سیکریٹری کھیل و امورِ نوجوانان خیبر پختونخوا سعادت حسن اور ڈائریکٹر امورِ نوجوانان ڈاکٹر نعمان مجاہد کی خصوصی ہدایات پر صوبے کے مختلف اضلاع میں روزانہ کی بنیاد پر نوجوانوں کے لیے تربیتی و آگاہی سیشنز منعقد کیے جا رہے ہیں

سیکریٹری کھیل و امورِ نوجوانان خیبر پختونخوا سعادت حسن اور ڈائریکٹر امورِ نوجوانان ڈاکٹر نعمان مجاہد کی خصوصی ہدایات پر صوبے کے مختلف اضلاع میں روزانہ کی بنیاد پر نوجوانوں کے لیے تربیتی و آگاہی سیشنز منعقد کیے جا رہے ہیں جن میں بڑی تعداد میں نوجوان شرکت کر رہے ہیں۔اس حوالے سے ترجمان محکمہ امورِ نوجوانان خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں محکمہ امورِ نوجوانان کے دفاتر کی جانب سے نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور اُن کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے مختلف نوعیت کے سیمینارز، ورکشاپس اورسکل ٹریننگ پروگرامز تسلسل کے ساتھ منعقد کیے جا رہے ہیں۔ ان سرگرمیوں سے نوجوان نہ صرف عملی مہارتیں حاصل کر رہے ہیں بلکہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھی نکھار رہے ہیں۔ترجمان کے مطابق ان اقدامات کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو روزگار کے مواقعوں کے لیے تیار کرنا، اُن میں خود اعتمادی پیدا کرنا اور اُنہیں مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے تاکہ وہ معاشرے کے فعال اور باکردار شہری بن سکیں۔ان پروگراموں میں کیریئر گائیڈنس، ڈیجیٹل اسکلز، لیڈرشپ ڈیویلپمنٹ، کمیونیکیشن اسکلز، انٹرپرینیورشپ اور سوشل ایکٹیویزم جیسے موضوعات پر تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ محکمہ امورِ نوجوانان کا مقصد نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور اُنہیں قومی ترقی کے عمل میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ہے۔ترجمان نے کہا کہ یہ تمام سرگرمیاں سیکریٹری اور ڈائریکٹر امورِ نوجوانان کے وژن کا حصہ ہیں جن کی قیادت میں محکمہ صوبے بھر کے نوجوانوں کے لیے بہتر مواقع پیدا کرنے اور اُن کے روشن مستقبل کی راہ ہموار کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔

مزید پڑھیں