام کے پس منظر، اغراض و مقاصد، قرضوں کے حصول کیلئے مقررہ اہلیت اور شرائط، درخواستوں کی منظوری کے طریقہ کار، قرضوں کی فراہمی اور اقساط کی ادائیگی کے نظام کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔بریفنگ میں پروگرام کے تحت اب تک قرضوں سے مستفید ہونے والے افراد کی تعداد، فراہم کردہ سہولیات اور پروگرام کے عملی نتائج سمیت دیگر اہم امور کا بھی جائزہ پیش کیا گیا۔ڈاکٹر سرفراز علی شاہ نے کہا کہ نوجوان کسی بھی معاشرے کا قیمتی سرمایہ اور ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ نوجوانوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانے، ان میں کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے ایسے پروگرامز بہت اہمیت کے حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسان اقساط پر قرضوں کی فراہمی سے نوجوان نہ صرف اپنا کاروبار شروع کر سکتے ہیں بلکہ دوسروں کیلئے بھی روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔مشیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ احساس نوجوان پروگرام کو مزید بہتر بنانے کیلئے قابل عمل تجاویز مرتب کی جائیں انہوں نے کہا کہ احساس نوجوان پروگرام کو مزید فعال اور نتیجہ خیز بنانے کیلئے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو کاروبار کے بہتر مواقع میسر آئیں اور صوبے میں معاشی سرگرمیوں اور خود روزگاری کو فروغ حاصل ہو۔
