وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل تاج محمد خان ترند سے خیبر پختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔وفد کی قیادت سید عاقل شاہ کر رہے تھے، جبکہ وفد میں ہارون ظفر، ذوالفقار علی بٹ، قمر زمان اور سہیل بن قیوم بھی شامل تھے۔ملاقات میں سیکرٹری کھیل اور امورِ نوجوانان محمد آصف اور ڈائریکٹر جنرل کھیل تاشفین حیدر بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران صوبے میں کھیلوں کے فروغ، کھلاڑیوں کی بہبود اور متعلقہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
خیبر پختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کے وفد نے صوبائی مشیر کی توجہ ایسوسی ایشنز کی پانچ سال سے بند گرانٹس کی طرف مبذول کرائی۔ وفد نے بتایا کہ گرانٹس کی عدم ادائیگی کی وجہ سے کھلاڑی مختلف قومی و بین الاقوامی ایونٹس میں صوبے کی نمائندگی کرتے ہوئے شدید مالی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر تاج محمد خان ترند نے وفد کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی تمام ایسوسی ایشنز کی زیر التواء گرانٹس ادا کر دی جائیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل گیمز میں میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کے لیے کیش انعامات کا اعلان بھی کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں جلد ہی ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں تمام میڈل ونرز کو نقد انعامات سے نوازا جائے گا۔ملاقات کے اختتام پر خیبر پختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کے وفد نے مشیر تاج محمد خان ترند کا شکریہ ادا کیا اور ان کے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔
