وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان کا زمونگ کور ماڈل سکول کا دورہ اور طلبہ سے خطاب

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان تاج محمد خان ترند نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت زمونگ کور ماڈل سکول کے بچوں کو ہر قسم کی سہولیات اور مکمل تعاون فراہم کرے گی تاکہ وہ ایک بہتر اور روشن مستقبل کی جانب گامزن ہو سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں قائم زمونگ کور ماڈل سکول میں طلباء کیلئے محکمہ کھیل کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ یتیم اور مستحق بچوں کو مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ایک خوش آئند اقدام ہے اور یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔مشیر کھیل و امور نوجوانان نے کہا کہ زمونگ کور اور خپل کور ماڈل سکول کے بچوں کے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، ضرورت صرف درست رہنمائی اور مواقع فراہم کرنے کی ہے۔تاج محمد خان ترند نے مزید بتایا کہ محکمہ کھیل بہت جلد انٹر مدارس، اقلیتی اور ٹرانس جینڈرسپورٹس کیمپس منعقد کر رہا ہے تاکہ معاشرے کے تمام طبقات کو یکساں مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ محکمہ کھیل زمونگ کور کے بچوں کو تمام ضروری سہولیات اور تعاون فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں تحصیل کی سطح پر پلے گراؤنڈز تعمیر کیے جا رہے ہیں تاکہ نچلی سطح پر کھیلوں کو فروغ دیا جا سکے۔تقریب کے آخر میں انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان کے وژن اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی قیادت میں صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو بحال اور مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔اس موقع پر سیکرٹری کھیل محمد آصف،ڈی جی کھیل تاشفین حیدر اور محکمہ کھیل و امور نوجوانان کے دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔

مزید پڑھیں