نیشنل گیمز کی اولمپک ٹارچ حوالگی کے سلسلے میں قیوم اسپورٹس کمپلیکس پشاور میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امورنوجوانان تاج محمد خان ترند تھے۔تقریب میں خیبرپختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ذوالفقار بٹ، سابق صوبائی وزیر عاقل شاہ، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی،تقریب میں خیبرپختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ذوالفقار بٹ نے اولمپک ٹارچ کو صوبائی مشیر کھیل تاج محمد خان ترند کے حوالے کی، جس کے بعد انہوں نے یہ مشعل باضابطہ طور پر آزاد جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس کے سپرد کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر کھیل تاج محمد ترند نے کہا کہ خیبرپختونخوا کا 480 کھلاڑیوں اور آفیشلز پر مشتمل دستہ کراچی میں ہونے والے 35ویں نیشنل گیمز میں بھرپور تیاری کے ساتھ شرکت کرے گا۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں اور ہر موقع پر انہوں نے قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔تاج محمد ترند نے نیشنل گیمز میں پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے انعامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑی کو 3 لاکھ روپے،سلور میڈل جیتنے والے کو 2 لاکھ روپے اور برانز میڈل جیتنے والے کو 1 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور اسی مقصد کے تحت صوبے بھر میں اسپورٹس انفراسٹرکچر کی بہتری کے متعدد منصوبے جاری ہیں۔ مشیر کھیل نے مزید کہا کہ قیوم اسپورٹس کمپلیکس میں نئے ایتھلیٹکس ٹریک کی تکمیل کے لیے کام تیزی سے جاری ہے،تاج محمد ترند نے بتایا کہ رواں سال خیبرپختونخوا گیمز بھی منعقد کیے جائیں گے جن میں 5 ہزار سے زائد کھلاڑی مختلف ایونٹس میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ محنت، لگن اور عزم کے ساتھ میدان میں اتریں اور صوبے کے لیے زیادہ سے زیادہ میڈلز جیت کر اپنے صوبے کا نام روشن کریں۔تقریب سے سابق صوبائی وزیر کھیل اور سابق صدر خیبرپختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن سید عاقل شاہ نے بھی خطاب کیا۔
