35ویں نیشنل گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے براونز میڈل حاصل کرنے والی خیبر پختونخوا ویمن کبڈی ٹیم کے اعزاز میں گورنمنٹ سٹی گرلز ڈگری کالج گلبہار میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کا مقصد قومی سطح پر صوبے کا نام روشن کرنے والی خواتین کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور طالبات میں کھیلوں کے فروغ کے جذبے کو اجاگر کرنا تھا۔تقریب کی مہمانِ خصوصی گورنمنٹ سٹی گرلز ڈگری کالج کی پرنسپل پروفیسر رابعہ سکندر تھیں۔ تقریب میں صوبائی کبڈی ایسوسی ایشن کے صدر ارباب نصیر احمد خان، سیکرٹری سید سلطان بری، صوبائی تھرو بال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ارشد حسین، ڈائریکٹر سپورٹس نجمہ ناز قاضی اور کالج کی بڑی تعداد میں طالبات نے شرکت کی۔تقریب کے دوران 35ویں نیشنل گیمز کی میڈلسٹ خیبر پختونخوا ویمن کبڈی ٹیم کی کھلاڑیوں کو خصوصی طور پر تیار کردہ شیلڈز اور میڈلز پہنائے گئے اور ان کی قومی سطح پر خدمات اور شاندار کارکردگی کو سراہا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر رابعہ سکندر نے کہا کہ نیشنل گیمز میں خیبر پختونخوا کی خواتین کبڈی کھلاڑیوں نے جرات، مہارت اور اعلیٰ کھیل کا مظاہرہ کر کے صوبے کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط ڈیپارٹمنٹل اور صوبائی ٹیموں کے خلاف کامیاب مقابلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ خیبر پختونخوا کی خواتین کھلاڑی کسی سے کم نہیں۔ اگر انہیں بہتر سہولیات، مسلسل کوچنگ اور سرپرستی فراہم کی جائے تو یہ کھلاڑی مستقبل میں گولڈ میڈلز بھی حاصل کر سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے تعلیم کے ساتھ ساتھ جسمانی، ذہنی اور اخلاقی تربیت میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں، اور کھیل طالبات میں اعتماد، نظم و ضبط اور قیادت کی صلاحیتیں پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گورنمنٹ سٹی گرلز ڈگری کالج گلبہار طالبات کو کھیلوں کے میدان میں آگے لانے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔ڈائریکٹر سپورٹس نجمہ ناز قاضی نے کہا کہ یہ کالج کے لیے فخر کا مقام ہے کہ خیبر پختونخوا ویمن کبڈی ٹیم کی اکثریتی کھلاڑیوں کا تعلق سٹی گرلز ڈگری کالج سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبات میں کھیلوں کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے اور کالج انتظامیہ کھیلوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔تقریب سے صوبائی کبڈی ایسوسی ایشن کے صدر، جنرل سیکرٹری، اور صوبائی تھرو بال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری نے۔بھی خطاب کیا۔
