
گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے معدنیات، کھیل و امور نوجوانان، سیاحت وثقافت ڈاکٹر سید سرفراز علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے کے معدنی وسائل کو خام حالت میں بیرون ملک بھیجنے کے بجائے مقامی سطح پر پراسیس کرنے کا نظام متعارف کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے، جس سے صنعتی ترقی، سرمایہ کاری اور روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔
ریڈیو پاکستان پشاور کے سپیشل پوڈ کاسٹ پروگرام میں انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مائنز اینڈ منرلز کے شعبے میں بنیادی تبدیلی لانے کے لیے اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔ معدنیات کی مقامی پراسیسنگ سے نہ صرف صوبے کی معیشت مضبوط ہوگی بلکہ مقامی آبادی، نوجوانوں اور صنعتوں کو براہ راست اور بالواسطہ معاشی فوائد بھی حاصل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں قدرتی وسائل کے ساتھ سیاحت، کھیل، ثقافت اور آثار قدیمہ کے شعبوں میں بھی بے پناہ استعداد موجود ہے۔ حکومت ان تمام وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لا کر صوبے کو معاشی سرگرمیوں کا مرکز بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ سیکورٹی کے مسائل سے متاثرہ اضلاع اور پُرامن سیاحتی علاقوں کو ایک ہی نظر سے نہیں دیکھا جا سکتا۔ جہاں سیکورٹی چیلنجز موجود ہیں وہاں خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ سوات، دیر، چترال اور کاغان سمیت پُرامن علاقوں میں سیاحت، کھیلوں اور سرمایہ کاری کی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا۔انہوں مزید کہا کہ صوبے میں ملکی سیاحوں، سرمایہ کاروں اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، کیونکہ مقامی سیاحت اور سرمایہ کاری کو فروغ دے کر معاشی سرگرمیوں کا مؤثر سلسلہ شروع کیا جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پشاور کے ثقافتی ورثے، عجائب گھروں، موسیقی اور تاریخی مقامات کی بحالی پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔ پشاور میوزیم کو دوبارہ فعال بنانے، قصہ خوانی بازار اور گھنٹہ گھر کے اطراف پیدل چلنے والوں کے لیے موزوں سیاحتی زون بنانے کی تجاویز پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وسائل کو عوام کی خوشحالی، نوجوانوں کے روزگار اور صوبے کی پائیدار معاشی ترقی کے لیے استعمال کرنا حکومت کا بنیادی مقصد ہے۔
