یونیسف کے تعاون سے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر خیبر پختونخوا اسمبلی میں ایک خصوصی اور معلوماتی سیشن منعقد ہوا، جس میں مختلف نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ سیشن میں خصوصی بچوں نے بھی اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرتے ہوئے مکالموں کے مختلف پہلو پیش کیے، جنہیں شرکاء نے بے حد سراہا۔اس موقع پر طالبات کی جانب سے ایک علامتی اسمبلی اجلاس بھی منعقد کیا گیا جو جرگہ ہال میں اپوزیشن اور حکومتی اراکین کے طرز پر مکمل پارلیمانی طریقہ کار کے مطابق چلایا گیا۔ طلبہ نے سپیکر، وزراء، اپوزیشن ارکان اور دیگر اہم پارلیمانی کردار ادا کرتے ہوئے قانون سازی اور ایوانی کارروائی کا عملی تجربہ حاصل کیا۔تقریب میں معاون خصوصی برائے فنانس مزمل اسلم، چیف فیلڈ آفیسر یونیسف مسٹر رادِک، سپیشل سیکرٹری ایڈمن خیبر پختونخوا اسمبلی سید وقار شاہ، سابق رکن اسمبلی عائشہ بانو اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔سپیشل سیکرٹری ایڈمن سید وقار شاہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کے وژن اور رہنمائی کے تحت نوجوانوں کو پارلیمانی نظام، قانون سازی کے عمل اور جمہوری اقدار سے روشناس کرانے کے لیے سٹڈی ٹورز اور تعلیمی سیشنز کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے۔انہوں نے یونیسف کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام نہ صرف طلبہ کی حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنتے ہیں بلکہ ان میں قائدانہ صلاحیتیں، خود اعتمادی اور جمہوری شعور کو بھی فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یونیسف مستقبل میں بھی اسی طرح کے مثبت اور تعمیری ایونٹس کے انعقاد میں اپنا کردار جاری رکھے گا۔آخر میں شرکاء کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں جبکہ طلبہ نے اسمبلی کا عملی تجربہ حاصل کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔
