وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل وامور نوجوانان تاج محمد خان ترند نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین عمران خان کے وژن اور پارٹی منشور کے مطابق نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ یہ ایک ناقابلِ تردید حقیقت ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف واحد جماعت ہے جس نے نوجوانوں کو حقیقی معنوں میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز ینگ لیڈرز پارلیمنٹ تنظیم کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔مشیر کھیل نے مزید کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت تعلیم کے فروغ کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ نوجوان جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکیں۔ بدقسمتی سے فارم 47 کے بعد ملک کو شدید معاشی مشکلات، مہنگائی اور بے روزگاری کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے برعکس مرکز میں عمران خان کی قیادت میں معیشت ترقی کی راہ پر گامزن تھی، جہاں جی ڈی پی گروتھ 6 فیصد تک پہنچ گئی اور ریکارڈ ترقی ہوئی۔تاج محمد خان نے کہا ہے کہ کورونا جیسے عالمی بحران کے دوران بھی عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے نہ صرف معیشت کو سنبھالا بلکہ ترقی کا سفر جاری رکھا، جبکہ دنیا کے کئی ترقی یافتہ ممالک اس بحران سے نہ نکل سکے۔ بعد ازاں پی ڈی ایم کے دورِ حکومت میں مہنگائی میں بے پناہ اضافہ ہوا اور ملک ڈیفالٹ کے دہانے تک پہنچ گیاتھا۔انکا مزید کہنا تھا آج بے روزگاری کے باعث نوجوان ملک چھوڑنے پر مجبور ہو رہے ہیں، جس کا ادراک کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت نوجوانوں کے لیے روزگار کے مختلف مواقع پیدا کر رہی ہے۔ حکومت نوجوانوں کو کاروبار کے لیے بلا سود قرضے فراہم کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں وزیرِ اعلیٰ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ نوجوانوں کے لیے قرضہ اسکیم کی رقم تین ارب روپے سے بڑھا کر پانچ ارب روپے کی جائے۔تاج محمد خان ترند کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت جلد ایک نئی یوتھ پالیسی متعارف کروا رہی ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہے۔ اس پالیسی کی تیاری میں نوجوانوں کی آراء کو شامل کیا جائے گا تاکہ فیصلے زمینی حقائق کے مطابق ہوں۔مشیر کھیل نے کہا ہے خیبرپختونخوا حکومت حقیقی معنوں میں نوجوانوں کی حکومت ہے، اور وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں صوبہ تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
