سیکرٹری اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا محمد بختیار خان اور ڈائریکٹر جنرل اطلاعات و تعلقات عامہ محمد عمران کی ہدایت پر ریجنل انفارمیشن آفیسر سوات خان سرور وزیر نے انجینئر اکرام الدین یوسفزئی کے ہمراہ سوات پریس کلب کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سوات پریس کلب اور سوات یونین آف جرنلسٹس کی نو منتخب کابینہ اور گورننگ باڈی کے عہدیداروں کو کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی۔ریجنل انفارمیشن آفیسر نے نو منتخب چیئرمین سوات پریس کلب فضل رحیم خان، جنرل سیکرٹری عدنان باچا، جوائنٹ سیکرٹری عبدالسلام، فنانس سیکرٹری افتخار علی،ڈپٹی جنرل سیکرٹری سوات یونین آف جرنلسٹس خواجہ عرفان، نائب صدر شیراز خان اور گورننگ باڈی کے ممبران شیرین زادہ اور فضل خالق خان کو گلدستے پیش کیے اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سینئر صحافی غفور خان عادل، حضرت بلال، ناصر عالم، شفیع اللہ، شاہ اسد علی اور دیگر صحافی برادری بھی موجود تھی۔ریجنل انفارمیشن آفیسر سوات خان سرور وزیر نے اس موقع پر کہا کہ صحافی معاشرے کا اہم ستون ہیں اور عوامی مسائل کی بروقت نشاندہی میں ان کا کردار قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نو منتخب کابینہ صحافتی اقدار کے فروغ اور صحافی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا صحافیوں کو درپیش مسائل سے آگاہ ہے اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کرینگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم صحافیوں کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان کے لیے ہمارے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ صحافی برادری کو اپنا مضبوط شراکت دار سمجھتا ہے انہوں نے کہا کہ آزاد، ذمہ دار اور باخبر صحافت ہی مضبوط جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے۔ نو منتخب عہدیداران نے دورے پر ریجنل انفارمیشن آفیسر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
