ضم شدہ اضلاع کی لڑکیوں کے لیے مالم جبہ میں تاریخی گرلز سکیئنگ و اسنو بورڈنگ کیمپ کا انعقاد

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امورنوجوانان تاج محمدترند نے کہا ہے کہ ضم شدہ اضلاع (سابقہ فاٹا) سے تعلق رکھنے والی بچیوں کے لیے مالم جبہ کی برف پوش ڈھلوانوں پر گرلز سکیئنگ اورسنو بورڈنگ کیمپ کا انعقاد ایک تاریخی اور خوش آئند اقدام ہے، جو نہ صرف کھیلوں کے فروغ بلکہ صحت مند سرگرمیوں کی جانب اہم قدم ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے ڈائریکٹوریٹ آف اسپورٹس ضم شدہ اضلاع کے زیر اہتمام منعقدہ تین روزہ کیمپ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر کیا، کھیلو ں میں ضم شدہ اضلاع سے تعلق رکھنے والی 34 باہمت اور پُرعزم نوجوان لڑکیوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے تاج محمدترند نے کہا کہ یہ اقدام محض کھیل تک محدود نہیں بلکہ ضم اضلاع کی خواتین کو مواقع کے دائرہ کار کو وسعت دینے، سرمائی کھیلوں کے تعارف اور قدامت پسند علاقوں کی لڑکیوں کو اعتماد اور خودمختاری فراہم کرنے کی عملی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیمپ اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر مناسب مواقع فراہم کیے جائیں تو ہماری بچیاں ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتی ہیں۔مشیر کھیل نے مالم جبہ اسکی ریزورٹ، جو پاکستان کا واحد سرکاری اسکی ریزورٹ ہے، کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا قدرتی وسائل اور برف پوش پہاڑوں سے مالا مال صوبہ ہے، جہاں سرمائی کھیلوں کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ حکومت مستقبل میں بھی ایسے پروگرامز کے انعقاد کے ذریعے نوجوانوں بالخصوص خواتین کو کھیلوں کی جانب راغب کرتی رہے گی۔واضح رہے کہ کیمپ کی تکنیکی معاونت سمر کیمپ کی جانب سے فراہم کی گئی، جوپیشہ ور خاتون سمر کی نگرانی میں منعقد ہوا۔ سمر خیبر پختونخوا کی پہلی پیشہ ور خاتون سنو بورڈر اور پاکستان کی بین الاقوامی نمائندہ ہیں، جنہوں نے کوچ اور مینٹور کی حیثیت سے شرکاء کی بھرپور رہنمائی کی۔

مزید پڑھیں