خیبر پختونخوا کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن نے چیئرپرسن ڈاکٹر سمیرا شمس کی سربراہی میں خواتین کو بااختیار بنانے کی پالیسی 2026تا2030 کا حتمی مسودہ تیار کر لیا ہے، جسے سمری کے ذریعے کابینہ سے منظوری کے بعد 12 فروری کو قومی یومِ خواتین کے موقع پر باضابطہ طور پر شروع کیا جائے گا۔خیبر پختونخوا کمیشن آن دی اسٹیٹس آف وومن کے تحت ویمن ایمپاورمنٹ پالیسی 2026-30 کے لیے قائم ٹیکنیکل کمیٹی کا اجلاس بدھ کے روز کمیشن کے دفتر پشاور میں منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت چیئرپرسن خیبر پختونخوا کمیشن آن دی سٹیٹس آف وومن ڈاکٹر سمیرا شمس نے کی۔اجلاس میں ٹیکنیکل کمیٹی کے اراکین عائشہ بانو، لوکل گورنمنٹ کمیٹی ممبر،اکرام اللہ خان بورڈ م ممبرکے پی سی ایس ڈبلیو،شازیہ عطا،سیکرٹری وومن کمیشن،سیدہ ندرت سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ،زینب خان یو این وومن ہیڈ کے پی،اور دیگر نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ویمن ایمپاورمنٹ پالیسی2026-30کی مسودہ رپورٹ پر تفصیلی پریزنٹیشن دی گئی، جس کے بعد اراکین کی آراء اور تجاویز لی گئیں۔ اجلاس میں پالیسی کے مختلف پہلوؤں، اہداف، نفاذ کے طریقہ کار اور ادارہ جاتی کردار پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا تاکہ صوبے میں خواتین کی سماجی، معاشی اور سیاسی شمولیت کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ مجوزہ ویمن ایمپاورمنٹ پالیسی صوبائی سطح پر نافذ دیگر پالیسیوں اور آئینِ پاکستان سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہے۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ پالیسی کے نفاذ سے ہر عمر کی خواتین کے خلاف صنفی امتیاز میں نمایاں کمی آئے گی، جبکہ خواتین کو انصاف کے حصول میں سہولت اور اداروں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی بھی ممکن ہو سکے گی۔اجلاس میں مجوزہ پالیسی کے تحت مروجہ قوانین کی روشنی میں خواتین کے وراثتی حقوق کے تحفظ اور ضمانت کے حوالے سے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ صوبائی کابینہ سیٹ اپ، لوکل گورنمنٹ باڈیز، سالانہ بجٹ، کنسلٹیٹو فورمز، قائمہ کمیٹیوں اور منصوبہ بندی کے عمل میں خواتین کی نمائندگی کو پالیسی کا حصہ بنانے کے حوالے سے تجاویز پیش کی گئیں۔مزید بتایا گیا کہ مجوزہ پالیسی کے تحت سرکاری خدمات تک خواتین کی مؤثر رسائی، خواتین کے حقوق اور معاشی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ اس کے شارٹ ٹرم، مڈ ٹرم اور لانگ ٹرم ثمرات مرتب ہوں گے، جو صوبے میں خواتین کی مجموعی فلاح و بہبود اور بااختیاری میں اہم کردار ادا کریں گے۔اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ مجوزہ ویمن ایمپاورمنٹ پالیسی ٹیکنیکل کمیٹی کی منظوری کے بعد متعلقہ محکموں سے توثیق حاصل کی جائے گی اور بعد ازاں اسے صوبائی کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ پالیسی کو عالمی یومِ خواتین کے موقع پر باضابطہ طور پر لانچ کرنے کا منصوبہ ہے۔صوبائی حکومت کے ویمن ایمپاورمنٹ وژن کے مطابق اور چیئرپرسن ڈاکٹر سمیرا شمس کی قیادت میں، خیبر پختونخوا کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن نے قلیل مدت، یعنی صرف تین ماہ کے دورانیہ میں ایک اہم سنگِ میل عبور کیا۔ جس کے مثبت نتائج صوبے میں خواتین کے حقوق کے فروغ کی صورت میں سامنے آئینگے۔
