وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امور نوجوان تاج محمد خان ترند نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو روزگار کے مواقع دینے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے۔بانی چیرمین عمران خان کے وژن اور وزیر اعلیٰ سہیل خان آفریدی کی قیادت میں صوبائی حکومت نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کیلئے سنجیدہ ہے۔مجوزہ خیبر پختونخوا یوتھ پالیسی 2026-36 کے نفاذ کیلئے نوجوانوں سے انکی رائے لینے کیلئے مختلف یونیورسٹیز اور دیگر مقامات پر تفصیلی نشست ہوں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز سیکرٹری سپورٹس کے دفتر میں منعقدہ مجوزہ یوتھ پالیسی خیبر پختونخوا کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری کھیل و امور نوجوانان محمد آصف،ڈائریکٹر یوتھ افئیرز ڈاکٹر نعمان مجاہد،مسز ماہ جبین قاضی، صوبائی کوآرڈینیٹر,اطہر اقبال پروگرام اینالسٹ اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔حکام نے مشیر کھیل کو خیبر پختونخوا یوتھ پالیسی کے نفاذ،چیلنجز،اٹھائے گئے اقدامات اور دیگر مقاصد بارے تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے تاج محمد خان ترند کو صوبہ میں یوتھ ڈویلپمنٹ کمیشن کے قیام،ڈائریکٹر یٹ آف یوتھ افئیز کو فعال کرنے،ڈیجیٹل لٹریسی اور ضم اضلاع میں جوان مرکز،انٹر نیٹ سہولیات،صحت مند معاشرہ کے قیام،اضلاع میں یوتھ کونسل کے قیام،کاروبار کے نئے مواقع اور دیگر یوتھ رضا کار فورس کے قیام بارے تفصیلی طور آگاہ کیا۔مشیر کھیل تاج محمد خان ترند نے حکام سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور سماجی تنظیموں کیساتھ ہر ممکن تعاون کریگی۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے جاری سالانہ ترقیاتی کاموں کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ تاج محمد خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا یوتھ پالیسی کے نفاذ کیلئے نوجوانوں کیساتھ مختلف فورم پر بیٹھیں گے اور مجوزہ پالیسی کے حوالے سے انکی رائے پالیسی کا حصہ بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ یوتھ ہمارے ملک اور صوبہ کا اہم اثاثہ ہیں اور پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت اوورسیز پاکستانیوں کواپنا اہم اثاثہ سمجھتی ہے۔خیبر پختونخوا کے یوتھ کو روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھارہے ہیں۔
