خیبر پختونخوا کمیشن ان دے سٹیٹس آف ویمن کی چیئرپرسن ڈاکٹر سمیرا شمس کی سربراہی مؤثر اقدامات کا آغاز کیا جاچکا ہے جس کے تحت وویمن کمیشن نے صوبے کے 26 اضلاع میں ڈسٹرکٹ کمیٹیز آن دی اسٹیٹس آف ویمن کے نوٹیفکیشن جاری کر دئے ہیں، جو خواتین کی قیادت اور نمائندگی کی جانب ایک تاریخی قدم ہے۔یہ پیش رفت اس لیے بھی غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے کہ وومن کمیشن کا قانون 2010 میں منظور ہوا تھا اور طویل عرصے بعد پہلی مرتبہ ضلعی سطح پر اس پر عملدرآمد ممکن بنانے کے لئے ضلعی سطح پر اقدامات کا آغاز کیا گیا ہے۔ ان کمیٹیوں کے قیام سے خواتین کے مسائل کی نگرانی، مؤثر رابطہ کاری اور بروقت حل کے لیے ایک ضلعی سطح پر نظام قائم ہوگا۔ ڈاکٹر سمیرا شمس نے اس حوالے سے کہا ہے کہ یہ تمام اقدامات صوبائی حکومت کے وژن کے مطابق طے کیے جا رہے ہیں، جن کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانا، ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا اور انہیں قومی ترقی کے عمل میں مؤثر کردار دینا ہے۔ڈاکٹر سمیرا شمس نے سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ اور خواتین کمیشن کی پوری ٹیم کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا، جنہوں نے اس پورے عمل میں انتھک محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس اہم اقدام کو ممکن بنایا۔
