یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) مردان میں “این ایف سی شیئر اور خیبر پختونخوا کو درپیش چیلنجز” کے موضوع پر ایک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
سیمینار میں ای جرگہ کے بانی اور گورننس و ادارہ جاتی اصلاحات کے ماہر نور محمد اور یونیورسٹی آف ملاکنڈ کے چیئرمین شعبہ سیاسیات پروفیسر ڈاکٹر مراد علی نے خصوصی لکچرز دئیے۔
اس سیمینار کا مقصد قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کی اہمیت اجاگر کرنا اور خصوصاً سابق قبائلی اضلاع کے انضمام کے بعد خیبر پختونخوا کو درپیش مالی و انتظامی چیلنجز پر روشنی ڈالنا تھا۔ مقررین نے مالی منصوبہ بندی، وسائل کی تقسیم، حکومتی ڈھانچوں اور خطے کی پائیدار ترقی کی حکمتِ عملیوں پر تفصیلی پریزنٹیشنز دیں۔
طلبہ، اساتذہ اور محققین نے بھرپور حصہ لیتے ہوئے بین الصوبائی مالی عدم مساوات، ترقیاتی ترجیحات اور شواہد پر مبنی پالیسی سازی کی فوری ضرورت کے حوالے سے مفید بحث میں حصہ لیا۔
مقررین نے ادارہ جاتی صلاحیت میں اضافے، بہتر حکمرانی کے نظام اور اسٹریٹجک منصوبہ بندی اپنانے پر زور دیا تاکہ صوبے کو درپیش سماجی و اقتصادی مسائل کا بہتر حل نکالا جا سکے۔
آخر میں یونیورسٹی انتظامیہ نے مہمان مقررین کے قیمتی خیالات کو سراہا اور طلبہ میں گورننس اور پبلک پالیسی سے متعلق آگاہی بڑھانے کے لیے مستقبل میں بھی ایسے سیشنز کے انعقاد کے عزم کا اظہار کیا۔
